Inquilab Logo

عیدالاضحی کے موقع پر شہرومضافات میں قربانی کیلئے انتظامات کرنےکا بی ایم سی سے مطالبہ

Updated: July 01, 2020, 8:29 AM IST | Kazim Shaikh | Deonar

ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے اس تعلق سے جلد ہی متعلقہ میونسپل افسران سے میٹنگ کرنے کا یقین دلایا

Eid al Adha - Pic : INN
عیدالاضحی۔ تصویر : آئی این این

اگرامسال دیونار مارکیٹ میں قربانی کے بکروں کی خرید وفروخت کی اجازت  نہیں دی جا سکتی ہے تو شہرو مضافات میں اس کیلئے  بی ایم سی کے ذریعہ  انتظامات کےساتھ عارضی مارکیٹ بناکر  اس میں خرید و فروخت کا انتظام کیا جائے ۔ یہ مطالبہ ممبئی شہر کےنگراں  وزیر اسلم شیخ کو آل انڈیا جمعیت القریش کے سابق یوتھ صدرکی جانب سے کیا گیا ہے۔انھوں نے بڑے  جانوروں کی قربانی کے تعلق سے بھی   ایک  تجویز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اس پر عمل کیاگیا تو کوروناوائرس سے متعلق گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کی جاسکتی ہے۔
 آل انڈیا جمعیت القریش ممبئی کے سابق یوتھ صدر گلریز ایس قریشی نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ   اس سال دیونار میں  بڑے جانوروں کی قربانی اور قربانی کیلئےبکروں کی آمد کیلئے  اب تک کوئی کام شروع نہیں  ہوا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ   اس سلسلے میں ہم نے ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ سے خصوصی طورپر  ملاقات کی  اور ان کے سامنے جانوروں کی قربانی اور خریدوفروخت سے متعلق کئی تجاویز پیش کی تھیں ۔ انھوں نے مجھ سےقربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت اور بڑے  جانوروںکی قربانی کے سلسلے میںتجویز منگوائی تھی اور میں نے انھیں۲۸؍ جون کو مختلف تجاویز بھی پیش کی تھیں ۔ 
 گلریز کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ آزاد میدان ممبئی ،ریکلمیشن  باندرہ، اوشیوارہ جوگیشوری  ،  آرے کالونی گوریگاؤں ، مہاڈا گراؤنڈ ملاڈ ، چیک ناکہ دہیسر میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کے ذریعہ پانی، بجلی ، واش روم ، سی سی ٹی وی کیمرے اور پولیس   بندوبست کے ساتھ عارضی انتظامات کردیئے جائیں تو یہ دیونار مارکیٹ  کا نعم البدل ہوسکتا ہے ۔ ان مقامات پر شہرو مضافات کے لوگوں کیلئے بکروں کی خریدوفروخت میں کوئی دشو اری نہیں ہوگی ۔  انھوں نے مزید کہا کہ اسی طرح دیونار میں بڑے جانوروں کی خریدو فروخت ترتیب وار ٹوکن  نمبر کے ساتھ کی جائے ۔ تمام بڑے جانوروں کو  ٹوکن نمبر کے ساتھ ۳؍ دنوں میں تقسیم کرکے  ان کی  قربانی کا وقت مقرر کردیا جائے ۔ گوشت وغیرہ کیلئے پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال کیا جائے تو  اس طرح ۳؍ دنوں میں بڑے جانوروں کی  قربانی  آسانی کے ساتھ کی جاسکتی ہے۔ ایسے حالات میں سوشل ڈسٹینسنگ اور میونسپل کارپوریشن کی گائیڈ لائن کے مطابق تمام کام بخوبی انجام دیا جاسکتا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK