Inquilab Logo

وزیراعظم مودی کا کیرالا اور تمل ناڈو کا دورہ، راہل گاندھی کو نشانہ بنایا

Updated: April 16, 2024, 12:56 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

کہا: کانگریس کے شہزادے کیلئے اپنی خاندانی سیٹ پر عزت بچانا مشکل ہوگیا ہے، اسلئے انہیں بھاگ کر کیرالا آنا پڑا۔

Prime Minister Modi is currently trying to pave the way for BJP in South India, for this he is on a visit to Kerala and Tamil Nadu. Photo: INN
وزیراعظم مودی ان دنوںجنوبی ہند میں بی جے پی کیلئے راستہ ہموا رکرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس کیلئے کیرالا اور تمل ناڈو کے دورے پر ہیں۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم مودی نے پیر کوکیرالا اور تمل ناڈو کا دورہ کیا۔ صبح وہ کیرالا کے پلکڑ پہنچے جہاں الاتھور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ’’کانگریس کے شہزادہ کیلئے اتر پردیش کی اپنی خاندانی سیٹ پر عزت بچانا مشکل ہو گیا ہے، اسلئے اس نے کیرالا میں اپنا نیا اڈہ بنایا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس والے کیرالا میں بائیں بازو کے لوگوں کو دہشت گرد کہتے ہیں لیکن یہی لوگ دہلی میں ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھاتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس اور بایاں بازو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو میں بائیں بازو اور کانگریس ایک ساتھ الیکشن لڑ رہی ہیں لیکن کیرالا میں دونوں الگ الگ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے لیکن عوام اس طرح گمراہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ’’لیفٹ والوں کا کیریکٹر ہے نتھنگ لیفٹ اورنتھنگ رائٹ۔ ‘‘یعنی جہاں بائیں بازو کی حکمرانی ہوتی ہے وہاں کچھ بھی باقی نہیں رہتا اور کچھ بھی صحیح نہیں رہتا۔ انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت آنے کے بعد دنیا میں ہندوستان کا ڈنکا بجنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک لوگ ہندوستان کو اہمیت نہیں دیتے تھے لیکن آج پوری دنیا میں ہماری بات سنی جاتی ہے اور اسے اہمیت دی جاتی ہے۔ 
 وزیراعظم مودی تمل ناڈو پہنچے تو وہاں پر ڈی ایم کے اور کانگریس کو نشانہ بنانے کے ساتھ ہی ایک بار پھر پولرائزیشن کا کھیل کھیلنے کی کوشش کی۔ انہوں نے وہاں پر جم کر ’سناتن‘ کا کارڈ کھیلا۔ ریاست کی ’ڈی ایم کے‘ کے خاندانی راج کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے رائے دہندگان سے ۱۹؍ اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو فیصلہ کن مینڈیٹ دینے کی اپیل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: کنہیا کمار کو شمال مشرقی دہلی سے اُمیدوار بنا کر کانگریس نے منوج تیواری کی نیند حرام کردی

ریاست میں منشیات کی لعنت کے حوالے سے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو بے دخل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ’ڈی ایم کے‘ کے کارکن جعفر صادق کی گرفتاری کا حوالہ دیا جسے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ذریعہ۲؍ ہزارکروڑ روپے کے منشیات کے ساتھ اس کے روابط پائے جانے کے بعد ڈی ایم کے سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی بی نے اپنی تحقیقات میں کہا ہے کہ صادق، جو ایک تمل فلم پروڈیوسر بھی ہے، اس گینگ کا ماسٹر مائنڈ تھا جو ناریل جیسی گروسری اشیاء کی آڑ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔ 
 تمل ناڈو میں مجاہدین آزادی کی ایک بڑی تعداد کے بے پناہ تعاون کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے گزشتہ دس برسوں سے ہمیشہ تمل ناڈو کی ترقی کیلئے کام کیا ہے اور اس طرح ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے اپنے عہد کو پورا کیا ہے۔ 
 نریندر مودی نے کہا کہ آپ کے خواب میرے خواب ہیں اور ہم نے گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں تمل ناڈو کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا۔ ڈی ایم کے پر تنقید کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ ریاست میں خاندانی راج کے ذریعہ بدعنوانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منشیات کا کاروبار اقتدار میں رہنے والوں کی آشیرواد سے ہورہا ہے اور کہا کہ بی جے پی کے نوجوان تمل ناڈو کی نوجوان نسل کو اس زہر سے بچائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK