Inquilab Logo

دلت تنظیمیں گھروں سے بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے پرراضی

Updated: December 06, 2020, 9:35 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

امسال کوروناکی وجہ سے حکومت نے چیتیہ بھومی میںدلتوںکے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے اور بھیڑ بھاڑ کرنے سے منع کردیا ہے، اس پر تنظیموں نے پہلے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا لیکن اب انہی کی جانب سے عوام سے چیتیہ بھومی پر بھیڑ بھاڑ نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے

Baba Sahib Ambedkar - Pic : INN
بابا صاحب امبیڈکر ۔ تصویر : آئی این این

آئین ہند کے بانی ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے۶؍ دسمبر کو ریاست بھر سے لاکھوں کی تعداد میں دلت چیتیہ بھومی دادر میں جمع ہوتے ہیں ۔لیکن امسال کوروناکی وجہ سے حکومت نے پابندی عائد کر دی ہے اور بھیڑ بھاڑ کرنے سے منع کردیا ہے۔ حکومت کے اس رویے پر دلت تنظیموں کی جانب سے پہلے شدید ناراضگی ظاہر کی گئی اور کہا گیا کہ شہر اور ریاست میں دیگر تقریبات کی اجازت اور چھوٹ دی گئی ہے تو آخر چیتیہ بھومی پر جمع ہونے کے لئے اس طرح کی پابندی کیوں عائد کی جا رہی ہے ۔ لیکن اب دلت تنظیمیں بھی حکومت کے اس فیصلے سے متفق نظر آرہی ہیں کہ بھیڑ بھاڑ زیادہ ہونے سے کورونا کے پھیلنے کا اندیشہ ہے اس لئے لوگ چیتیہ بھومی نہ آکر اپنے گھروں سے ہی بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں چھوٹی چھوٹی میٹنگوں کے ذریعے بابا صاحب کے نظریات کو عام کرنے، آئین کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لئے باہم تبادلہ خیال اور منصوبہ بندی کریں۔
  بھیم آرمی کے ورکنگ کمیٹی کے رکن اشوک کامبلے نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ بھیم آرمی سے جڑے اور دوسرے دلت بھائیوں سے چیتیہ بھومی پر بھیڑ بھاڑ نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بابا صاحب کو علم حاصل کرنے سے خاص دلچسپی تھی چنانچہ حصول علم کے لئے لوگوں کو ترغیب دلائیں۔ انہوں نے اس کے لئے یہ طریقہ بتایا کہ لوگ اپنے اپنے علاقوں میں کسی خاص جگہ پر بابا صاحب کی بڑی تصویر لگائیں اور وہاں کاپی اور قلم رکھتے ہوئے بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کریں۔ اس کے بعد قلم اور کاپیوں کو طلبہ میں تقسیم کردیں۔بہوجن کرانتی مورچہ(بام‌سیف)  کے عہدیدار وکرم سوناؤنے نے کہا کہ تمام دلت بھائیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مہاماری سے بچیں اور چیتیہ بھومی پر جمع نہ ہوں بلکہ اپنے اپنے علاقوں میں چھوٹی چھوٹی میٹنگوں اور سبھاؤں کے ذریعے بابا صاحب کا پیغام اور ان کی فکر کو عام کریں اور آئین ہند کے تحفظ اور بابا صاحب کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔
  ارجن پوار نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ہمیں بابا صاحب کے آدرشوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت محسوس ہورہی ہے۔ کسان پریشان  ہیں، آئین پر حملے ہورہے ہیں،‌عام آدمی اور مزدور غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اور آئینی اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے، اقتدار کے نشے میں چور حکمراں من مانی کررہے ہیں، ان حالات میں ہم اپنے گھروں میں رہتے ہوئے ہی بابا صاحب کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کریں اور اس بات کا عزم کریں کہ ہم آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔۶؍ دسمبر کو یہی بابا صاحب کو سب سے اچھا اور بہتر خراج عقیدت ہوگا۔حالات کی مناسبت اور آج۶؍دسمبر کے پیش نظر دادر چیتیہ بھومی اور قریب میں پولیس کا پہرہ بڑھا دیا گیا ہے تاکہ حکومت کی ہدایات کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK