Updated: November 24, 2026, 8:03 PM IST
| New Delhi
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مختلف طلبہ تنظیموں نے مشترکہ طور پر گجرات فسادات کی متاثرہ بلقیس بانو کے حق میں اظہارِ یکجہتی مظاہرہ منعقد کیا۔ طلبہ نے مجرموں کی سزا معافی اور حال ہی میں دو مجرموں کو ملنے والی ضمانت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرقہ وارانہ و جنسی تشدد کے مقدمات میں سیاسی سرپرستی اور ادارہ جاتی بے حسی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبات مظاہرے کے دوران۔ تصویر: انسٹاگرام۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پیر کو سینٹرل کینٹین پر آئیسا، ایم ایس ایف، فریٹرنٹی موومنٹ، ایئرسو، ایڈسو، ڈسک اور دِشا سمیت کئی طلبہ تنظیموں نے مشترکہ طور پر گجرات فسادات کی متاثرہ بلقیس بانو کے حق میں ایک اظہارِ یکجہتی مظاہرے کا انعقاد کیا۔ اس مظاہرےکا مقصد بلقیس بانو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور منتظمین کے مطابق، انصاف کیلئے ان کی دہائیوں پر محیط جدوجہد میں حائل نظامی ناکامیوں، ادارہ جاتی بے حسی اور سیاسی ملی بھگت کی مذمت کرنا تھا۔ مظاہرے کےدوران خطاب کرتے ہوئے طلبہ نے بلقیس بانو کو مسلسل انصاف سے محروم رکھے جانے پر سوال اٹھائے، جن کی اذیت ناک کہانی ۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے دوران شروع ہوئی تھی۔ اس دوران ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی تھی، جبکہ ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے ۱۴؍ افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ انصاف کے حصول کے اس سفر میں انہیں بار بار دھمکیوں، بے گھری، برسوں تک سیکیورٹی حصار میں رہنے اور دو دہائیوں سے زائد طویل قانونی جنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ طلبہ نے ۲۰۲۲ء میں گجرات حکومت کی جانب سے تمام ۱۱؍ مجرموں کی قبل از وقت رہائی کی بھی شدید مذمت کی۔ اگرچہ سپریم کورٹ نے جنوری ۲۰۲۴ء میں سزا معافی کے ان احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے مجرموں کو واپس جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا، تاہم حال ہی میں ان میں سے دو مجرموں کو ضمانت ملنے سے مجرموں کے احتساب اور جنسی تشدد کی متاثرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جمہوری عمل اور استحکام ِ جمہوریت
`فریٹرنٹی موومنٹ‘ نے ۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے دوران کانگریس کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فرقہ وارانہ تشدد کے احتساب کو صرف ایک سیاسی دورِ حکومت تک محدود نہیں رکھا جانا چاہئے۔ تنظیم نے آصفہ بانو کیس کو بھی یاد کرتے ہوئے کٹھوعہ میں آٹھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بعد مجرموں کو دی جانے والی مبینہ سیاسی پناہ اور فرقہ وارانہ صف بندی کی مذمت کی۔ تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ جنسی تشدد اور فرقہ وارانہ ناانصافی کے خلاف لڑائی میں تمام سیاسی جماعتوں کی سطح پر ادارہ جاتی ناکامیوں اور سیاسی ملی بھگت کا محاسبہ ہونا چاہئے، بجائے اس کے کہ کسی بھی حکومت کو جوابدہی سے بچنے دیا جائے۔ شرکاء نے بلقیس بانو کی جدوجہد کو خواتین خصوصاً مسلم خواتین اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف ہونے والے تشدد کے ایک وسیع تر سلسلے کے تناظر میں پیش کیا۔ انہوں نے گجرات، کٹھوعہ اور اناؤ جیسے مقدمات میں مبینہ سیاسی تحفظ اور ادارہ جاتی استثنیٰ کی شدید مذمت کی۔
یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کو آکسفورڈ جانے سے روکا گیا، مودی حکومت کو ’بزدل‘ قرار دیا
مظاہرے کے اختتام پر فرقہ وارانہ و جنسی تشدد اور انصاف کے امتیازی نفاذ کے خلاف اجتماعی مزاحمت کی اپیل کی گئی۔ طلبہ نے کہا کہ انصاف کا مطالبہ متاثرہ شخص کے مذہب یا جرم کے ملزمان کے سیاسی اثر و رسوخ پر منحصر نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انصاف کیلئے بلقیس بانو کی یہ جنگ صرف ان کی اکیلے کی نہیں ہے۔