Inquilab Logo

لاک ڈاؤن کی نئی گائیڈلائن کے پیش نظربورڈ امتحانات ملتوی کرنےکا مطالبہ

Updated: April 06, 2021, 2:16 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکول انتظامیہ ، اساتذہ ، طلبہ او ر تعلیمی تنظیموں میں تشویش ، سوال کیا کہ سنیچر کو مکمل لاک ڈاؤن کے سبب اس دن اپریل اور مئی میں امتحانات کیسے منعقدکئے جائیںگے، اگر پرچہ کسی اور دن لیا جاتا ہے تو ایک بار پھر ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کرنی ہو گی، کورونا کے معاملات بڑھتے رہے تو آف لائن امتحانات کیسے منعقد کئے جائیں گے۔ اس معاملےپر وزیراعلیٰ اوروزیرتعلیم کی میٹنگ متوقع

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 کوروناوائرس پھیلنے کے سبب لاک ڈاؤن کی نئی گائیڈ لائن سے ایک بار پھر بورڈ امتحانات منعقدکرنے سے متعلق اسکول انتظامیہ ، ماہرین تعلیم، اساتذہ ، طلبہ اور تعلیمی تنظیموں میں تشویش پائی جارہی ہے کیونکہ سنیچر کو مکمل لاک ڈائون ہونےسے اپریل اور مئی میں سنیچر کے دن منعقدکئےجانے و الے بورڈ امتحانات  میں مسئلہ پیش آئے گا ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم سے سوال کیا کہ اگر سنیچر کا پیپر کسی اور دن منتقل کیا جاتا ہے تو ایک بار پھر ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کرنی ہوگی ۔ اگر اسی طرح کوروناکے معاملات بڑھتے رہے تو آف لائن امتحانات کیسے منعقد کئے جائیں گے  ۔ پیر کو مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سینا نے بورڈ امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ اس ضمن میں جلد ہی وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے اور وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کی میٹنگ متوقع ہے۔  یوٹیوب ایجوکیٹرس گروپ کے رکن پروفیسر دینش کمار گپتا نے بتایاکہ ’’ کوروناکے معاملات میں اضافہ کے سبب بورڈامتحانات کے تعلق سے ایک بار پھر تذبذب کا ماحول پیداہورہاہے۔ ایچ ایس سی اور ایس ایس سی امتحا ن شروع ہونے میں صرف ۱۵؍تا ۲۰؍دن باقی ہیں۔دوسری طرف شہرو مضافات میں کوروناوائر س کےمریضوںمیں تیزی سے اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے حکومت نے احتیاطی طورپرلاک ڈاؤن کی نئی گائیڈلائن جاری کی ہے جس کے مطابق سنیچر اوراتوار کو مکمل لاک ڈائون  ہوگا  ۔اس  صورت میں سنیچر کو ہونے والے پرچے کا کیا ہوگا،  اس بارے میں ابھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔اگر آف لائن امتحانات منعقدکئے جاتے ہیں تو سنیچر کے پیپر کو کسی اور دن منتقل کیاجائے گا جس سے ٹائم ٹیبل میں ایک بار پھر تبدیلی کی جائے گی۔ نئی گائیڈ لائن کی سختیوں سے  طلبہ اور سرپرستوںمیں آف لائن امتحانات سے متعلق  ڈرو خوف کا ماحول پیدا ہورہاہے۔ اس طرح کے متعدد مسائل ہیں جن سے ایک بار پھر اساتذہ، طلبہ اور سرپرست  پریشان ہیں حالانکہ اس ضمن میں جلد ہی وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کی میٹنگ ہونےوالی ہے۔‘‘
  مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سینا کے صدر ڈاکٹر جے ایم ا بھینکر نے پیر کو وزیرتعلیم ورشاگائیکواڑ کو بورڈ امتحانات ملتوی کرنےکا مشورہ دیاہے۔ انہوںنے اپنے مکتوب میں وزیر تعلیم سے کہا ہےکہ کوروناوائر س کےمریضوںمیں ہونےوالے اضافے کے سبب ریاست میں سنیچر اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون نافذکئے جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ساتھ ہی دیگر دنوںمیں دن کے اوقات میں بھی ایک مقام پر ۵؍ سے زیادہ افراد کے جمع ہونےکو ممنو ع قرار دیاہے۔ اس طرح کےحالات میں ۲۳؍اپریل سے آف لائن بورڈ امتحانات کا آغاز ہونےوالا ہے۔ایک امتحان گاہ میں کم ازکم ۵۰۰؍ طلبہ ایک ساتھ جمع ہوںگے۔ایسی صورت میں سوشل ڈسٹینسنگ قائم رکھنا ممکن نہیں ہے۔ حالانکہ نئی گائیڈلائن ۳۰؍ اپریل تک کیلئے ہےلیکن جس طرح کے حالات ہیں، ایسے میں نئی پابندیوں پر کب تک عمل کیا جائے گا، کچھ کہا نہیں جاسکتاہے۔ اس لئے ہمارامطالبہ ہے کہ بورڈ امتحانات ملتوی کرکے جون میں منعقد کئے جائیں ساتھ ہی دوپرچوں کے درمیان کاوقفہ کم کیا جائے۔ ایک دن میں ۲؍پرچے لئے جائیں ۔ عوامی تعطیل کے دن بھی امتحان منعقدکرکے جنگی پیمانے پر پرچوں کی جانچ کی جائے تاکہ جولائی کے آخر تک رزلٹ جاری کردیئے جائیں۔ ‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ’’طلبہ کی صحت اور تعلیمی اہمیت کو دیکھتے  ہوئے حکومت سے اپیل ہےکہ بورڈ امتحان کو ملتوی کرنےکا فیصلہ جلد ازجلد کیا جائے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK