Inquilab Logo

میچانگ طوفان کمزور پڑا لیکن مہلوکین کی تعداد ۱۷؍ ہوگئی

Updated: December 07, 2023, 9:44 AM IST | Chennai

چنئی میں تباہی ،کئی علاقے اب بھی غرقاب ،ضلعی سطح پر ڈیزاسٹرریسپانس کی کئی ٹیمیں تشکیل

Relief workers taking people stranded in an area of Chennai to safety by boat. (PTI)
راحتی کارکنان چنئی کے ایک علاقے میں پھنسے ہوئے افرادکوکشتی کے ذریعے محفوظ مقام پرلےجاتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

آندھرا ،تلنگانہ اور تمل ناڈو میں سمندری طوفان میچانگ کےدستک دینے کے بعداب بھی ان ریاستوں کے کئی علاقوں میں  بارش  کے امکانات ہیں۔آندھرا پردیش میں جہاںطوفان کے اثر سے تروپتی ، نیلور،پرکاسم ،باپٹلا ، کرشنا ،مغربی گوداوری ،کوناسیما اور کاکی نادا میں ہائی الرٹ جاری کردیاگیا ہے وہیںاسکولوں میںبھی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ طوفان سے سب سے زیاد ہ اثر تمل ناڈو میں دیکھنے کو ملا ہے جہاںراجدھانی چنئی میںگزشتہ ۳؍ دنوں سےمسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کے اور اس سے متعلقہ حادثات میں۱۷؍ افراد کی موت ہوچکی ہے۔تمل ناڈو کے ۱۰؍ اضلاع میںاب بھی شدید بارش کا امکان ہے جبکہ ضلعی سطح پر کئی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔آندھرا کے باپٹلا میںطوفان میچانگ  سے بدھ کی صبح سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کارخ اب شمال کی جانب ہوگا اور یہ بتدریج کمزور ہوتا جائے گا ۔ آندھرا میںآئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میںمزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چنئی میںسمندری طوفان میچانگ کے اثر سے مسلسل تین دنوں سے ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ چنئی میں موسلا دھار بارش اور اس سے متعلقہ حادثات میں ۱۷؍ افراد کی موت ہو گئی ہے۔کئی علاقے اب بھی ڈوبے ہوئے ہیں  اور ڈیزاسٹر ریسپانس کی ٹیمیں نیز فوج کے جوان  بھی راحتی اور بچاؤ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ تروپتی میں ایک بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، سمندری طوفان نے منگل کو باپٹلا کے قریب آندھرا پردیش کے ساحل کو عبور کیا اور پیچھے بھاری تباہی چھوڑ گیا۔ حکام نے بتایا کہ طوفان سے ۷۷۰؍کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے ۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ۲۵؍ گاؤں سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔
 دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کمزور ہو گیا ہے اور اس کے اثرات سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوگا۔ تاہم  جنوبی ساحلی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ  ایک یا دودن  جاری رہ سکتا ہے۔
 محکمہ موسمیات نے لکھا ’’گردابی طوفان میچانگ وسطی ساحلی آندھرا پردیش میں کمزور ہو کر گہرے  دباؤ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ باپٹلا سے تقریباً۱۰۰؍ کلومیٹر شمال-شمال مغرب اورکھمم  سے ۵۰؍ کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ یہ اگلے۱۲؍ گھنٹوں کے دوران بہت کمزور ہو جائے گا۔‘‘فی الحال، یہ راحت کی بات ہے کہ چنئی میں بارش میں کمی آئی ہے اور بچاؤ کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

tamil nadu Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK