ریلوے انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام۔ وِویکانند فاؤنڈیشن نے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتے میں شٹل ٹرین سروس میںبہتری نہ آئی تو زبردست احتجاج کیا جائے گا
EPAPER
Updated: October 29, 2025, 11:31 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
ریلوے انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام۔ وِویکانند فاؤنڈیشن نے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتے میں شٹل ٹرین سروس میںبہتری نہ آئی تو زبردست احتجاج کیا جائے گا
بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن سے گزرنے والی شٹل ٹرینوں میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں اور تاجروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ روزانہ ایک سے تین گھنٹے کی تاخیر سے چلنے والی ٹرینوں کے باعث کاروباری طبقہ مالی نقصان اٹھا رہا ہے جبکہ طلبہ کو اسکول، کالج اور کوچنگ کلاسیز پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس تعلق سےوِویکانند فاؤنڈیشن نے ریلوے انتظامیہ کے خلاف باضابطہ شکایت درج کراتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ٹرینوں کو وقت پر نہیں چلایا گیا تو بھیونڈی اسٹیشن پر عوامی احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
’’ریلوے عوام کے صبر کا امتحان لے رہا ہے‘‘
وِویکانند فاؤنڈیشن کے صدر ایڈوکیٹ وِویکانند پانڈے کے مطابق سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کو جوڑنے والے دیوا - وسئی ریلوے روٹ پر واقع بھیونڈی روڈ اسٹیشن سے پہلے روزانہ پنویل-وسئی اور دِیوا-وسئی کے درمیان سات اپ اور سات ڈاؤن یعنی کل۱۴؍ شٹل ٹرینیں چلتی تھیں۔ ان ٹرینوں کے ذریعے تقریباً ۱۵؍ہزار سے زائد مسافر روزانہ آمد و رفت کرتے ہیں جس سے ریلوے کو روزانہ لاکھوں روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے یہ تمام ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، جس سے دیگر شہروں سے ایشیا کی سب سے بڑی پاورلوم نگری بھیونڈی آنے والے تاجروں کو سخت نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی تاجروں نے شکایت کی ہے کہ تاخیر سے پہنچنے کے سبب تجارتی لین دین اور سپلائی نظام متاثر ہو رہا ہے۔
مسافروں کو بیت الخلا بند اور پانی کی کمی سے بھی پریشانی
ٹرینوں میں تاخیر کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بیت الخلاء بند ہونے اور پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ خواتین اور بچوں کیلئے یہ سفر مزید دشوار ہو گیا ہے۔ اسکول اورکالج کے طلبہ کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں تاخیر کی وجہ سے ان کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
’’ڈبل لائن بچھانے کا کام جاری ہے‘‘
بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن ماسٹر ایس کے چوبے نے اس بارے میں وضاحت کی کہ مذکورہ ریلوے روٹ پر ان دنوں ڈبل لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ اس دوران سگنل سسٹم میں تبدیلی اور بارش کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وِویکانند فاؤنڈیشن کی شکایت ریلوے ہیڈکوارٹرز کو بھیج دی گئی ہے اور ہم ٹرینوں کو وقت پر چلانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔