ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں کمی کے سبب بی ایم سی کا اعلان ۔شہریوں سے کفایت شعاری سے پانی استعمال کرنے کی اپیل، ذخیرۂ آب محض۹؍ فیصد
EPAPER
Updated: May 26, 2024, 7:01 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں کمی کے سبب بی ایم سی کا اعلان ۔شہریوں سے کفایت شعاری سے پانی استعمال کرنے کی اپیل، ذخیرۂ آب محض۹؍ فیصد
ممبئی کے شہریوں کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں کم ہوتے آبی ذخیرے کو دیکھتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) نے جمعرات ۳۰؍ مئی سے پانی سپلائی میں ۵؍ فیصد اور ۵؍جون سے اس کٹوتی کو بڑھا کر ۱۰؍ فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام احتیاطی طور پر کیا گیا ہے۔ یہ کٹوتی تب تک جاری رکھی جائےگی جب تک مانسون میں جھیلوں میں اطمینان بخش پانی ذخیرہ نہ ہو جائے۔ یہ کٹوتی ان میونسپل کارپوریشن اور دیہی علاقوں کی سپلائی پر بھی نافذ کی جائے گی جنہیں بی ایم سی سے پانی سپلائی کیاجاتا ہے۔اس کٹوتی کے اعلان کے ساتھ ہی شہری انتظامیہ نے تمام شہریوں سے کفایت شعاری سے پانی استعمال کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
گزشتہ برس کم بارش سے آبی ذخیرہ میں ۵؍فیصد کی کمی آئی
اس سلسلے میں سنیچر کو بی ایم سی کی جانب سے اعلامیہ جاری کر کے اطلاع دی گئی ہے کہ مانسون ۲؍ سال یعنی ۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۲ء میں ۱۵؍ اکتوبر تک سرگرم رہا لیکن گزشتہ برس ۲۰۲۳ء میں اکتوبر میں بارش نہیں ہوئی، اس لئے گزشتہ سال کے مقابلے اس سال جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ۵ء۶۴؍ فیصدکم ہے۔ امسال گرمی سے آبی ذخیرہ میں کمی بھی واقع ہوئی ہے۔
جھیلوں میں محض ۹ء۶۹؍ فیصد پانی بچا ہے
بی ایم سی کے محکمہ آب رسانی کی جانب سے ۲۵؍مئی کو جھیلوں میں جمع شدہ پانی کا جائزہ لینے پر پتہ چلا کہ ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں کل ۱۴۰؍ ہزار ۲۰۲؍ ملین لیٹر پانی موجود ہے جو کہ محض ۹ء۶۹؍ فیصد ہے۔ جھیلوں میں زیادہ سے زیادہ ۱۴؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
بی ایم سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہری انتظامیہ پانی کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہا ہے اور روزانہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔یہی نہیں، ممبئی کو بھاتسا جھیل سے ایک لاکھ ۳۷؍ ہزار ملین لیٹر اور اَپر ویترانا جھیل سے ۹۱؍ہزار ۱۳۰؍ ملین لیٹر اضافی پانی ریاستی حکومت کی اجازت سے ملے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ممبئی کے لئے پانی دستیاب ہے اور ممبئی والوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال مانسون کی آمد وقت پر ہوگی جو کہ ایک مثبت بات بھی ہے۔ تاہم، درجہ ٔحرارت میں حالیہ اضافے اور اس سے پانی سے بخارات بننے کے عمل میں اضافہ ہونے کی اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ پانی کا ذخیرہ۱۰؍ فیصد سے کم ہونے کے بعد برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے احتیاطی اقدام کے طور پر مذکورہ پانی کی کٹوتی کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی ایم سی سے دیگر کارپوریشن کو کئے جانے والی پانی سپلائی میں بھی کٹوتی
بی ایم سی کی جانب سے تھانے، بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن اور دیگر دیہاتوں کو پانی کی فراہمی میں یہ۵؍ فیصد اور۱۰؍ فیصد کمی بالترتیب مقررہ تاریخ سے نافذ ہوگی۔ پانی کی یہ کٹوتی اس وقت تک نافذ رہے گی جب تک کہ تسلی بخش بارش سے آبی ذخائر میں بہتری نہ ہو جائے۔