دیویندر فرنویس کا ہنگولی اور ناندیڑ میں انتخابی جلسوں سے خطاب ، اسکیم کے بند ہونے کی خبروں کو پروپیگنڈہ بتایا۔
دیویندر فرنویس (درمیان) اشوک چوان اور دیگر کے ساتھ۔ تصویر:آئی این این
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے جمعرات کے روز ہنگولی اور ناندیڑ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان اشوک چوان بھی ان کے ساتھ تھے۔ ہنگولی کے مہاتما گاندھی چوک پر منعقدہ جلسے میں فرنو یس نے اعلان کیا کہ ’’جب تک میں وزیر اعلیٰ ہوں، لاڈلی بہن اسکیم بند نہیں ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد اسکیم ختم ہونے کی افواہیں مخالفین کا پروپیگنڈہ ہے، جو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کا مقصد ریاست میں حقیقی ترقی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے مودی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار شہری منصوبہ بندی کو ترجیح دے کر بڑے فنڈ جاری کئے گئے ہیں، ہنگولی کی سدھیشور ڈیم واٹر اسکیم کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ شہر میں سڑکوں، تجارتی کمپلیکس اور دیگر شہری سہولیات کے تیسرے مرحلے کے کام بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ غیر مجاز تعمیرات کو قاعدے میں لاکر مستحقین کو ڈھائی لاکھ روپے روپے گھرکُل امداد فراہم کی جائے گی۔ ہنگولی کے جلسے میں میگھنا بورڈیکر، تاناجی مُٹّکُولے، رام راؤ وڈکوٹے، باباراؤ بانگر اور دیگر مقامی لیڈر بھی موجود تھے۔ اسی طرح کا جلسہ ناندیڑ کے لوہا علاقے میں بھی منعقد کیا گیا تھا۔