Inquilab Logo

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو سی بی آئی نےآج پوچھ تاچھ کیلئےطلب کیا

Updated: October 17, 2022, 11:05 AM IST | Agency | New Delhi

خود سیسودیا نے ٹویٹ کرکے اطلاع دی ، کہا کہ ایجنسی کی تفتیش میں مکمل تعاون کریں گے۔ عام آدمی پارٹی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ انہیں اب گرفتار کرلیا جائے گا

Manish Sisodia.Picture:INN
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا ۔ تصویر:آئی این این

 سی بی آئی نے دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ کے سلسلہ میں  نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کو ایک بار پھر طلب کیا ہے۔ سی بی آئی نے سیسودیا کو پیر  کو صبح ۱۱؍بجے پوچھ تاچھ کے  لئے بلایا ہے۔ اس طلبی پر منیش سیسودیا نے  ٹویٹ کیا  اورکہا کہ انہیں چھاپے میں تو کچھ نہیں ملااب مجھے طلب کیا گیا ہے، میں ایجنسی سے تفتیش کے سلسلے میں مکمل تعاون کروں گا۔سی بی آئی کی جانب سے طلب کیے جانے پر منیش سیسودیا نے مزید کہا کہ سی بی آئی نے میرے گھر پر ۱۴؍گھنٹے تک چھاپہ مارا، کچھ بھی نہیں نکلا۔ میرے بینک لاکر کی تلاشی لی، اس میں بھی کچھ نہیں نکلا۔ انہیں میرے گاؤں میں بھی کچھ نہیں ملا۔ اب انہوں نے مجھے سی بی آئی ہیڈ کوارٹرس بلایا ہے۔ میں جائوں گا اور مکمل تعاون کروں گا۔ مجھے یقین ہے کہ سچائی کی جیت ہوگی۔ اس  طلبی پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی کےوزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منیش سیسودیا اور ستیندر جین کو آج کے بھگت سنگھ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی کی دوسری لڑائی ہے۔کیجریوال نے اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ جیل کی سلاخیں اور پھانسی کے پھندے بھگت سنگھ کے بلند ارادوں کو نہیں روک سکے۔ یہ آزادی کی دوسری لڑائی ہے۔ منیش اور ستیندر آج کے بھگت سنگھ ہیں۔ ۷۵؍سال بعد ملک کو ایک ایسا وزیر تعلیم ملا جس نے غریبوں کو بہتر تعلیم دے کر روشن مستقبل کی امید دی۔ کروڑوں غریبوں کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ کیجریوال نے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا کہ پیر کو جب سیسودیا سی بی آئی دفتر جائیں گے تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا کیوں کہ اب تک تو ایجنسی کو کچھ نہیں ملا ہے اس لئے اپنی خفت مٹانے کے لئے اب وہ سیسودیا کو گرفتار کرنے کا ڈراما کرے گی۔ یاد رہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال مرکزی حکومت کو چیلنج کر چکے ہیں کہ اگر سیسودیا کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو انہیں گرفتار کرکے دکھائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK