پہلے مرحلہ کی گفتگو خوشگوار، مثبت پیش رفت، کانگریس نے اپنی فہرست پیش کی ،آج بھی میٹنگ، رام گوپال یادو دوتین دن میں حتمی اعلان کیلئے پُرعزم۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 10:30 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
پہلے مرحلہ کی گفتگو خوشگوار، مثبت پیش رفت، کانگریس نے اپنی فہرست پیش کی ،آج بھی میٹنگ، رام گوپال یادو دوتین دن میں حتمی اعلان کیلئے پُرعزم۔
اتر پردیش اسمبلی انتخابات ۲۰۲۷ءکےسلسلے میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر پہلے مرحلے کی بات چیت اطمینان بخش رہی جس کے بعد رام گوپال یادو نے آئندہ دوتین دنوں میں حتمی اعلان کی امید ظاہر کی۔ دونوں پارٹیاں ساتھ مل کر الیکشن لڑنے پر پہلے ہی متفق ہیں صرف یہ طے کرنا ہے کہ کون کتنی اور کن سیٹوں پر الیکشن لڑےگا۔ پیر کو سیٹوں کی تقسیم کیلئے پیر کو ہونےوالی پہلی میٹنگ کےبعد منگل کو پھر میٹنگ ہوگی۔
کانگریس نے فہرست سونپی
پیرکو دہلی میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے لیڈروں کی میٹنگ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کی رہائش گاہ پر ہوئی۔اس میںکانگریس نے ان سیٹوں کی فہرست سماجوادی پارٹی کو سونپی جن پر وہ اپنے امیدوار اتارنا چاہتی ہے۔ میٹنگ میں شریک سماجوادی لیڈروں نے کانگریس کے مطالبات پر غور کرنے کی بات کہی ہے۔میٹنگ کی خاص بات یہ رہی کہ یہ بہت ہی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اس عزم کو دہرایاگیا کہ دونوں پارٹیاں مل کر اسمبلی لڑیں گی۔ کانگریس کی ریاستی صدر آرادھنا مشرا کے مطابق سیٹوں کی تقسیم پر اگلے دو سے چار دن میں فیصلہ ہو سکتا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو نے بھی پیرکوہوئی بات چیت کو خوشگوار قرار دیا اور آئندہ ’’دوتین دنوں میں‘‘ حتمی اعلان کی امید ظاہر کی۔
کانگریس ۱۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں چاہتی ہے
چند روز قبل کانگریس کی جانب سے۱۸۱؍اسمبلی سیٹوں کی فہرست دینے کی بات سامنے آئی تھی مگر تازہ اطلاعات کے مطابق کانگریس ۱۰۰؍ سے زیادہ سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے۔ ان میں ۵۵؍ سے۶۰؍ سیٹیں ایسی ہیں جنہیں کانگریس اپنی مضبوط یا ترجیحی سیٹیں مانتی ہے۔کانگریس چاہتی ہے کہ اسے ایسی سیٹیں ملیں جہاں اس کا تنظیمی ڈھانچہ اور مقامی امیدوار مضبوط ہوں۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے بھی تقریباً ۵۵؍ سیٹوں کی ترجیحی فہرست تیار کی گئی ہے لیکن زور سیٹوں کی تعداد کے بجائے امیدواروں کی جیتنے کی صلاحیت پر ہے۔یادرہے کہ سیٹوں کی تقسیم پربات چیت کیلئےدونوں جماعتوں نےچار چار اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہیں۔
میٹنگ کے بعد کس نے کیا کہا؟
راجندر پال گوتم(کانگریس، یوپی انچارج): میٹنگ بہت اچھی ہوئی اور مثبت رہی۔ ہم بہت جلد سمجھوتے پر پہنچ جائیں، بات تقریباً مکمل اور طے ہوچکی ہے۔چونکہ بہت مثبت پیش رفت ہورہی ہے اس لئے ہم ابھی اس موقع پر تفصیل نہیں بتائیں گے۔
رام گوپال یادو(سماجوادی پارٹی): بات چیت بہت مثبت ماحول میں ہوئی۔دونوں نے ایک دوسرے کی باتیں سنیں۔ ہمیں امید ہے کہ سیٹوں کے بٹوارے پر ہم دوتین دنوں میں کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
سماجوادی کی’ اکھلیش سن رہے ہیں‘ مہم
سماجوادی پارٹی نے ووٹرس سے براہ راست رابطہ کیلئے ’’اکھلیش سن رہے ہیں‘‘ مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت ووٹرس براہ راست اکھلیش یادو سے سوال پوچھ سکتے ہیں اور مشورے دے سکتے ہیں۔ ا ۴۸؍ گھنٹوں میں ہی اس مہم کے تحت ’اکھلیش سن رہے ہیں‘‘ ویب سائٹ پر ۱۵۰۰؍ پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ زیادہ تر پیغامات ۳۵؍ سال سے کم عمر افراد کے ہیں۔ اس کیلئے علاحدہ ویب سائٹ بنائی گئی ہے۔