جنہیں ایس آر اے کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے ان کےلئے الگ فارم تیار کیا گیا ہے۔ دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے فارم بھروانے کا سبب۔یہ بتایا گیا کہ ضرورت پڑنے پر اسے ثبوت کے طورپرعدالت میں پیش کیا جائے گا اور ری ڈیولپمنٹ کے نام پرجاری دھاندلی بے نقاب کی جاسکےگی
دھاراوی بچاؤ آندولن کی فارم بھروانے سے متعلق میٹنگ این سی پی دفتر میں کی گئی۔ تصویر: آئی این این
دھاراوی کے مکینوں کے حق کی لڑائی منظم کرنے کی غرض سے دھاراوی بچاؤ آندولن (ڈی بی اے )نے مکینوں کے ۶؍اہم مطالبات پر مبنی ایک فارم تیار کیا ہے جسے مکینوں اور تاجروں سے بھروایا جائے گا۔ اس کے تعلق سے میٹنگ کی گئی اور یہ طے پایا کہ فارم بھرنے کا آغاز پیر۳۱؍ اگست کی شام ۴؍بجے سے سنویدھان چوک مکند نگر سے ہوگا۔اسی طرح جنہیں ایس آراے کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے ان کےلئے دو صفحے کا الگ فارم تیار کیا گیا ہے جس میں نوٹس کا جواب دیا جائے گا۔ فارم اورنوٹس کے نمونے کی کاپیاں ’انقلاب ‘کےپاس موجود ہیں۔
دھرنے مورچے کے بعد کاغذی کارروائی
اس طرح اب دھرنے مورچے ، احتجاج ، ریلی ، افسران سے ملاقات اور بینر پوسٹر لگاکر صدائے احتجاج بلند کرنے کے بعد اب دستاویزات کی شکل میںیہ لڑائی آگے بڑھائی جارہی ہے ۔
فارم بھروانے کامقصد
فارم بھروانے کامقصد یہ ہے کہ دستاویزی شکل میں ڈی بی اے کے پاس ٹھوس ثبوت جمع ہوجائے۔اگر عدالت جانے کی نوبت آئے تو اس فارم کو بطور ثبوت عدالت میں پیش کرکے یہ بتایا جاسکے کہ اتنی بڑی تعداد میں مکینوں اور تاجروں کے یہ مطالبات ہیں جبکہ ری ڈیولپمنٹ کی آڑ میں ڈیولپمنٹ پروجیکٹ اتھاریٹی (ڈی آر پی اے)اور اڈانی کی نوبھارت میگا ڈیولپمنٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ (این ایم ڈی پی ایل )زور زبردستی کی بنیاد پر ان مطالبات کے خلاف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ڈی آر پی وایس آرپی کی جانب سے غلط دعوے کئے جارہے ہیں۔
فارم میں لکھا گیا ہے کہ دھاراوی بچاؤ آندولن کے مطالبات کی ہم سب مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اس کے بعد فارم پردستخط کرنا ہوگا ۔اس طرح تحریری طور پرایک ٹھوس ثبوت دھاراوی بچاؤ آندولن کےپاس جمع ہوگا ۔اس کی مدد سے اس لڑائی کوآگےبڑھانے میں قانونی طور پرمدد ملے گی ۔ یہ تفصیلات دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ دارکامریڈ نصیرالحق نے بتائیں۔انہوں نے مزیدبتایاکہ ’’زور زبردستی اور جھوٹے دعوؤں کوان ثبوتوں کے ذریعے غلط ثابت کیا جاسکے گا اور یہ بھی واضح ہوجائے گا کہ دھرنے اور مورچے میں شامل ہونے والے ہزاروں دھاراوی واسیوں میں سے سبھی دھاراوی بچاؤ آندولن کےساتھ ہیں۔‘‘
فارم میں۶؍ نکا ت کیا ہیں؟
فارم کے شروع میںمنتظم کے طور پردھاراوی بچاؤ آندولن لکھ کرموضوع: دھاراوی بچاؤ آندولن کے مطالبات کی حمایت کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس کےبعد بالترتیب (۱)کٹ آف ڈیٹ کی شرط ختم کی جائے (۲) سبھی مکینوں کو قانونی قرار دے کرمکان کےبدلے مکان اوردکان کے بدلے دکان دینے کےلئے حکومت کےاعلان کےمطابق جی آر جاری کیاجائے (۳) سبھی دھاراوی واسیوں کی بازآبادکاری دھاراوی میں ہی ہوگی اور سب کو۵۰۰؍اسکوائر فٹ کا مکان دیا جائے گا ، اس کا بھی جی آر نکالا جائے (۴) ماسٹر پلان کا نمونہ جاری کیا جائے (۵) بی ایم سی کی عمارتوںاور چالیوں میں رہنے والوں کو ۷۵۰؍ اسکوائر فٹ کا مکان دیا جائے (۶)کمرشیل جیسے گالے والے، صنعت کاروں اور تاجروں کو ان کی دکانوں اورگالوں کے بقدر جگہ دی جائے ۔