۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۰؍ سے زائد زخمی، کئی شہر متاثر، پولیس ہیڈ کواٹرز، ڈیفنس کمیونی کیشن سینٹر اور امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر حملے۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 9:32 AM IST | Tal Aviv
۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۰؍ سے زائد زخمی، کئی شہر متاثر، پولیس ہیڈ کواٹرز، ڈیفنس کمیونی کیشن سینٹر اور امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر حملے۔
اتوار کو اسرائیل کو اپنے اب تک کے سب سے جدید میزائلوں سے نشانہ بنا کرایران نے صہیونی ریاست میں تباہی مچادی۔ حملوں میں ۲۴؍ گھنٹوں میں کم از کم ۱۰۸؍ اسرائیلی زخمی ہوئے جن میں سے ۲؍ کی حالت نازک ہے۔ ۲۸؍ فروری کے بعد سے ایرانی حملوں میں ۳؍ہزار سے زائد اسرائیلی زخمی ہوچکے ہیں۔
اتوار کےحملوں نے ٹرمپ کے ان دعوؤں کی تردید کردی کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے برخلاف امریکی میڈیا میں آنے والی ان خبروں کی تصدیق ہوتی نظر آئی کہ اسرائیل کے پاس انٹرسیپٹر میزائلوں کی کمی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے وہ ایران کی جانب سے داغے جانےوالے میزائلوں کو فضا میں ہی نشانہ بنانے میں کمزور پڑ رہا ہے۔ اتوار کے حملے میں پولیس ہیڈ کواٹرز اور تل ابیب کے انتہائی اہم ’گیلات ڈیفنس‘سیٹیلائٹ کمیونی کیشن سینٹر کو نشانہ بنایاگیا۔ ایرانی میزائلیں امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کو نشانہ میں بھی کامیاب رہیں۔ الجزیرہ کی نمائندہ نور عودہ نے اتوار کے حملوں کو شدید ترین حملہ قرار دیا ہے۔ اسرائیل میں موجود اپنے ذرائع سے بات چیت کی بنیاد پر انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی شہریوں نےصبح سے دوپہر تک ایران کی جانب سے حملوں کی کم از ۱۰؍ لہروں کا سامنا کیا۔ اسرائیل میں موجود وہ افراد جو الجزیرہ کے نمائندہ کے رابطہ میں ہیں نے بتایا ہےکہ ’’ایران کے خلاف جنگ چھیڑے جانے کے بعد سے اب تک یہ سب سے سخت دن ثابت ہو رہاہے۔ ہم ایران کی طرف سے نئے طرح کے میزائل آتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: میکرون کی اسرائیل اورحزب اللہ کے درمیان پیرس میں جنگ بندی مذاکرات کرانے کی پیشکش
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن حملوں میں پورے خطے میں دشمن کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، ایران نے ’ملٹی پل ری انٹری ٹارگٹ ایبل‘ میزائل کا استعمال کیا ہےاوراسرائیلی فضائی آپریشن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر حملہ کے بعد ایرانی میزائل کے ٹکڑے سے اسرائیل میں امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ بھی نشانہ بنی۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتکار کی رہائش گاہ کے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔ امریکی سفارتکار کی رہائش گاہ میں موجودگی کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے، امریکی قونصل جنرل کے گھر کے اندرونی حصے کی تصاویر بھی جاری کر دیں۔ تل ابیب پر ایران کے ایک اور میزائل حملے میں متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں، اسرائیلی میڈیا نے تل ابیب میں گاڑیوں میں لگی آگ کی ویڈیو جاری کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ تل ابیب پر رات میں ۵؍ بڑے حملے کئے جس کی وجہ سے شہری کےمکینوں نے رات بھر انتہائی بے چینی میں گزاری۔