بی جےپی حکومت کی بدانتظامی موضوع بحث، راہل گاندھی نےحزب اقتدار کی غیر ذمہ دارانہ روش کو مورد الزام ٹھہرایا
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 11:40 PM IST | New Delhi
بی جےپی حکومت کی بدانتظامی موضوع بحث، راہل گاندھی نےحزب اقتدار کی غیر ذمہ دارانہ روش کو مورد الزام ٹھہرایا
دہلی کے جنک پوری علاقہ میں جل بورڈ کے ذریعہ سڑک پر کھودے گئے ۱۵؍ فٹ گہرے گڑھے میں گر کر جمعرات کو ایک ۲۵؍ سالہ نوجوان کی موت ہوگئی۔ نجی بینک میں ملازمت کرنےوالا مذکورہ نوجوان ڈیوٹی سے گھر لوٹ رہا تھا۔ جوگندر سنگھ مارگ پر پیش آنےوالے اس سانحہ پر پولیس نے غیر ارادتاً قتل کا معاملہ درج کرلیا ہے جبکہ شدید تنقیدوں کے بیچ عوام کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے دہلی جل بورڈ نے اپنے ۳؍ افسران کو معطل کردیاہے۔
ویسٹرن رینج کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس جتن نروال نے بتایا کہ صبح ساڑھے ۸؍ بجے بجے پولیس کنٹرول روم کو کال موصول ہوئی کہ جنک پوری کے جوگندر سنگھ مارگ پر کھودی گئی ایک کھائی میں ایک شخص اور موٹر سائیکل پائے گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا اور نوجوان اور موٹر سائیکل کو گڑھے سے نکالا گیا۔ نوجوان کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔متوفی کی شناخت کمل دھیانی کے طور پر ہوئی، جو مغربی دہلی کےوکاس پوری کا رہنےوالا تھا۔ وہ روہنی میں ایک نجی بینک میں ملازم تھا ۔
چند ہفتے پہلے ۲۷؍ سالہ سافٹ ویئر انجینئر یووراج مہتا کی موت نوئیڈا سیکٹر ۱۵۰؍ میں سڑک کنارے تعمیراتی کام کیلئے کھودے گئے گڑھے میں بھرے پانی میں گر جانے کی وجہ سے موت ہوچکی ہے۔ اس معاملے پر ملک گیر ہنگامہ کے باوجود دہلی کی بی جےپی حکومت کے ہوش کے ناخن نہ لینے پر تنقیدیں ہورہی ہیں۔ راہل گاندھی نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بی جےپی سرکار کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ’’قاتل سڑک نہیں بلکہ غیر ذمہ دار حکومت ہے۔‘‘ ’آپ‘ لیڈر اور سابق رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے دہلی حکومت پر غفلت کا الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ سانحہ ہونے کا انتظار کر رہا تھا۔ شکایات کے باوجود اس گڑھے کے آس پاس رکاوٹیں نہیں لگائی گئیں۔ ‘‘ انہوں نے اس حادثے کو پورے ایک خاندان کی تباہی قرار دیا۔