• Mon, 08 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوا کے نائٹ کلب میں سلنڈر دھماکہ کے سبب بھیانک آتشزدگی ،۲۵؍ افراد ہلاک

Updated: December 08, 2025, 2:08 PM IST | Agency | Panaji

مہلوکین میں زیادہ تر کلب کے ملازمین شامل ، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیا۔

Firefighters putting out the fire. Picture: INN
فائر ملازم آگ بجھاتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
گوا کے شمالی علاقے کے اَرپورا گاؤں میں واقع ایک نائٹ کلب میں سنیچر کی دیر رات آگ لگنےکے المناک حادثے میں  تقریباً۲۵؍ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق آگ نائٹ کلب کے باورچی خانے میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کلب کے ملازمین شامل ہیں ۔ حادثے کے کچھ ہی دیر بعد وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے جائے وقوع پر پہنچ کر  صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے ہر متوفی کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو۵۰؍ ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اب اس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایاہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں نائٹ کلب میں متعدد کوتاہیوں کا انکشاف ہوا ہے، جن میں کہا جارہا ہے نائٹ کلب میں آگ سے بچاؤ کے ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی اور لوگوں کی حفاظت سے کھلواڑ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نائٹ کلب میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔ اس صورت میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ شکایت کے باوجود نائٹ کلب کیسے چلایا جا رہا تھا؟
اس سانحہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں مہلوکین کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے۔راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے  ’’ارپورہ، گوا کے اس المناک آتشزدگی واقعہ  نے ۲۰؍سے زائد جانیں لے لیں۔ یہ دل کو شدید تکلیف پہنچانے والا سانحہ ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری دلی ہمدردی ہے اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔‘‘ انہوں نے اس سانحہ کے لیے حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’یہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ تحفظ اور نظامِ حکمرانی کی سنگین ناکامی ہے۔ اس سانحہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ ذمہ داری کا تعین ہو سکے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK