• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈونالڈ ٹرمپ کے ہیئر اسٹائل کے اخراجات پر ریپبلکن پارٹی کے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ

Updated: November 18, 2026, 6:01 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہیئر اسٹائل اور میک اپ سے متعلق اخراجات کے سلسلے میں ریپبلکن پارٹی کے فنڈز کے فورنسک آڈٹ کا مطالبہ تیز ہوتا نظر آرہا ہے۔ یہ مطالبہ ناراض ریپبلکن اراکین اور ٹرمپ مخالفین کی جانب سے کیا جا رہاہے، حالانکہ ٹرمپ ان دنوں اپنے بالوں سے متعلق عوامی تبصرے کرتے بھی دکھائی دیئے۔ تاہم، ان کے ٹیکس ریکارڈ سے اس بات کا بھی انکشاف ہو چکا ہے کہ انہوں نے اپنے ایک ٹی وی شو `دی اپرنٹس‘ کی میزبانی کے دوران ہیئر اسٹائلنگ پر۷۰؍ ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ کئے تھے۔

US President Donald Trump. Photo: INN.
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بالوں اور میک اپ کے اخراجات کی فنڈنگ کو لے کر ریپبلکن پارٹی کے اندر ایک طرح کی خانہ جنگی چھڑ گئی ہے۔ یہ تنازع ان کے حالیہ دورۂ ایشیا کے دوران سامنے آیا، جہاں تیز ہوا اور بالوں کے رنگ میں بظاہر تبدیلی نے انٹرنیٹ پر لوگوں کی خاصی توجہ حاصل کی۔ بالوں اور میک اپ کے یہ بل دراصل ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) کے خلاف پارٹی کے ناراض اراکین کی بڑی شکایات کی ایک علامت بن گئے ہیں۔ فنڈ ریزنگ (چندہ جمع کرنے) میں واضح برتری کے باوجود پارٹی کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ آر این سی نے عطیہ دہندگان کے پیسے کیسے خرچ کئے، اس کا فارنسک آڈٹ کرایا جائے۔ ٹینیسی سے کمیٹی کے رکن آسکر بروک نے کہا کہ ’’فارنسک آڈٹ کیلئے واضح طور پر زبردست حمایت ابھر رہی ہے۔‘‘ تاہم، صدر کے بالوں کو سنوارنے پر آنے والی اصل لاگت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: منیلا: ٹرمپ کا صحافیوں کو جواب، مودی سے کہا ’دیکھیں میں کتنے مشکل سوال لیتا ہوں‘

ٹرمپ نے حالیہ مہینوں میں خود بھی اپنے بالوں کے بارے میں کئی عوامی تبصرے کئے ہیں۔ ۷؍ اکتوبر کو ٹیکساس میں انہوں نے اسکرین پر اپنے سر کے پچھلے حصے کو دیکھا اور کہا، ’’ایک منٹ رکیں... میں اس وقت خوش نہیں ہوں... اوپر سے بال تھوڑے پتلے ہو رہے ہیں، میں خوش نہیں ہوں۔ یہ اچھی خبر نہیں ہے۔ اب میں اداس ہو گیا ہوں۔ میں نے کہا تھا کہ میں آج رات واقعی شاندار لگ رہا ہوں اور پھر میں نے خود کو پیچھے سے دیکھ لیا۔ یہ اچھا نہیں ہے۔‘‘ ستمبر میں ڈیلاس میں آر این سی کے مڈٹرم کنونشن کے دوران بھی انہوں نے بڑی اسکرینوں پر اپنے سر کا پچھلا حصہ دیکھ کر کہا تھا، ’’مجھے وہاں پیچھے تھوڑا اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ مجھے وہ تھوڑی سی جلد جو نظر آ رہی ہے پسند نہیں، میں اس سے خوش نہیں ہوں۔ یہ اچھا نہیں ہے۔ مجھے اوپر نہیں دیکھنا چاہئے تھا۔‘‘ اسی ماہ وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں ایک تقریر کے دوران انہوں نے طویل عرصے سے وِگ (مصنوعی بال) پہننے کی افواہوں کا جواب دیتے ہوئے کہا، ’’برسوں تک مجھے لوگوں کی یہ باتیں سن کر تکلیف اٹھانی پڑی کہ وہ وِگ پہنتا ہے۔ میں وِگ نہیں پہنتا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: چیک جمہوریہ میں سرکاری میڈیا اداروں کی فنڈنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کےاقدام پرمظاہرہ

نومبر ۲۰۲۶ء کے وسط مدتی ( مڈٹرم) انتخابات میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد آر این سی کی اندرونی قیادت کی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ آر این سی کے ۱۶۸؍ اراکین میں سے کچھ لوگ چیئرمین جو گروٹرز کو ہٹانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ مطالبہ یہ ہے کہ ٹرمپ کے منتخب کردہ فلوریڈا کے اس ریاستی سینیٹر کی جگہ کینٹکی کی شریک چیئر کے سی کروسبی کو لایا جائے۔ مخالفین کی تحقیق اور ای میلز لیک کرنے والے کچھ ناراض اراکین آر این سی کے اخراجات کے فارنسک آڈٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ گولف کے ایک ایونٹ میں ’’مہمان نوازی کی جگہ‘‘ کیلئے  کی گئی ۲۲؍ ہزار ۵۰۰؍ ڈالر کی ادائیگی اور چھ ماہ کے ایک مختصر معاہدے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ بالوں اور میک اپ کے اخراجات بھی اس تنازع کا ایک خاص نقطہ ہیں۔ آر این سی نے اپریل سے نومبر ۲۰۲۵ء کے درمیان ’’میڈیا کی تیاری‘‘ پر ۵۹؍  ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ کئے، جو دو میک اپ آرٹسٹوں کو ادا کئے گئے۔ فاکس نیوز کی سابق صحافی برٹنی گوئٹز کو ۵۳؍ ہزار۸۵۰؍ ڈالر ملے اور باقی رقم کیرولا مائرز کو دی گئی۔ ان کی خدمات ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور وائٹ ہاؤس کی سابق پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ کو فراہم کی گئیں۔ گوئٹز کو اگست ۲۰۲۵ء  میں ۲۱؍ ہزار ڈالر سے زیادہ اور ستمبر سے نومبر تک ہر ماہ ۱۰؍ ہزار ۷۷۰؍ ڈالر ادا کئے گئے۔ گروٹرز نے آر این سی کے اراکین کو لکھے گئے ایک خط میں بالوں اور میک اپ کے اخراجات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ہم سے کی گئی ایک درخواست تھی تاکہ یہ خرچ ٹیکس دہندگان پر نہ پڑے۔‘‘ ۶؍ نومبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک میٹنگ کے دوران، ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر اراکین نے ان کی قیادت کے خلاف ووٹ دیا تو وہ آر این سی کیلئے فنڈ ریزنگ میں مدد روک دیں گے، جس میں تقریبات میں شرکت اور چندے کی اپیلوں میں ان کے نام اور تصویر کا استعمال شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ نے غزہ پر اپنی اخلاقی بلندی کھودی ہے: وزیراعظم ا ینڈی برنہم

برسوں کے دوران ٹرمپ کے بالوں کے رنگ اور ساخت میں کئی تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹی وی شو `دی اپرنٹس‘ کی میزبانی کے دوران ہیئر اسٹائلنگ پر ۷۰؍ ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ کئے تھے۔ وفاقی انتخابی مہم کے مالیاتی ریکارڈ سے یہ الگ الگ معلوم نہیں ہوتا کہ ’’میڈیا کی تیاری‘‘ کے ۵۹؍ ہزار ڈالر سے زائد اخراجات میں سے خود ٹرمپ پر کتنا خرچ ہوا۔ گروٹرز نے اس خرچ کا دفاع کرتے ہوئے دلیل دی کہ ٹرمپ، وینس اور لیویٹ نے اس انتخابی دور میں آر این سی کو اپنا قیمتی وقت فراخدلی سے دیا اور ’’بدلے میں ہم سے زیادہ کچھ نہیں مانگا، اس لئے ہم نے محسوس کیا کہ یہ ایک ایسی درخواست ہے جسے ہم پورا کر سکتے ہیں۔‘‘ خود ٹرمپ کے بالوں پر آنے والے اخراجات کا واحد دستاویزی ریکارڈ وہی ہے جو ۲۰۲۰ء میں `دی نیویارک ٹائمزنے ظاہر کیا تھا۔ ان کے ٹیکس ریکارڈ سے پتہ چلا تھا کہ انہوں نے `دی اپرنٹس کی میزبانی کے سالوں کے دوران ہیئر اسٹائلنگ کے اخراجات کی مد میں ۷۰؍ ہزار ڈالر سے زیادہ کی رقم کو کاروباری خرچ ظاہر کر کے ٹیکس میں چھوٹ حاصل کی تھی۔ کئی ٹیکس ماہرین نے اس وقت کہا تھا کہ یہ کٹوتی غالباً قانونی طور پر جائز نہیں تھی۔ ٹرمپ کے نو کاروباری اداروں نے ان کی بیٹی ایوانکا کے پسندیدہ ایک ہیئر اینڈ میک اپ آرٹسٹ کو ادا کئے گئے تقریباً ۹۵؍ ہزار الر کو بھی کاروباری اخراجات میں دکھایا تھا۔ ظاہری شکل و صورت پر آر این سی کا خرچ کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے، سابق چیئرپرسن رونا میکڈینیئل کے دور میں کمیٹی نے صرف ۲۰۲۳ء میں بالوں اور میک اپ پر ۱۷؍ ہزار ڈالر خرچ کئے تھے اور ۲۰۱۷ء سے اب تک ایسی خدمات کیلئے تقریباًایک لاکھ ڈالر ادا کئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK