فرض شناس اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے کارروائی کے دوران موبائل فون بند کردیا اور ۴، ۵؍ گھنٹے بعد آن کیا توکارروائی رکوانے کے۵۰؍سے زائد کال تھے۔
EPAPER
Updated: September 19, 2025, 6:45 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
فرض شناس اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے کارروائی کے دوران موبائل فون بند کردیا اور ۴، ۵؍ گھنٹے بعد آن کیا توکارروائی رکوانے کے۵۰؍سے زائد کال تھے۔
ایماندار سرکاری افسر اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانتداری کے ساتھ نبھاتا ہے اور وہ کسی بھی صورت میں رشوت یا ناجائز فائدہ حاصل کرنے سے گریز کرتا ہے۔ ایسے ہی ایک فرض شناس اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے ایک غیرقانونی عمارت کو منہدم کرنے کیلئے کسی بھی سیاسی اثر ورسوخ کو خاطر میں نہیں لایا اور اسے زمین بوس کردیا۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر پرمود پاٹل نے غیرقانونی عمارت کی اطلاع ملتے ہی اپناموبائل فون بند کردیا اور۲؍ منزلہ زیر تعمیر عمارت کو چار گھنٹے میں منہدم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کے ڈی ایم سی کی حدود میں آنے والے علاقے ٹٹوالا اور اطراف میں بڑے پیمانے پر غیرقانونی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ پچھلے چند مہینوں سے شہری انتظامیہ نے متعدد غیرقانونی عمارتوں کے خلاف ایک مہم بھی چلارہی ہے مگر اس تعلق سے سوال اٹھایا جارہا ہے کہ جب یہ غیرقانونی عمارتیں تعمیر کی جارہی تھیں تب میونسپل افسران نے ان پر کارروائی کیوں نہیں کی۔
اسسٹنٹ میونسپل کمشنر پرمود پاٹل کو اطلاع ملی تھی کہ اٹالی میں غیر قانونی عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ اس پر انہوں نے بیٹ مقادم اور سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کیا۔ انہیں یہ بھی اطلاع ملی کہ بلڈر چوری کی بجلی کا استعمال کرکے ۳ ؍ منزلہ غیرقانونی عمارت تعمیر کررہا تھا۔ عمارت کا پہلا اور دوسرا منزلہ تعمیر ہوچکا تھا۔ اسسٹنٹ میو نسپل کمشنر پرمود پاٹل نے اس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ جس جگہ غیر قانونی عمارت ہورہی تھی، وہ جگہ کافی تنگ تھی جس کی وجہ سے وہاں جے سی بی یا کوئی گاڑی داخل نہیں ہوسکتی تھی۔ اس لئے انہدامی دستہ نے گیس کٹر اور دیگ ر اوزار کی مدد سے ۴؍ سے ۵؍؍ گھنٹے میں زیرتعمیر عمارت کو منہدم کردیا۔ عمارت کی تعمیر کیلئے لایا ہوا سیمنٹ، گریڈ اور دیگر سامان بھی ضبط کرلیا۔
اس بارے میں جب میونسپل افسر نے مقامی افراد سے پوچھا کہ غیر قانونی عمارت کون تعمیرکررہا ہے تو اس بارے میں کسی نے جواب نہیں دیا۔ جب غیرقانونی عمارت کو منہدم کیا جارہا تھاتو پرمود پاٹل نے اپنا موبائل فون سوئچ آف کردیا تھا تاکہ’ `اوپر‘ سے کوئی دباؤ نہ آسکے۔ انہدامی کارروائی کے بعد جب پرمود پاٹل نے جیسے ہی اپنا موبائل فون شروع کیاتب میسیج کے ذریعہ معلوم ہوا کہ انہیں ۵۰ سے زائد کال موصول ہوئے تاکہ کارروائی کو روکا جاسکیں۔
گزشتہ کئی مہینوں سے جاری انہدامی کارروائی سے زمین مافیا میں خوف کا ماحول ہے۔ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر پرمود پاٹل نے انتباہ دیا ہے کہ اگر غیرقانونی عمارتیں دوبارہ تعمیر کی جائیں گی تو بلڈروں کے خلاف ایم آر ٹی پی کا کیس درج کیا جائے گا۔