Updated: May 20, 2026, 2:46 AM IST
| Mumbai
عید الاضحی کے موقع پر ہر سال سماج دشمن عناصرقربانی کے جانوروں کو لانے والی گاڑیوں کو غیر قانونی طریقے سے روکتے ہیں اوربیوپاریوں کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہیں۔ اس طرح کی وارداتوں کو روکنے کے تعلق سےریاست کے چیف سیکریٹری راجیش اگروال کی صدارت میں مسلم اراکین اسمبلی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ۱۹؍ مئی کو منترالیہ میں منعقد کی گئی۔
عیدالاضحی کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں
عید الاضحی کے موقع پر ہر سال سماج دشمن عناصرقربانی کے جانوروں کو لانے والی گاڑیوں کو غیر قانونی طریقے سے روکتے ہیں اوربیوپاریوں کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہیں۔ اس طرح کی وارداتوں کو روکنے کے تعلق سےریاست کے چیف سیکریٹری راجیش اگروال کی صدارت میں مسلم اراکین اسمبلی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ۱۹؍ مئی کو منترالیہ میں منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں چیف سیکریٹری نے محکمہ داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ مویشیوںکی گاڑیاں غیر قانونی طریقے سے روکنے والوںکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ ساتھ ہی اگر کوئی بیوپاری ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہےتو اس سے جرمانہ عائد کیاجائے۔
اس میٹنگ میں اراکین اسمبلی ابو عاصم اعظمی، اسلم شیخ، امین پٹیل، رئیس شیخ، ثنا ملک، رکن کونسل ذیشان صدیقی، سابق کارپوریٹر جاوید جنیجا کے علاوہ آل انڈیا کھٹک آرگنائزیشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ اس میٹنگ میں جانوروں کے بیوپاریوں کو درپیش مسائل اور انہیں ہونےو الی پریشانیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رئیس شیخ کے بقول بقرعید کے موقع پر دیونار سلاٹر ہاؤس میں بڑے جانور کے فٹ نیس سرٹیفکیٹ کی فیس جو ۲۰۰؍روپے تھی اسے۲۰؍ روپے کر دیا گیا ہے، اسکے علاوہ ممبئی میں قربانی کیلئے ۷۰؍ مقامات تھے، اب اسے بڑھا کر۱۰۹؍ کیا گیا ہے۔ کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پہلے ہی قربانی کیلئے لائسنس دے دیئے گئے ہیں۔ دکانداروں کو بھی قربانی کی اجازت دے دی گئی ہے۔
بغیر ٹیگ والے بکرے اور بھیڑ کی خرید و فروخت ممنوع ہے۔ لیکن اراکین اسمبلی کی جانب سے چیف سیکریٹری سے یہ درخواست کی گئی تھی کہ بقرعید کے موقع پر اس اصول میں نرمی لائی جائے۔ کیونکہ متعدد بکرے فارم ہاؤس سے بھی لائے جاتے ہیں جن پر ٹیگ نہیں ہوتے ۔ یا بکرا خریدنے کی رسید بھی نہیں ہوتی۔ اس ضمن میں چیف سیکریٹری نے میٹنگ میں ہی بی ایم سی اور ریاستی حیوانات کے محکمہ کو یہ ہدایت دی کہ عید قرباں کے موقع پر بغیر ٹیگ والے بکرے خریدنے کی بھی اجازت دی جائے۔منترالیہ میں چیف سیکریٹری کے کمیٹی ہال میں منعقدہ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر)، حیوانات اور ڈیری ڈیولپمنٹ، دیہی ترقی اور تعاون اور مارکیٹنگ کے محکموں کے پرنسپل سکریٹریز اور ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں نے ٹیلی کانفرنس سسٹم کے ذریعے ذاتی طور پر شرکت کی۔
رکن اسمبلی ثنا ملک نے بھی عید قرباں کے موقع پر آنے والے متعدد مسائل پیش کئے ۔ مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے صدرابو عاصم اعظمی نے اس میٹنگ میں چیف سیکریٹری کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں دیونار بکرا منڈی، جانوروں کے تاجروں اور قربانی کے جانوروں کی نقل و حمل سے متعلق مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا۔ میٹنگ میں مطالبہ کیا گیا کہ تاجروں کو راستے میں پولیس کی جانب سے غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کیا جائے۔ دیونار سلاٹر ہاؤس کے احاطے میں پینے کا صاف پانی، صاف بیت الخلاء، گاڑیوں کی پارکنگ، جانوروں کو گرمی سے بچانے کیلئے شیڈ اور پانی کے چھڑکاؤ، بیمار جانوروں کیلئے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم چوبیس گھنٹے تعینات کی جائے، دیونار سلاٹر ہاؤس میں سی سی ٹی وی اور۲۴؍ گھنٹے ڈرون کیمروں کی نگرانی کی جائے۔