Inquilab Logo

دہلی میں ۱۰۰؍سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

Updated: May 02, 2024, 11:06 AM IST | Farzan Qureshi | New Dehli

دھمکی بھرے ای میل کے بعد دہشت اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا، وزارت داخلہ نے پولیس کمشنرسے معلومات حاصل کی، اسپیشل سیل، کرائم برانچ سمیت سبھی ایجنسیاں جانچ میں مصروف، دہلی پولیس نے انٹرپول سے رابطہ کیا، ایل جی نے پولیس کمشنر لاء اینڈآرڈر کے ساتھ ڈی اے وی اسکول کا جائزہ لیا۔

Police investigating with the help of sniffer dogs at a school in Delhi. Photo: PTI.
دہلی کے ایک اسکول میں  پولیس کھوجی کتوں کی مدد سے جانچ کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

دہلی اوراین سی آر میں بدھ کو اس وقت دہشت اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب ایک کے بعد ۱۰۰؍ سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کے دھمکی بھرے میل آنے لگے۔ یہ سارے میل ایک ہی میل آئی ڈی سے بھیجے گئے۔ جس کے بعد وزارت داخلہ بھی حرکت میں آئی اور اس نے دہلی کے پولیس کمشنر کو طلب کرکے معلومات حاصل کیں۔ 
ای میل روس سے بھیجے گئے
اسپیشل سیل، کرائم برانچ سمیت سبھی ایجنسیاں اس کی جانچ میں مصروف ہیں مگر ابھی تک یہ پتہ نہیں چل پایا کہ میل کرنے والا کون شخص تھا۔ دہلی پولیس اس معاملہ میں انٹرپول کی مدد لے رہی ہے۔ خاص بات یہ سامنے آئی کہ ای میل آئی ڈی سے پتہ چلتا ہے کہ ای میل شاید روس سے بھیجے گئے ہیں۔ مگر پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں ہے کہ میل روس سے بھیجے گئے ہوں یہ کا م ملک کے اندر بیٹھے لوگ بھی کرسکتے ہیں۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ اس میں فرضی آئی ڈی بھی بنائی گئی ہے۔ کئی گھنٹوں جانچ کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے پوسٹ کیا گیاکہ ایسا لگتا ہے کہ میل فرضی ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ مذکورہ معاملہ میں تفتیش جاری ہے اور خاطی کو دھردبوچا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کچھ نیوز پورٹلز نے مذکورہ ای میل کے متن کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔ 
اسکولوں میں افراتفری کا ماحول رہا
بدھ کی صبح معمول کے مطابق اسکول کھلے اور والدین نے روزمرہ کی طرح بچوں کو تیار کرکے اسکول بھیجا، لیکن اسکول انتظامیہ کے ہوش اس وقت فاختہ ہوگئے جب اسکول کی میل آئی ڈی پر بم کی خبر موصول ہوئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اسکولوں میں دھمکی بھرے میل بھیجنے کا سلسلہ صبح ۶؍بجے ہی شروع ہوگیا تھا۔ چونکہ اسکولوں میں دفتر کا کام اسمبلی ( دعا ) کے بعد ہی شروع ہوتا ہے، جب اسکولوں نے اپنے میل چیک کئے تو اس میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی پائی گئی۔ جس کے بعد اسکولوں میں ہلچل مچ گئی اور فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔ تقریبا ً ہربڑے اسکول سے دھمکی بھرے میل کے فون آنے کے بعد پولیس کے بھی ہاتھ پیر پھول گئے۔ کئی اسکولوں  میں  خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بہت سے اسکولوں نے والدین کو فون کرکے اطلاع دی کہ اپنے بچوں کو فوراً اسکول سے لے جائیں ۔ اس خبر کے بعد سے پوری دہلی و مضافات میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ والدین کسی بھی طرح اسکول پہنچنے کیلئے بے تاب نظر آئے۔ پولیس نے ان اسکولوں کی جانچ کی، جہاں دھمکی بھرے میل کئے گئے۔ وہاں مقامی پولیس کے ساتھ بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، فائر بریگیڈ، ایمبولنس کی ٹیموں نے پہنچ کرجانچ کی، مگر کچھ برآمد نہیں ہوا۔ 
پولیس نے کیا کہا؟
دہلی و مضافات کے قریب ۱۷۷؍ اسکولوں کو دھمکی بھرے میل کئے گئے، ان میں سے دہلی کے ۱۶۲، گوتم بدھ نگر کے ۷، غازی آباد کے ۳ ؍، گروگرام کے ۵ ؍اسکول شامل ہیں۔ دہلی پولیس کے ترجمان ڈی سی پی سمن نلوا نے اپنے بیان میں کہاکہ اسپیشل سیل جانچ کررہی ہے اور میل بھیجنے والے کی لوکشن تلاش کی جارہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے یہ کسی شرارت شخص کی حرکت ہوسکتی ہے۔ 
وزارت داخلہ الرٹ
ای میل کے ذریعہ بم دھماکوں  کی دھمکی ملنے کے بعد وزارت داخلہ بھی الرٹ ہوگیا اور ہوم سکریٹری اجے بھلا نے دہلی پولیس کمشنر کو طلب کرکے معلومات حاصل کیں اور اس سازش میں شامل لوگوں کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایات دیں۔ تاہم اس مسئلہ پر وزارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی ہوئی جس میں آئی بی چیف بھی موجود تھے۔ دہلی کے ایل جی نے اسپیشل کمشنر لاء اینڈ آر ڈر رویندر سنگھ یادو کے ساتھ ماڈل ٹاؤن کے ڈی اے وی اسکول جاکر حالات کا جائزہ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK