• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

COP31 اجلاس: نمائش کے ذریعے غزہ کی تباہی اور حوصلے کی داستان پیش کی گئی

Updated: November 12, 2026, 10:03 PM IST | Ankara

ترکی میں جاری کوپ ۳۱؍ کے اجلا س میں فلسطین میں جاری اسرائیل کی نسل کش جنگ سے متعلق ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نمائش میں غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے دوران ہو رہی تباہی کو مختلف تصاویر ، فن پاروں اور گرافک آرٹس کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے ۔ نمائش کے اختتامی راستے پر ایک اسکرین نصب کی گئی ہے جس کے ذریعے زائرین غزہ اور انسانیت کیلئے امید اور یکجہتی کے ڈجیٹل پیغامات بھی درج کرا سکتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ترکی کے شہر انطالیہ میں جاری عالمی ماحولیاتی کانفرنس ’کوپ ۳۱؍ میں ’’واپسی کی امید: العودہ زیتون کے درخت کی کہانی‘‘ کے عنوان سے ایک نمائش کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں غزہ میں ہونے والی انسانی اور ماحولیاتی تباہی کو نمایاں کیا گیا ہے۔اس نمائش کا اہتمام ترکی کی سرکاری ملازمین کی یونینز کی کنفیڈریشن اور انٹرنیشنل لیبر کنفیڈریشن نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ یہ نمائش ۹؍ سے ۲۰؍ نومبر تک کوپ ۳۱؍ گرین زون کانگریس سینٹر کے ہال میں زائرین کیلئے کھلی رہے گی، جس میں غزہ سے انادولو کے فوٹو جرنلسٹس کی کھینچی گئی ۶۳؍ تصاویر شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میمور-سین کے چیئرمین اور آئی ایل سی کے صدر علی یالچن نے کہا کہ یہ نمائش ایک ایسی قوم کی اپنی زمین سے محبت اور تمام تر مشکلات کے باوجود زندہ رکھی گئی امید کی جھلک پیش کرتی ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ زیتون کا درخت اس نمائش کا مرکزی نقطہ ہے، یالچن نے کہا، ’’ ہم اس درخت کو صرف اپنی آنکھوں سے نہیں بلکہ اپنے دلوں سے بھی دیکھیں گے۔ کیونکہ فلسطین میں زیتون کا درخت محض ایک درخت نہیں ہے، بلکہ یہ ایک خاندان کے ماضی، باپ کی محنت، ماں کی مشقت اور بچے کے مستقبل کی علامت ہے۔‘‘

انٹرایکٹو تنصیبات کے ذریعے زائرین غزہ کی کبھی رونقوں سے بھری گلیوں سے لے کر اسرائیل کی نسل کش جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی تک کا سفر طے کرتے ہیں، جس کے ساتھ ملبے کے ڈھیروں کے درمیان ریکارڈ کئے گئے ذاتی تاثرات اور گواہیاں بھی شامل ہیں۔ نمائش میں فلسطین سے لائی گئی روزمرہ استعمال کی اشیاء کو جنگ کی وجہ سے رک جانے والی زندگیوں کے خاموش گواہوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔نمائش کے وسط میں ایک زخمی مگر مضبوطی سے کھڑا زیتون کا درخت نصب ہے، جو فلسطینی عوام کی اپنے وطن سے لازوال لگاؤ کی علامت ہے۔ ماضی میں جڑیں رکھنے والا اور مستقبل کی طرف بڑھتا ہوا یہ درخت وسیع پیمانے پر تباہی کے باوجود امن، یکجہتی اور زندگی کی امید کی نمائندگی کرتا ہے۔

غزہ کے گھروں کی نمائندگی کرنے والی چابیوں سے بنایا گیا فلسطین کا نقشہ بھی بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی حالتِ زار کو اجاگر کرتا ہے ۔ ۱۹۴۸ء میں جبراً بے دخل کئے جانے والے بہت سے فلسطینی خاندان اپنے گھروں کی چابیاں اس یقین کے ساتھ لے گئے تھے کہ وہ بالآخر واپس لوٹیں گےاور انہوں نے یہ چابیاں نسل در نسل منتقل کیں۔ تب سے یہ چابیاں فلسطینیوں کے واپسی کے حق کی ایک طاقتور علامت بن چکی ہے۔

نمائش میں غزہ میں کام کرنے والے انادولو ایجنسی کے فوٹو جرنلسٹس کی منتخب تصاویر کے ساتھ ساتھ فلسطینی مصوروں اور گرافک آرٹسٹس کے فن پارے بھی پیش کئے گئے ہیں۔ تباہی سے پہلے اور بعد کے غزہ کا موازنہ کرنے والے مناظر جنگ کے نتائج کو مزید واضح کرتے ہیں۔یہ نمائش غزہ میں ماحولیاتی تباہی کے پیمانے کو بھی نمایاں کرتی ہے، جس میں دھماکہ خیز گولہ بارود، کاربن کے اخراج، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے، زرعی نقصانات اور ثقافتی ورثے سے متعلق اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔ان اعداد و شمار کے مطابق، غزہ پر گرائے گئے گولہ بارود کی دھماکہ خیز طاقت ۱۹۴۵ء میں ہیروشیما پر گرائے گئے ایٹم بم کی طاقت سے تقریباً ۱۳؍ گنا زیادہ ہے۔ نمائش میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنگ کے ابتدائی ۶۰؍ دنوں کے دوران پیدا ہونے والا کاربن کا اخراج ۲۰؍ ممالک کے سالانہ اخراج سے بھی زیادہ تھا۔

زرعی تباہی اس نمائش کا ایک اور اہم موضوع ہے، جہاں پیش کئے گئے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ حملوں سے قبل غزہ میں زیتون کے درختوں کی تعداد تقریباً ۲۰؍ لاکھ تھی جو اب گھٹ کر محض ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار رہ گئی ہے۔ نمائش کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ کی تقریباً ۸۱؍ فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، جس سے ۶؍  کروڑ ۱۰؍ لاکھ ٹن سے زیادہ ملبہ جمع ہو گیا ہے۔ دریں اثنا، ۹۷؍  فیصد زرعی زمین ناقابلِ استعمال ہو چکی ہے اور غزہ میں پانی کی ۵۴؍ تنصیبات میں سے ۴۵؍ اب کام کرنے کے قابل نہیں رہیں۔ یہ تباہی غزہ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے تک بھی پھیلی ہوئی ہے، جہاں ۳۲۵؍ تاریخی اور ثقافتی مقامات میں سے ۲۰۸؍ کے تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔ ان اعداد و شمار کے ذریعے منتظمین یہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان حملوں نے نہ صرف عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے بلکہ غزہ کی مٹی، آبی وسائل، ہوا کے معیار اور تاریخی ورثے کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ نمائش کے اختتامی راستے پر نصب ایک اسکرین کے ذریعے زائرین غزہ اور انسانیت کیلئے امید اور یکجہتی کے ڈجیٹل پیغامات بھی درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK