• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویبھَو سوریہ ونشی کی ڈبل سنچری کے طوفان سے ہندوستان اے سیمی فائنل میں

Updated: November 24, 2026, 8:01 PM IST | New Delhi

نوجوان بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی کی محض ۵۳؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۲۸؍چھکوں کی مدد سے بنائی گئی ۲۰۴؍ رن کی طوفانی اننگز کی بدولت ہندوستان اے نے منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ۷؍ وکٹ سے روند کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

Vaibhav Suryavanshi.Photo:X
ویبھوسوریہ ونشی۔ تصویر:ایکس

نوجوان بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی کی محض ۵۳؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۲۸؍چھکوں کی مدد سے بنائی گئی ۲۰۴؍ رن کی طوفانی اننگز کی بدولت ہندوستان اے نے منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ۷؍ وکٹ سے روند کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ یو اے ای نے ۵۰؍ اوور میں ۸؍ وکٹوں پر ۲۴۹؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا، لیکن سوریہ ونشی کی طوفانی بلے بازی کے سامنے یہ ہدف معمولی ثابت ہوا۔ ہندوستان اے نے محض۲ء۱۴؍ اوور میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۵۴؍ رن بناکر کامیابی حاصل کرلی۔ اس سے قبل یو اے ای کی جانب سے ہربریت سنگھ بھاٹیہ نے ۱۴۴؍ گیندوں پر ۱۳۰؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:دپیکا ککڑ کی صحت سے متعلق افواہوں پر شوہر شعیب ابراہیم برہم

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ۱۵؍ سالہ نوجوان بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی چھائے رہے۔ انہوں نے لسٹ اے کرکٹ کے ریکارڈ بک میں تاریخ رقم کرتے ہوئے صرف ۵۳؍ گیندوں پر۲۰۴؍ رن بنائے۔ ان کی اننگز میں عالمی ریکارڈ ۲۸؍ چھکے اور ۷؍ چوکے شامل تھے۔ سوریہ ونشی نے میدان کے چاروں جانب شاندار شاٹس کھیلے اور لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری (۲۸؍ گیند)، تیز ترین ۱۵۰؍ رن (۴۰؍ گیند) اور تیز ترین ڈبل سنچری (۵۲؍ گیند) بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ان کی بدولت ہندوستان اے نے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں ٹیم کے ۱۰۰؍ رن بھی سب سے تیزی سے، محض ۵؍ اوور میں مکمل کیے۔یو اے ای نے ابھیشیک شرما (۱۲؍رن) کو جلد آؤٹ کردیا تھا، لیکن اس کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا۔ سوریہ ونشی اور رنکو سنگھ (ناٹ آؤٹ۲۷؍رن) کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے  ۱۳۷؍ رن کی طوفانی شراکت نے میچ کا رخ بدل دیا۔ رنکو سنگھ نے چھکا لگا کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔ یو اے ای اس شکست کو جلد بھلانا چاہے گا۔ دوحہ میں کئی ریکارڈ ٹوٹے، جبکہ تلک ورما کی قیادت والی ہندوستان اے ٹیم سری لنکا اے، بنگلہ دیش اے اور پاکستان اے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی چوتھی اور آخری ٹیم بن گئی۔’

یہ بھی پڑھئے:کیمرے میں قید ہوا ویبھو سوریہ ونشی کا امپائر سے ٹکرانے کا واقعہ

وکٹ اچھی تھی، اس لیے میں نے کھل کر شاٹس کھیلے: ویبھَو سوریہ ونشی
اپنی طوفانی ڈبل سنچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ قرار پانے والے ویبھَو سوریہ ونشی نے منگل کو کہا کہ گزشتہ دو میچوں میں اچھی شروعات کے باوجود وہ آؤٹ ہوگئے تھے، اس لیے آج وہ ایک طویل اننگز کھیلنا چاہتے تھے۔ سوریہ ونشی نے میچ کے بعد کہاکہ وکٹ اچھی تھی، اس لیے میں نے کھل کر شاٹس کھیلے۔ اگر پچ گیندبازی کے لیے سازگار ہوتی تو میں گیند کی خوبی کے مطابق کھیلتا، لیکن آج کی وکٹ شاٹس کھیلنے کے لیے بہت اچھی تھی۔ میں بس اپنے شاٹس کھیلتا ہوں اور ان کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔ میں اپنی اس اننگز سے خوش ہوں۔ میرے سینئر کھلاڑیوں نے میری کافی مدد کی ہے اور وہ کھل کر اپنی رائے دیتے ہیں۔  انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے کوچ ہمیشہ کہتے ہیں کہ گیند کو غور سے دیکھو، پھر تم اسے کہیں بھی مار سکتے ہو۔ میں کسی جشن کے بارے میں نہیں سوچ رہا، بس اچھی روانی کے ساتھ کھیلنا اور سیمی فائنل جیتنا چاہتا ہوں۔ مجھے ہر میچ میں دباؤ محسوس ہوتا ہے، لیکن ۴؍ سے۵؍ گیندیں کھیلنے کے بعد یہ کم ہوجاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK