Inquilab Logo

دھولیہ:گورنر کو ہٹانے کے مطالبے کے تحت این سی پی نے دستخطی مہم چلائی

Updated: December 10, 2022, 11:44 AM IST | I Sheikh

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی دھولیہ یونٹ کی جانب سے جمعہ کے روز گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

A person can be seen signing the banner of `Governor Hatau` along with leaders and workers of NCP District Vashar Unit.
’گورنرہٹاؤ‘ کے بینر پر دستخط کرتے ہوئے ایک شخص، ساتھ میں این سی پی ضلع وشہر یونٹ کے لیڈران و کارکنان دیکھے جاسکتے ہیں

 نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی دھولیہ یونٹ کی  جانب سے  جمعہ کے روز گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ شہر و ضلعی صدر رنجیت راجے بھوسلے کی قیادت میں دستخطی مہم چلائی گئی۔ کہا گیا کہ  چھتر پتی شیواجی مہاراج کے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دینے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو عہدہ   سے ہٹایا جائے۔  این سی پی کے ذریعے چلائی جانے والی دستخطی مہم میں شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور گورنر کوشیاری کے تئیں اپنی ناراضگی درج کی۔اس ضمن میں این سی پی کے شہر و ضلعی صدر رنجیت راجے بھوسلے نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری ہمیشہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے متعلق  متنازع اور غلط بیان دیتے رہتے ہیں۔شیواجی مہاراج مہاراشٹر کے آئیڈیل ہیں اور وقتاً فوقتاً گورنر کی طرف سے ان کی توہین ہوتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے ترجمان اور دیگر عہدیدار بھی چھترپتی شیواجی مہاراج کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کررہے ہیں۔ اس باعث  مہاراشٹر میں کافی ناراضگی  ہے۔ گورنر کوشیاری نے شیواجی مہاراج کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے عوام کی بھی توہین کی ہے۔  گورنر کے شیواجی مہاراج کے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دینے پر دھولیہ شہر این سی پی پارٹی کی جانب سے پرانے میونسپل کارپوریشن کی عمارت کے سامنے دستخطی مہم چلائی گئی۔ دھولیہ شہر این سی پی یونٹ کے کارکنان نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو فوری طور پر برطرف کرنے اور مہاراشٹر کے گورنر کے عہدے سے ان کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔اس دستخطی مہم میں رنجیت بھوسلے، گورکھ شرما، رئیس شیخ، منگیش جگتاپ، گڈیا پہلوان، جدیا پہلوان، سنجے مالی ودیگرموجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK