رجسٹر کرنے والے مسافروں کو دستاویز کے بجائے چہرہ دکھا کر ایئر پورٹ میں داخلہ ملے گا۔
EPAPER
Updated: February 24, 2026, 12:01 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
رجسٹر کرنے والے مسافروں کو دستاویز کے بجائے چہرہ دکھا کر ایئر پورٹ میں داخلہ ملے گا۔
نوی ممبئی ایئرپورٹ پر اہم چیک پوائنٹ پر مسافروں کے داخلے کیلئے جدید تکنیک کا استعمال شروع کیا گیا ہے جس کے تحت خودکار مشینوں سے مسافروں کے چہروں سے ان کی شناخت کرکے آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے اور انہیں ہر جگہ دستاویز دکھانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
پروازوں کی یومیہ خدمات شروع کرنے کے تقریباً ۲؍ ماہ بعد نوی ممبئی ایئر پورٹ نے شہری ہوا بازی کی وزارت کے ’ڈیجی یاترا سسٹم‘ کو اپنا لیا ہے۔ اس نئے سسٹم کے نفاذ سے مسافروں کیلئے ایئر پورٹ ٹرمینل میں داخلہ، ہوائی جہاز تک پہنچنا اور ٹکٹ یا دیگر دستاویز کی اصل کاپی کے بغیر ایئر پورٹ کی کارروائیاں مکمل کرنے اور چیک اِن تیزی سے مکمل کرنے میں سہولت ہوگی۔
ڈیجی یاترا سسٹم کیا ہے؟
ڈیجی یاترا سسٹم چہرے کو پہچاننے کی تکنیک استعمال کرتا ہے۔ اس تکنیک سے ایئر پورٹ کے اندر اہم چیک پوانٹ پر مسافروں کو اپنے دستاویز کسی کو دکھائے بغیر داخلہ مل جاتا ہے اور اس طریقہ کار سے وقت کی بچت ہوتی ہے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس تکنیک کے استعمال کے دوران مسافروں کی ’پرائیویسی‘ اور ان کے ’ڈیٹا‘ کے تحفظ کیلئے اقدام کئے گئے ہیں۔
وزارت ہوا بازی کا دعویٰ ہے کہ ہوائی جہاز سے سفر کرنے والوں کی سہولت کیلئے یہ طریقہ ٔ کار اختیار کیا گیا ہے۔ یہ تکنیک چہرے کے بائیومیٹرک کو ڈیجیٹل شناخت کے طور پر استعمال کرتا ہے تاکہ مسافر کی شناخت، سفر کی تفصیلات اور دیگر اہم معلومات اور تفصیلات کی تصدیق ہوسکے۔
یہ بھی پڑھئے:’’حسینہ مان جائے گی‘‘ کا سیکوئل زیرِ غور، فرہاد سامجی ہدایتکار
تاہم اس سسٹم کو استعمال کرنے کیلئے مسافر کو ’ڈیجی یاترا‘ ایپ ڈائون لوڈ کرنا ہوگا۔ اس پر ’سائن اَپ‘ کرنے کیلئے آدھار پر درج تفصیلات پُر کرنی ہوگی۔ اس کے ساتھ ’ایڈ کریڈینشیئلس‘ پر کلک کرکے جیسی ایپ پر ہدایات ملتی جائیں ویسے عمل کرتے ہوئے تفصیلات فراہم کرنی ہوگی۔ اس کے بعد ایپ پر اپنے سفر کی تفصیلات بھی درج کرنی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی افتتاحی جوڑی کا اوسط عمان اور کنیڈا سے بھی بدتر
یہ سب کارروائی مکمل کرنے کے بعد جب مسافر ایئر پورٹ پر پہنچے گا تو وہاں ’ڈیجی یاترا گیٹ‘ پر جاکر اپنا چہرہ دکھانا ہوگا تاکہ آپ کی شناخت کی تصدیق ہوسکے۔ اس کے بعد ’فیس پوڈ‘ پر جاکر ’پری۔سیکوریٹی ہولڈ ایریا‘ میں ’ای۔گیٹ‘ کی کارروائی مکمل کرنی ہوگی۔ سیکوریٹی کے بعد فیس پوڈ پر تصدیق کی کارروائی پوری کرنی ہوگی۔ اس کے بعد مسافر براہ راست خود سے ہوائی جہاز میں ڈپارچر گیٹ سے سوار ہوسکتا ہے۔