Inquilab Logo

کورونا وائرس کے سبب شہر اور مضافات میں دکانیں بند،سڑکوں پر سناٹا

Updated: March 21, 2020, 10:11 AM IST | Nadeem Asran / Khalid Abdul Qayyum Ansari / Ajaz Abdulghani | Mumbai

کورونا وائرس کے خطرناک اثرات کے پیش نظر جمعرات کو بی ایم سی کمشنر پروین پردیسی نے ہفتے میں ۴؍ دن تمام بازار، ہوٹل اور ٹھیلہ گاڑیوں کو مکمل بند رکھنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ اس ہدایت کے پیش نظر جمعہ کو شہر و اطراف میں جنوبی ممبئی کے اکثر و بیشتر علاقوں میں تمام دکانیں ، مارکیٹ اور ہوٹل بند رہے ۔

Mumbai roads are empty due to coronavirus. Photo Inquilab
کورونا وائرس کے سبب ممبئی میں سناٹا ہے۔ تصویر: انقلاب

کووڈ۔۱۹؍ یعنی کورونا وائرس کے خطرناک اثرات کے پیش نظر جمعرات کو بی ایم سی کمشنر پروین پردیسی نے ہفتے میں ۴؍ دن تمام بازار، ہوٹل اور ٹھیلہ گاڑیوں کو مکمل بند رکھنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ اس ہدایت کے پیش نظر جمعہ کو شہر و اطراف میں جنوبی ممبئی کے اکثر و بیشتر علاقوں میں تمام دکانیں ، مارکیٹ اور ہوٹل بند رہے ۔ چند علاقوں میں بی ایم سی کمشنر کی جاری کردہ ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا ۔ اس پر بی ایم سی نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی مدد سے نہ صرف دکانوں کو بند کرایا اور سامان ضبط کیا بلکہ ٹھیلا گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی کی ۔

 جنوبی ممبئی میں واقع اکثر بازاروں جہاں ہمہ وقت خریداروں کی بھیڑ نظر آتی تھی، مکمل خاموشی چھائی رہی ۔ تاجروں کے بقول یہ خاموشی صرف بی ایم سی، حکومت اور پولیس کی ہدایت کے سبب نہیں ہے بلکہ کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے بھی ہے ۔ بی ایم سی اور حکومت کی ہدایتوں پر عمل کرتے ہوئے کرافورڈ مارکیٹ، منیش مارکیٹ، زویری بازار پائدھونی، بھولیشور، ناگپاڑہ، مورلینڈ روڈ اور مدنپورہ میں تاجروں اور ہوٹل مالکان نے اپنی دکانوں کو مکمل طور پر بند رکھا تھا ۔بی ایم کی ہدایت پر چکلہ، محمد علی روڈ، ناخدا محلہ ،نل بازار، چور بازار اور ڈونگری میں جزوی طور پر عمل کیا گیا ۔ مندرجہ بالا علاقوں کے بعض حصوں میں دکانیں اور بازار کھلے رہے ۔ اس کے علاوہ اکثر علاقوں میں جس میں فینسی مارکیٹ بھی شامل ہے، ٹھیلہ گاڑیاں لگائی گئی تھیں ۔ اس پر بی ایم سی عملہ نے پولیس کی مدد سے نہ صرف دکانوں کو بند کرایا اور ان کا سامان ضبط کیا بلکہ ٹھیلے والوں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی - بعد ازیں پولیس بازاروں میں گشت کرتے ہوئے میگا فون سے دکانداروں کو دکانیں بند کرنے کی ہدایت دیتے نظر آئی ۔ واضح رہے کہ بی ایم سی کمشنر نے تمام وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنروں کو علاقے کی مناسبت سے ہفتے میں ۴؍دن دکانیں ، بازار، ہوٹلوں اور ٹھیلہ گاڑیوں کو مکمل بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
بھیونڈی:۷؍ دکانداروں کے خلاف معاملہ درج
کورونا وائرس پر قدغن لگانے کیلئے انتظامیہ کیجانب سے تمباکو اور تمباکو سے بنی اشیاء کی فروخت پر مکمل پابندی عائدکرنے کے باوجود تمباکو اورسگریٹ فروخت کرنے والے ۷؍دکانداروں کے خلاف نارپولی پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ معلوم ہو کہ ضلع مجسٹریٹ نے عوامی مقامات پرتھوکنے کے ساتھ تمباکو نوشی اور تمباکو سے بنی اشیاء جیسے گٹکھا، پان مسالہ ودیگر اشیاء کی فروخت کرنے والی دکانوں اور پان کی دکانوں پر۳۱؍ مارچ تک مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔انتظامیہ کی ہدایت کے باوجود کالہیر، انجورپھاٹا، بھنڈاری کمپاؤنڈ اور پارس ناتھ کمپاؤنڈ ودیگر علاقوں کی کھلی دکانوں پر چھاپہ مار کر کالہیرمیں رہنے والے امریندر مشرا اور گلاب چودھری، انجورپھاٹا پررہنے والے ترلوکی گپتا، پارسناتھ کمپاؤنڈ کے سوہن یادو اور راکیش پانڈے، بھنڈاری کمپاؤنڈ کے مہنگو گپتا اور دیوجی نگرسرکل کے موہن لال گپتا نامی دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔

کلیان:دکاندار کیخلاف کیس
کے ڈی ایم سی میونسپل کمشنر وجے سوریہ ونشی نے گزشتہ روز سر کیولر جاری کرتے ہوئے روز مرہ کی ضروری اشیاء کے علاوہ سبھی دکان مالکان کو کارو بار بند رکھنے کا حکم دیا تھا تاہم بازار پیٹھ علاقہ میں واقع باردان گلی میں تر پال کی دکان کھلی تھی ۔شہری انتظامیہ کی ہدا یت پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں پولیس نے کیلاش کاساٹ نامی دکان دار کے خلاف دفعہ۱۸۸؍ کے تحت کیس درج کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK