Inquilab Logo

نتیش رانے کیخلاف کارروائی کیلئےعدالت کا سہارا

Updated: March 06, 2024, 10:24 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مالونی میں اشتعال انگیزتقریر کے باوجود حیرت انگیز طور پرپولیس کا ایف آئی آر درج کرنے سے انکار۔ جمیل مرچنٹ کی سپریم کورٹ جانے کی تیاری۔

Members of the delegation showing the copy of the complaint made against Member of Assembly Nitish Rane. Photo: INN
وفد میں شامل افراد رکن اسمبلی نتیش رانے کے خلاف کی گئی شکایت کی کاپی دکھاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

اتوار کے روز’ سکل ہندو سماج‘ کی جانب سے نکالی گئی ریلی اور ویرا دیسائی گارڈن میں رکن اسمبلی نتیش رانے کے ذریعے مورچے میں کی گئی زہرافشانی کے خلاف مالونی پولیس میں شکایت درج کرانے والی ملی تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پولیس نے اس کے لئے یہ جواز پیش کیا ہے کہ تقریر میں اشتعال انگیزی اور نفرت جیسی کوئی چیز نظرنہیں آتی ہے۔ اس لئے تحریری شکایت کی جارہی ہے تاکہ اس بنیاد پرعدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جاسکے۔
ملّی تنظیموں کے ذمہ داران نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ صرف ’سبھا‘ کی اجازت دی گئی تھی ریلی کی نہیں۔ ایسے میں یہ سوال کیا جارہا ہے کہ پھرپولیس نے اس قدر سخت ترین بندوبست کیوں کیا ؟ اتوار ہونے کے باوجود ایڈیشنل پولیس کمشنر، ڈی سی پی سی ،اے سی پی، سینئراورسیکڑوں پولیس کے جوانوں کے ساتھ فساد کنٹرول فورس کے جوان کیوں تعینات کئے گئے تھے؟ کیا یہ قانون کی کھلی خلاف ورزی نہیں ہے؟ ان ہی بنیادوں پر پیر کی شب میں مقامی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ بلائی گئی۔ اس میٹنگ میں لبیک یارسول اللہ گروپ، حضرت خواجہ غریب نوازکمیٹی، کے جی این ایجوکیشن اینڈ ویلفئر ٹرسٹ، سمے فاؤنڈیشن، جماعت ِ اسلامی ہند، ایس آئی او، ہائی ٹیک کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر، ببلو باٹا فاؤنڈیشن، جماعت اہل حدیث، یوا شکتی سینا اورسوشل ورکرس اینڈ ایڈوکیٹس موجود تھے ۔ اس میٹنگ میں ایم آئی ایم کے عہدیدار عرفان خلیفہ نے بتایاکہ وہ پولیس اسٹیشن گئے تھے مگرپولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا۔ اس پرمیٹنگ میںموجود مذکورہ تنظیموں کے عہدیداران نے اتفاق رائے سے یہ طے کیا کہ ثبوت کے طور پر پولیس میں تحریری شکایت کردی جائے اور اس کی بنیاد پرعدالت کا سہارا لے کر قانونی کارروائی کی جائے۔ اس تعلق سے وکلاء سے صلاح ومشورہ کیا جارہا ہے اور قانونی نکات کو بنیاد بناکر عرضداشت تیار کی جارہی ہے اورایک دو دن میں بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کردی جائے گی۔
میٹنگ میں ہونے والے مشورے کی بنیاد پرمنگل کی شام کوشانل سید کچھ رفقاء کے ہمراہ مالونی پولیس میں تحریری شکایت کے لئے گئے۔ اس شکایت میں اشتعال انگیزی اورماحول خراب کرنے کی کوشش کی بنیاد پرنتیش رانے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جمیل مرچنٹ کی سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی تیاری 
نتیش رانے نے اپنی تقریر میں جمیل مرچنٹ کو کھل کرنشانہ بنایا تھا اور انتہائی بھونڈا اندازاپنایا تھا۔ اس پرجمیل مرچنٹ نے بتایا کہ ’’چونکہ پہلے سے ہی ہیٹ اسپیچ کے تعلق سے سپریم کورٹ کی سخت ہدایات موجود ہیں اسی بنیاد پرنتیش رانے کی پوری تقریر کو سن کر اس میں کون کون سے جملے ہیٹ اسپیچ میں آتے ہیں، وکلاء کے ذریعے اسے نشان زد کرتے ہوئے عرضداشت تیار کی جارہی ہے، اسے جلد سے جلد سپریم کورٹ میں داخل کیا جائیگا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’میں نے مالونی کے سینئرانسپکٹر اڑھاؤ سے رابطہ قائم کیا اورنتیش رانے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے جسے ہیٹ اسپیچ کہا جائے اور اس کی بنیاد پرایف آئی آر در ج کی جائے۔ اس لئے اب پولیس میں محض ثبوت کے طورپر تحریری شکایت دے کر مزید کارروائی کیلئے پولیس کے چکر میں وقت ضائع کرنے کے بجائے سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا۔ نتیش رانے نے جو کچھ مجھے کہا اور جس طرح کی گھٹیا زبان استعمال کی وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK