Inquilab Logo

ممبئی شہر کے تبلیغی اجتماع کیلئے دیونار گراؤنڈ پر تیاریاں زوروں پر

Updated: January 23, 2023, 12:42 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Govandi

کورونابحران کے بعدپہلی مرتبہ منعقد کئے جانے والے سہ روزہ اجتماع کیلئے نوجوان ، بزرگ اور بچے رات دن خدمت میں مصروف۔ ۲۷؍ تا ۲۹؍ جنوری کو ہونے والے اجتماع کا پہلا دن ذمہ داران کے مشورے اور انتظامی امور کیلئے مختص ہوگا۔ دوسرے دن بعد نماز فجر اجتماع کا آغاز ہوگا

People engaged in preparations for the three-day Tablighi Jamaat at Deonar Ground; (Photo: inquilab)
دیونارگراؤنڈ میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریوں میں مصروف افراد; (تصویر: انقلاب)

):ممبئی شہر کے تبلیغی اجتماع کیلئے دیونار گراؤنڈ پر تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ کورونابحران  کے بعد پہلے مرتبہ منعقد کئے جانے والے سہ روزہ اجتماع کیلئے نوجوان ، بزرگ اور بچے رات دن خدمت میں مصروف ہیں۔۲۷؍ تا ۲۹؍ جنوری منعقد ہونے والے  اجتماع کا پہلا دن ذمہ داران کے مشورے اور انتظامی امور کیلئے مختص ہوگا۔ دوسرے دن بعد نماز فجر عمومی اجتماع کا آغاز ہوگا اور اتوار کو بعد نماز عشاء دعا پر ختم ہوگا۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ داران اور دیونار (گوونڈی) میں کام‌کی نگرانی کرنے والوں  نے نمائندہ انقلاب کے استفسار پر مذکورہ بالا تفصیلات سے آگاہ کروایا۔
  یہ اتفاق ہے کہ کورونابحران سے قبل بھی اسی گراؤنڈ پر تبلیغی جماعت کا اجتماع ہوا تھا۔ اس دفعہ بھی اسی میدان میں اجتماع کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہاں کام کی شروعات جنوری کے پہلے ہفتے سے کر دی گئی ہے۔ چونکہ اسی گراؤنڈ پر پہلے بھی اجتماع ہو چکا ہے اس لئے کام میں آسانی ہو رہی ہے اور استنجاء خانہ ، بیت الخلاء اور وضو خانہ وغیرہ کے ساتھ وسیع و عریض پنڈال بنانے میں کسی قدر آسانی ہو رہی ہے۔ 
 جماعت کے مشورے میں اجتماع سے متعلق مختلف امور کو تقسیم کر دیا گیا ہے اور علاقے کی سطح پر جماعت کے ذمہ داروں کو الگ الگ کام سونپے گئے ہیں جیسے پانی کے ذخیرہ کا کام اندھیری جماعت کے سپرد کیا گیا ہے تو استنجاء خانہ اور بیت الخلاء بنانے کا کام مالونی حلقے والوں کے ذمے کیا گیا ہے،اسی طرح دیگر امور کی تقسیم ہے۔ ۳؍ برس کے بعد یہ پہلا اجتماع ہے اس لئے اسی کے مطابق مختلف حلقوں میں اجتماع کے تعلق سے آواز لگائی گئی ہے اور ذمہ داران نے لوگوں کو متوجہ کیا ہے۔ اس لئے انہیں یہ امید ہے کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ اجتماع میں شریک ہوںگے۔ 
 اجتماع کی ترتیب کے مطابق جیسا کہ ہر بڑے تبلیغی اجتماع میں ہوتا ہے، اس اجتماع میں بھی ۱۰۰؍کے قریب نکاح ہو نے کی امید ہے۔ نکاح کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ذمہ داران کے مطابق سادگی سے نکاح کیلئے بھی لوگوں کے درمیان بات چلائی جا رہی ہے۔ یہ امت کی بڑی ضرورت ہے کہ نکاح سنت کے مطابق سادگی اور آسانی سے کیا جائے، بے جا رسوم اور دولت کی نمائش سے جہاں یہ مقدس سنت پامال ہو رہی ہے وہیں غریب والدین کیلئے بیٹیوں کا نکاح مشکل ترین مرحلہ بن گیا ہے۔
  ذمہ داران اجتماع کے مطابق یوں تو تین دن کا اجتماع ہے لیکن جماعتوں کے ذریعے دو دن کیلئے ہی عمومی اجتماع کی صدا لگائی گئی ہے اور یہی پیغام عام کیا گیا ہے۔ پہلے دن ذمہ داران باہمی مشورہ، انتظامی امور، جماعتوں کو نکالنے اور تبلیغ کے کام کو آگے بڑھانے کے رخ کے بارے میں گفتگو کریں گے،  دوسرے دن بعد نماز فجر عمومی اجتماع کا آغاز ہوگا اور اتوار کو عشاء کی نماز کے بعد دعا پر اجتماع ختم‌ ہوگا۔ اس اجتماع میں شہر و مضافات کے تبلیغی جماعت کے ذمہ داران کے ساتھ نظام الدین مرکز سے بھی ذمہ داران خصوصاً حضرت جی کے بیٹے مولانا یوسف صاحب اور دیگر علماء اور ذمہ داران کی آمد متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK