Inquilab Logo

دادرپلیٹ فارم نمبر ایک اور دو کل سے ۲؍ماہ کیلئے بند

Updated: September 14, 2023, 10:06 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اِن پلیٹ فارمزسے شروع اورختم ہونے والی لوکل ٹرینوں کو پریل تک چلایاجائےگا ،یومیہ ۲۲؍ٹرین خدمات متاثر ہوں گی، پلیٹ فارم نمبرایک کی چوڑائی ۷؍میٹر سےبڑھاکر ساڑھے ۱۰؍میٹر کی جائے گی ۔ زبردست بھیڑبھاڑ اورحادثے کے اندیشے کے پیش نظر فی الحال پلیٹ فارم پررسّی باندھ دی جاتی ہے

For the safety of passengers, a rope is tied like this between platform number one and two of Dadar
مسافروں کے تحفظ کیلئے دادر کے پلیٹ فارم نمبر ایک اور دو کے بیچ اس طرح رسی باندھ دی جاتی ہے

ینٹر ل اورویسٹرن ریلوے کے انتہائی مصروف ریلوے اسٹیشن دادر میں پلیٹ فارم نمبر ایک اور دو پر۱۵؍ستمبر بروزجمعہ سے۲؍ماہ تک ٹرینوں کی آمدورفت بند رہے گی۔ اِن پلیٹ فارمس سے شروع اوریہیں ختم ہونے والی لوکل ٹرینوں کو پریل سے چلایاجائےگا ۔ اس سے یومیہ ۲۲؍ٹرین خدمات متاثر ہوں گی۔ان میں ۱۱؍اپ اور۱۱؍ ڈاؤن ہیں ۔اس کی وجہ سے مسافروں کوزبردست دقتو ں کاسامنا کرنا پڑے گا۔جو مسافر پہلے دادر سے ٹرین پکڑتے تھے اب ان کو پریل سےسوار ہونا ہوگا۔
 پلیٹ فارم نمبرایک کی چوڑائی بڑھا کر ۷؍ میٹر سےساڑھے ۱۰؍میٹر کی جائے گی ۔موجودہ وقت میں حالت یہ ہے کہ زبردست بھیڑبھاڑ اورحادثے کے اندیشے کے پیش نظر پلیٹ فارم پررسّی باندھ کر مسافروں کو گزارا جاتا ہے ۔یہاں گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی )کے جوانوںکو ہمہ وقت تعینات رکھاجاتا ہے تاکہ وہ بھی بھیڑبھاڑ میں نگرانی رکھیں اورکوئی حادثہ نہ ہو ۔ 
 دادر میںپلیٹ فارم نمبرایک اور دو ، دیگر پلیٹ فارم کےمقابلے بالکل مختلف ہیں ۔ یہ دونوں پلیٹ فارم ایک دوسرے سےملے ہوئے ہیں ۔ اس لئے فٹ اووربریج سے اترکرپلیٹ فارم نمبر ایک یا دو پر آنے والے مسافر جب جمع ہوتے ہیں تو بھیڑکافی بڑھ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہےکہ پلیٹ فارم نمبر ایک اور دو کو الگ کرنے کےلئے رسّی باندھی گئی ہے تاکہ نشاندہی ہو اورمسافر اس کا خیال رکھتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہوجائیں۔
  سینٹرل ریلوے انتظامیہ کو ا س بات کا شدت سے احساس ہے کہ یہ بڑا مسئلہ ہے اورکبھی پربھادیوی (پرانا ایلیفنسٹن) جیسی نوبت آسکتی ہے اس لئے اس سے پہلے اس مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے ۔ ایسےمیں اب پلیٹ فارم نمبر ایک کوچوڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پلیٹ فارم کی چوڑائی بڑھانے کے وقت پلیٹ فارم نمبر ایک اوردو ،دونو ںبند رہیںگے،یہاں سے کوئی ٹرین روانہ نہیںہوگی۔
ایک کروڑروپے کاخرچ اور۲؍ماہ کاوقت 
 پلیٹ فارم نمبر ایک کو چوڑا کرنے کی شدید ضرورت کے تعلق سے چیف پی آر ا و ڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ پلیٹ فارم نمبر ایک ۷؍ میٹرچوڑا اور ۲۷۰؍ میٹر لمبا ہے لیکن مسافرو ں کی کثرت اوران کی ضرورت کیلئے ناکافی ہے اسے لئے اسے چوڑاکرنا ناگزیر ہے۔ اس کام کو پورا کرنے کاوقت ۲؍ماہ متعین کیا گیاہے ۔اس دوران مسافرو ںکوہونے والی پریشانی سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن کام ہوجانے کےبعد ان کوکافی راحت ملے گی۔ اس کام پرایک کروڑروپے خرچ ہوں گے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’اس سے ایک فائدہ یہ ہوگا کہ کام ہوجانے کےبعد فٹ اووربریج کو چوڑا کرنا آسان ہوجائے گا جو فی الوقت ممکن نہیں ہے۔ ‘‘
 چیف پی آر اونے یہ بھی بتایاکہ’’ پلیٹ فارم نمبرایک اور ۲؍ بند ہونے سےسلو لائن کی ٹرینو ں کو ۴؍ اور ۵؍ نمبرپلیٹ فارم سے گزارا جائے گا اور ممکن ہے کہ حسبِ ضرور ت  کچھ کچھ  اورتبدیلیاں کی جائیں ۔ ‘‘ 
مسافروں کی کثرت کی وجہ 
 انہوں نے دادر اسٹیشن پر مسافروں کی کثرت کے تعلق سے بتایاکہ ’’یہ اسٹیشن سینٹرل اورویسٹرن ریلوے کوجوڑتا ہے اور بڑی تعداد میںسینٹرل ریلوے کے مسافر ویسٹرن ریلوے میں جانے کے لئے اور ویسٹرن ریلوے کے مسافر سینٹرل ریلوے میںآنے کےلئے ٹرینیں بدلتے ہیںجس سے اور بھیڑ  بھاڑ ہوجاتی ہے۔ پلیٹ فارم نمبر ایک پرگاڑیو ںکی آمدورفت کا یہ عالم رہتا ہےکہ تھانے ، کلیان ،کسارا اورکھپولی وغیرہ کےلئے سلو لائن کی ٹرینیں ہر دو منٹ میںگزرتی ہیں ۔‘‘
مسافروں کی سہولت کا صحیح اندازہ
 کام ہونے کے بعد ہوگا 
 سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اورجس طرح کی سہولتیں بتائی گئی ہیں،ا س کاصحیح اندازہ کام ہوجانے کےبعد ہوگا لیکن پریشانی کے تعلق سے تو واضح ہےکہ مسافروں کوکافی دقت ہوگی ۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ مسافر ریلوے کے ساتھ اس اہم کا م میں تعاون کریں تاکہ کام آسانی کے ساتھ پورا ہوسکے۔

dadar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK