Inquilab Logo

ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں مسلسل کمی

Updated: December 21, 2022, 12:50 PM IST | New delhi

ٹیلی فون ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا کے مطابق ستمبر میں ۳۶؍ لاکھ جبکہ اکتوبر میں ۱۸؍ لاکھ صارفین نے موبائل سے دوری اختیار کی، البتہ جیو کے صارفین کی تعداد میں اضافہ

Is the public`s interest in mobile phones decreasing or is it the effect of inflation? (File Photo)
کیا عوام کی موبائل میں دلچسپی کم ہو رہی ہے یا یہ مہنگائی کا اثر ہے ؟( فائل فوٹو)

ملک میں موبائل صارفین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ ٹیلی فون ریگولیٹری اتھاریٹی  آف انڈیا (ٹرائی) کے مطابق  ملک میں گزشتہ ۲؍ ماہ کے دوران تقریباً ۵۴؍ لاکھ لوگوں نے موبائل سے دوری اختیار کر لی ہے۔ اس طرح ۲۰۲۲ء  کے آخر  میں ملک میں موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد ۱۱۴ء۳۶؍کروڑ روہ گئی ہے جبکہ اگست کے مہینے میں یہ تعداد  ۱۱۴ء۹۱؍ کروڑ تھی۔  یہ تبدیلی اچانک نہیں آئی ہے بلکہ گزشتہ مہینے بھی لاکھوں افراد نے موبائل کا استعمال ترک کیا تھا۔ ستمبر کے مہینے میں ۳۶ء۶۴؍ لاکھ افراد نے موبائل سے دوری اختیار کی تھی ۔ اس طرح ستمبر میں موبائل صارفین کی تعداد ۱۱۴ء۵۴؍ ہو گئی تھی۔ یعنی اکتوبر میں کم ہونے والے صارفین کی تعداد ۱۸ء۱۳؍ لاکھ رہی۔ 
جیو اور ایئر ٹیل کے صارفین کی تعداد میں اضافہ
 فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ صارفین کے موبائل سے دوری اختیار کرنے کی وجہ کیا ہے۔ ممکن ہے مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری اس کی ایک وجہ ہو لیکن اگر ٹرائی کی رپورٹ کے مطابق اس دوران جیو  اور ایئر ٹیل کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ موبائل مارکیٹ میں جیو کا دبدبہ برقرا ر ہے کیونکہ اس نے سب سے زیادہ صارفین کو اپنے نیٹ ورک میں شامل کیا ہے۔ اکتوبر میں ۱۴ء۱۴؍ لاکھ صارفین نے جیو  نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد جیو کے صارفین کی تعداد ۴۲ء۱۳؍ کروڑ تک پہنچ گئی۔ وہیں ۸ء۵؍ لاکھ افراد  نے  بھارتی ایئر ٹیل کے نیٹ ورک میں شامل ہوئے ہیں ۔ اس کے بعد ایئر ٹیل کے صارفین کی تعداد ۳۶ء۵۰؍ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
 ووڈا فون ۔ آئیڈیا کے صارفین میں کمی
 دوسری طرف ووڈافو۔ آئیڈیا کے صارفین کی تعداد میں مسلسل کمی آتی جا رہی ہے۔اکتوبر کے مہینے میں ۳۵ء۰۹؍ لاکھ صارفین نے ووڈافون کا نیٹ ورک ترک کر دیا جس کے بعداس کے صارفین کی تعداد ۲۴ء۵۶؍ کروڑ رہ گئی ہے۔ اسی طرح بی ایس این ایل کے صارفین کی تعداد بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ اکتوبر میں بی ایس این ایل کے صارفین کی تعداد میں  ۵ء۹۲؍  کی کمی آئی ہے جس کے بعد اس کے صارفین کی تعداد ۱۰ء۸۶؍ لاکھ رہ گئی ہے۔ یاد رہے کہ صارفین کی کمی بیشی کے باعث کسی موبائل نیٹ ورک کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں بھی کمی بیشی ہوتی ہے۔ اس کے شیئر کے داموں میں فرق آجاتا ہے۔ 
 مارکیٹ میں حصہ داری
 صارفین کی بڑھتی تعداد کے باعث ظاہر ہے کہ جیو کے کاروبار میں بھی ترقی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں اس کی حصہ داری بڑھ گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق اس وقت جیو کی مارکیٹ میں حصہ داری ۳۶ء۸۵؍ ہو گئی ہے۔اس سے پہلے جیو کا ۳۶ء۴۸؍ فیصد مارکیٹ پر قبضہ تھا۔ یعنی کچھ ہی دنوں میں جیو کی حصہ داری ۰ء۳۷؍ فیصد بڑھ گئی ہے۔ ادھر ایئر ٹیل نے بھی  اپنی حصے داری میں اضافہ کیا ہے۔ کچھ دنوں پہلے تک ایئر ٹیل کی مارکیٹ میں حصہ داری ۳۱ء۸۰؍ فیصد تھی جو بڑھ کر ۳۱ء۹۲؍ فیصد ہو گئی ہے۔ دوسری طرف ووڈافون۔ آئیڈیا کی مارکیٹ  میں حصہ داری مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق  پہلے ووڈافون۔ آئیڈیا کی مارکیٹ میں حصہ داری ۲۷ء۷۵؍ فیصد تھی جو اب کم ہو کر ۲۷ء۴۸؍ فیصد رہ گئی ہے۔  یعنی مارکیٹ میں اس کی حصہ داری ۰ء۲۷؍ فیصد کم ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK