Inquilab Logo

بی جے پی لیڈر کے گھر پر طالبہ کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ

Updated: November 11, 2023, 8:22 AM IST | Agartala

تریپورہ میں سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری نے وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر ایس آئی ٹی تشکیل دینےکی مانگ کی

Jitendra Chaudhary
جتیندر چودھری

 تریپورہ میں اپوزیشن مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) کے ریاستی سیکریٹری اور ایم ایل اے جتیندر چودھری نےجمعہ کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا کو لکھے گئے خط میں نویں جماعت کی طالبہ دیپاشری داس کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ایک لیڈرکے گھر پر مبینہ قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔چودھری نے الزام لگایا کہ طالبہ دیپاشری داس کو مذہبی شدھی کرن کے بہانے بی جےپی لیڈر بپلب سین کے گھر لے جایا گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔ چودھری نےخط میں کہا ہے کہ دیپاشری داس کو مذہبی شدھی کرن کے لیے جنوبی تریپورہ کے تحت سبروم میں کلچیرا کے بی جے پی لیڈر بپلب سین کے گھر کے اندر قید کر کے مبینہ طور پر غیر معمولی صورت حال میں قتل کیے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ لڑکی کو سبروم میں سین کے گھرلے جایا گیا جہاں لوگوں کے ایک گروپ نےاس پر تشدد کیا۔ ۸؍اکتوبر کو اسے شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال لے جایا گیا۔ بعد ازاں اسےتشویشناک حالت میں اگرتلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور پھر کولکاتہ لے جایا گیا، جہاں ایک ہفتہ بعد اس کی موت ہوگئی۔انہوں نے الزام لگایاکہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت مختلف سطحوں پر پولیس کو بار بار درخواستوں کے باوجود پولیس نے اب تک اس کے قتل کے پس پردہ مجرم کی گرفتاری اور حقیقت کو ظاہر کرنے کے لیے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ نہ تو تریپورہ ویمن کمیشن کی چیئرپرسن اور نہ ہی اس کے کسی رکن نے اب تک اس المناک واقعہ کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔ اس کے برعکس وہ دیپاشری داس کے مبینہ قاتل بپلب سین کے گھر گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عام بات ہے کہ خواتین پر ظلم اور ناانصافی سے متعلق کسی بھی معاملےکے سلسلے میں کمیشن کسی بھی جگہ کا دورہ کرنے کے بعد بیان دیتا ہے، لیکن اس معاملےمیں خواتین کمیشن مشکوک طور پر خاموش ہے۔ سی پی آئی (ایم) لیڈر نے دعویٰ کیا کہ سین جو اس کیس کے اہم ملزم مانے جاتے ہیں، نے منو بازار پولیس اسٹیشن کے او سی کے ساتھ بند کمرے  میں کئی میٹنگ کی ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے معاملےمیں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات صاف ظاہرکرتے ہیں کہ دیپاشری داس کے مبینہ قتل کے موجودہ مجرموں کو بری کرنے اور کیس کو دبانے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے اس کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے اور مبینہ مرکزی ملزم سین کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی درخواست کی۔

tripura Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK