Inquilab Logo

’’سوشل میڈیا ایک ’بزنس ٹول‘ ہے، اس کا استعمال میں ویسا ہی کرتا ہوں ‘‘

Updated: April 28, 2024, 3:48 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ویب سیریز اور ٹی وی اداکاراور ڈانسر کنور امر نے کہا کہ میرا تعلق راجپوت گھرانے سے ہے ، اسلئے میں اپنے نام میں کنور لگاتاہوں، میں سبھی طرز کے شوز کرنے میں یقین رکھتا ہوں۔

Kanwar Amarjit Singh. Photo: INN
کنور امرجیت سنگھ۔ تصویر : آئی این این

فلم انڈسٹری میں ایسے بہت سے افراد ہیں جو بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ وہ اپنے مختلف ہنر سے انڈسٹری میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کنور امر بھی انہی میں سے ایک ہیں جو ایک اچھا ڈانسر ہونے کے ساتھ ہی ایک اچھے اداکار بھی ہیں اور اس وقت ٹی وی کے معروف شو انوپما میں نظر آرہے ہیں۔ ان کا پورا نام کنور امرجیت سنگھ ہے۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے اس اداکاراور ڈانسر نے ۲۰۱۰ء سے اپنے کریئر کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے اپنے کریئر میں مختلف ریئلیٹی شوز اور ڈیلی سوپس میں کام کرتے ہوئے اپنا مقام بنایا ہے۔ وہ اپنے نام کے ساتھ کنور اس لئے لگاتے ہیں کیوں کہ ان کا تعلق ایک راجپوت گھرانے سے ہے۔ ان کے دادا یوپی کی ایک معروف شخصیت تھے۔ ان کے خاندان میں کنور لگانا اچھا مانا جاتاہے۔ وہ اپنی اداکاری سے شائقین کے دلوں میں جگہ بنانا چاہتے ہیں اور اپنے رقص سے عوام کو محظوظ کرنا چاہتے ہیں۔ انہو ں نے ایک ویب سیریز میں بھی کام کیا ہے اوراس جانب ایک با ر پھر کوشش کررہے ہیں۔ انقلاب نے ویب سیریز اورٹی وی اداکارکنور امر سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کس شو کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ؟
 ج:اس وقت میں ’انوپما‘ کے سیٹ سے ہی آپ سے بات چیت کررہاہوں۔ اس کی شوٹنگ فی الحال ممبئی میں جاری ہے اور میں اسی میں مصروف ہوں۔ حالانکہ اتنی تیز دھوپ میں شوٹنگ کرنا آسان نہیں ہے لیکن اداکار اپنے شوز کیلئے اپنی طرف سے پوری کوشش کرتے ہیں کہ وہ شائقین کی تفریح فراہم کرسکیں۔ ہم کبھی آؤٹ ڈور اور کبھی اِن ڈور شوٹنگ کرتے ہیں، لیکن کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنے کام سے شائقین کی دلجوئی کرسکیں۔ انوپماشو اس وقت ٹی وی شائقین میں بہت پسند کیا جارہا ہے اور میں خوش نصیب ہوں کہ اس کا حصہ ہوں۔ 
آپ نے بحیثیت ڈانسر یا بحیثیت اداکار اپنے کریئر کی شروعات کی تھی؟
 ج:میرے کریئر کی شروعات ڈانسر کی حیثیت سے ہوئی تھی۔ ۲۰۱۰ء میں ٹی وی پیش نشر کئے جانے والے ریئلیٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس میں پہلی بار شرکت کی تھی۔ اس کے بعد پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس وقت تک میں نے اداکاری شروع بھی نہیں کی تھی، اسلئے اپنے ڈانس ہی پر زیادہ توجہ دیتاتھا۔ میں نے خود بھی یہی طے کیا تھا کہ بچپن سے جس چیز میں مجھے دلچسپی ہے، میں اسی سے اپنے کریئر کا آغاز کروں۔ میں نے اپنی منصوبہ بندی کےتحت ڈانسر کی حیثیت سے کریئر کی شروعات کی تھی اور وہیں سے آگے بڑھا۔ 
ڈانسر اور اداکار بننے کی ترغیب کہاں سے ملی؟
 ج:میں اسکول اور کالج میں ڈانس کے مقابلوں میں شرکت کیا کرتا تھا۔ جب اعلیٰ تعلیم کے لئے یونیورسٹی میں آیا تو دیکھا کہ وہاں بہت سے طلبہ کلاسیکی، بریک ڈانس، ہپ ہوپ اور دیگر طرز کے رقص کے ذریعہ لوگوں کو تفریح فراہم کرتے ہیں تو انہیں دیکھ کر مجھ میں بھی یہ شوق پیدا ہواکہ میں بھی ان کی ہی طرح رقص کروں اور اس میں آگے بڑھوں۔ میں نے اس جانب کوشش کی اور کامیاب ہوگیا۔ مجھے بحیثیت ڈانسر پہلا شو ’نچ بلئے‘ کرنے کا موقع ملا تھا۔ نچ بلئے کی نمایاں کامیابی سے مجھے بھی فائدہ ملا۔ اس کے بعد میرے پاس ڈیلی سوپس کی پیشکش آنے لگی اور میں نے اس جانب توجہ بھی دینی شروع کردی۔ یکے بعد دیگرے شو ز میں اداکاری کرنے کا موقع ملتا گیا اور میں اس جانب آگے بڑھتا گیا۔ اس طرح ایک بار پھر میں اوپر والے کی مرضی سے اداکاری کرنے لگا۔ اب ان دونوں ہی شعبوں میں مجھے اچھی جانکاری ہوگئی ہے۔ 
آپ نے کریئر میں رئیلیٹی شوز پر زیادہ توجہ دی ہے؟
 ج:ایسی کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی کہ ریئلیٹی شوز میں کام کرنا ہے۔ میرے پاس جیسے جیسے کام آتا گیا، میں اس میں آگے بڑھتا گیا۔ آپ بھی جانتے ہیں کہ ڈانس کے جتنے بھی شوز ہیں وہ ریئلیٹی ہوتے ہیں اور اس میں شرکت کرنے والے امیدوار شائقین کے سامنے اپنے ہنر کو پیش کرتے ہیں۔ میں انڈسٹری میں کام کرنے کیلئے آیا تھا تو میں نے یہ نہیں دیکھا کہ یہ ریئلیٹی شو ہے یا پھر ڈیلی سوپس ہے۔ میں دونوں چیزوں میں اپنے فن اور ہنر کو پیش کرنا چاہتا تھا۔ 
فلموں کی طرف آپ کی کوشش کہاں تک پہنچی ہے ؟
 ج: فلموں میں کام کرنا میراخواب ضرور ہے لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ میں ٹی وی سے کنارہ کشی اختیار کرلوں گا۔ میں ٹی وی شوز میں کام کرنے کے ساتھ ہی فلموں کیلئے بھی آڈیشن دے رہا ہوں۔ جب قسمت میں کوئی اچھی فلم یا اچھا رول ہوگا تو ضرور مجھے اس میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ میں ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ اسلئے فلم پانے کی کوشش میری جاری رہے گی۔ اسے میں نے اپنی منصوبہ بندی میں شامل کرلیا ہے اور اس جانب میری پیش رفت جاری ہے۔ 
کس شو سے آپ کو زیادہ شہر ت ملی ہے؟
 ج:ڈانس انڈیا ڈانس ۲؍ نامی شو میں میں نے شرکت کی تھی اور اس شو نے مجھے ہندوستان کے ٹی وی دیکھنے والے گھروں تک پہنچادیا تھا۔ اس شو میں شرکت کرکے میں نے کیمرے کے سامنے کام کیا تھا اور اداکاری کے گُر بھی سیکھنے کی کوشش کی تھی۔ میرے خیال میں میرے کریئر کے پہلے شو نے مجھے شہرت کی بلندی پر پہنچا دیا تھا۔ 
سوشل میڈیا پر کتنا وقت گزارتے ہیں ؟
 ج:سوشل میڈیا میرے لئے ایک بزنس ٹول ہے جس کے ذریعہ میں اپنے کام کی چیزوں کو ہی شیئر کرتاہوں۔ میں بے جا ویڈیوز بنانے میں یقین نہیں رکھتا، شوٹنگ کے سیٹ پر جو ویڈیوز بناتا ہوں، اسے ہی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتاہوں۔ سوشل میڈیا میرے کام کا حصہ ہے اور میں اس کے مطابق ہی اس کا استعمال کرتاہوں۔ میں اپنا زیادہ وقت اس پر صرف نہیں کرتا کیونکہ اس کی لت کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ 
کیا آپ کسی ویب سیریز میں بھی کام کررہے ہیں ؟
 ج:جی ہاں، میں ویب سیریز میں بھی کام کررہاہوں۔ ایک ویب سیریز کی شوٹنگ جاری ہے اور اس کے بارے میں میں آپ کو زیادہ معلومات فراہم نہیں کرسکوں گا۔ اس کے ساتھ ہی ۲۔ ۳؍ ویب سیریز کی بات چیت ہورہی ہے اور امید ہے کہ ان کا معاملہ بھی جلد ہی طے پاجائے گا۔ بہرحال میں ویب سیریز کی طرف توجہ دے رہا ہوں اور پوری سنجیدگی کے ساتھ ان میں کام کررہا ہوں۔ 
جدوجہد کے دوران کس چیز سے حوصلہ پاتے تھے ؟
 ج:جدوجہد کے دورمیں اپنی ہی طرز زندگی سے متاثر ہوتا تھا اور کوشش کرتا تھا کہ خود کو ہر چیز کیلئے تیار کروں۔ میں نے ہمیشہ صبرو تحمل کا مظاہرہ کیاہے اور میں کسی اور سے متاثر نہیں ہوتا بلکہ اپنی سوچ کو مثبت رکھتے ہوئے ہی اپنے کام پر پوری توجہ مرکوز کرتا ہوں۔ 
انوپما شو میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہاہے ؟
 ج: یہ شو بہت اچھا چل رہاہے اور اس کی کاسٹ بھی اچھی ہے۔ سبھی ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھے سے پیش آتے ہیں اور سیٹ پر ایک دوستانہ ماحول ہوتاہے۔ روپالی گنگولی کے ساتھ کام کرنے کا اچھا تجربہ ہے اور وہ دیگر اداکاروں کی کافی مدد کرتی ہیں۔ اس شو کو شائقین بہت محبت سے نواز رہے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی ان کا پیار یوں ہی برستا رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK