Inquilab Logo

لاک ڈائون کے سبب گھر کےکرایہ کی رقم پر زندگی بسرکرنےوالے بزرگ شہریوں کو دشواریاں

Updated: July 04, 2020, 3:46 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

تین سے چار مہینے سے کرایہ دارسے کرایہ نہ ملنے کی وجہ سے کینسر، ذیابیطس اور دیگر امراض کا علاج کرانے سے قاصر ہیں ، گھر کا خرچ بھی پورا نہیں ہورہا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 لا ک ڈائون سے جہاں عام آدمی بے روزگاری اور معاشی مندی سے سخت پریشان ہے وہیں کچھ ایسےبیمار اور بے سہارا بزرگ افرادبھی ہیں جن کا گزربسر اور علاج کا خرچ ان کے کرایے پر دیئے گئے مکانوں سے پورا ہورہا ہے مگرگزشتہ ۳،۴؍مہینے سے کرایہ نہ ملنے سے وہ سخت پریشان ہیں اور اپنا علاج بھی کروانے سے قاصر ہیں ۔ یاری روڈ ،ورسوا میں رہنےوالے ۸۰؍ سالہ ابوالکلام جالنوی نے بتایاکہ’’ ذیابیطس اور کمر میں شدید تکلیف سے اُٹھنابیٹھنا دوبھر ہے۔ میرے ۲؍فلیٹ ہیں ۔ ایک میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رہتا ہوں جبکہ دوسرے فلیٹ سے ملنے والا کرایہ گزربسر کا ذریعہ ہے۔ اس عمر میں کھانے سے زیادہ دوا کی ضرورت ہوتی ہے ۔ کھانانہ ملے تو کوئی بات نہیں مگر دوا لازمی ہےورنہ تکلیف بڑھ جاتی ہے ۔ میرے فلیٹ میں فلم اداکار نوازالدین صدیقی جم ٹرینر سوبھیت کمارجو پنجاب کا رہنے والا ہے ، مقیم تھالیکن لاک ڈائون کی وجہ سے وہ بھی مالی مشکلات کا شکار تھا ۔اس لئے وہ گزشتہ ۴؍ مہینے کاکرایہ نہیں دے سکاتھا جس سے میں پریشان ہوگیاہوں ۔ساری آمدنی رک گئی ہے جبکہ بجلی کا بل، سوسائٹی کا مینٹننس اور دیگر اخراجات اپنی جگہ قائم ہیں لیکن کچھ کر بھی نہیں سکتے ہیں کیونکہ سامنے والابھی توپریشان ہے۔ اس کی پریشانی دیکھ کر میں اپنی دشواریوں کو بھول گیاہوں ۔ ایک وقت تو ایسا بھی آیاجب کرایہ دار کو پنجاب روانہ کرنےکیلئے میں نے ہی اسے ۱۰؍ ہزارروپے دیئے تاکہ وہ اپنے گھرپہنچ جائے ۔ فلیٹ خالی پڑا ہے ، کوئی کرایہ دار نہیں ہے ۔ایسی صورت میں کیا ہوگا، کہانہیں جاسکتاہے ۔ بڑی دقتوں کا سامنا ہے۔
  نوپاڑہ ،باندرہ کے محمد عارف شیخ (۵۴) نے بتایاکہ ’’ میری ۲؍دکانیں ہیں جن کے کرایے پر پورے گھر کا انحصار ہےلیکن گزشتہ ۴؍مہینے سے دکاندارنے کرایہ نہیں دیاہے ۔ وہ صاف کہہ رہا ہےکہ کاروبار ہی نہیں ہورہاہے،کہاں سے کرایہ اداکروں ۔ اس کی پریشانی بھی درست ہے مگر اپنی مشکل بھی کم نہیں ہے۔ گھریلو اخراجات کے علاوہ بجلی کا بل، بینک کی قسط اور دواوغیرہ کا خرچ بھی ہے۔ لاک ڈائون کے ابتدائی ۲؍مہینے تو بینک والوں نے صبر کیالیکن اب متواتر فون کرکے قسط اداکرنے کیلئے دبائو ڈال رہے ہیں ۔ دکاندار کا کہنا ہے کہ لاک ڈائون میں نرمی کےبعد جون میں دکان کھولنےکےباوجودکاروبار نہیں ہورہا ہے تو کرایہ کیسے اداکیا جائے۔ یہ بات اپنی جگہ ٹھیک ہےلیکن ہماری بھی تومجبوری ہے ۔ کرایہ پر ہی گزربسر ہے چنانچہ ایسےمیں مکان مالک اور دکاندار دونوں کوہی درمیان کا راستہ نکالناچاہئے تاکہ دونوں کی گاڑی چلتی رہے ۔ اگر ۵۰؍فیصد بھی کرایہ مل جائے تو کچھ پریشانی دور ہو۔‘‘ اندھیری کی ایک ۶۰؍سالہ خاتون جو کینسر میں مبتلا ہیں ، نے اپنا ایک فلیٹ کرایہ پردیاہے جس سے ملنے والی رقم سے ان کاعلاج وغیرہ جاری ہے مگر ۴؍مہینے سے کرایہ دارکرایہ نہیں دے رہا ہے جس سے وہ پریشان ہیں ۔ کرایہ دارکیلئے بھی مسئلہ ہے کیونکہ اس نے اپنی ایک جگہ کرایہ پر دے رکھی ہے جہاں سے ملنے والا کرایہ رک گیا ہے ۔ اس لئے وہ اس خاتون کو کرایہ نہیں دے پارہا ہے ۔ کرایہ کی رقم نہ ملنے سے خاتون پریشان اور سخت فکرمند بھی ہیں کہ اگر یہی حال رہاتوان کا علاج کیسے ہوگا۔
 نوپاڑہ ویلفیئر سوسائٹی ، باندرہ کے جنرل سیکریٹری عبدالقدیر عبدالصمد شیخ (۴۹) کے مطابق ’’ ان دنوں کرایہ کی رقم پر جن افرادکا گزربسر ہورہاتھا، ان میں سے بیشتر لوگ سخت پریشان ہیں ۔ میری ۲؍دکانیں ہیں ، دونوں کا ہی کرایہ گزشتہ ۴؍مہینے سے نہیں مل رہاہے۔ دکانداربھی کیاکریں ، ان کے پاس بھی گنجائش نہیں ہے۔ بار بار یہی کہتے ہیں کہ کچھ دن رک جائیے ۔ میری اہلیہ کینسر کی مریضہ ہے۔ وقتاً فوقتاً اس کےعلاج کیلئے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ جو جمع پونجی تھی وہ لاک ڈائون میں ریلیف کا کام کرنے اور رمضان المبارک میں زکوٰۃ وغیرہ نکالنے میں صرف ہوگئی ، اب بڑی دشواری ہورہی ہے ۔ سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ ضروریات کیسے پوری ہوں گی۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ میرےکئی دوست ہیں جن کی ضروریات کرایہ کی رقم سے پوری ہوتی ہےمگر لاک ڈائون نے سب کا بجٹ بگاڑ کردیاہے۔میرے ایک دوست کی بیٹی کی شادی ہونی ہے مگر پیسہ نہ ہونےسے معاملہ رکا ہوا ہے ۔ وہ قرض لے کر شادی نہیں کرناچاہتاہے ۔ اس طرح کے متعدد مسائل ہیں جن سے لوگ پریشان اور فکر مند ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK