ویب سائٹ بلاک ، ۱۰؍ لاکھ رکن بنے تھے اور ۶؍ لاکھ نے وزیرتعلیم کے استعفیٰ کیلئےپٹیشن پر دستخط کئے تھے، دِپکے نےکہا: یہ آمریت مزید آنکھیں کھولے گی
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 12:45 AM IST | New Delhi
ویب سائٹ بلاک ، ۱۰؍ لاکھ رکن بنے تھے اور ۶؍ لاکھ نے وزیرتعلیم کے استعفیٰ کیلئےپٹیشن پر دستخط کئے تھے، دِپکے نےکہا: یہ آمریت مزید آنکھیں کھولے گی
’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ (سی جے پی ) کا ’ایکس‘ اکاؤنت معطل کئے جانے کے بعد سنیچر کو اس کی ویب سائٹ بھی بلاک کر دی گئی جبکہ چیف جسٹس آف انڈیا کے تبصرہ کے ردعمل میں بطور طنز و احتجاج شروع کی گئی اس آن لائن تحریک کے بانی ابھیجیت دِپکے نے الزام لگایا ہے کہ ان کا ذاتی انسٹا گرام اکاؤنٹ اور پارٹی کا بیک اپ اکاؤنٹ ہیک کرلیاگیاہے۔ انہوں نے اسے مودی سرکار کی آمریت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حکومت کاکروچوں سے اتنی ڈری ہوئی کیوں ہے؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سرکار کا یہ آمرانہ طرز عمل ہندوستانی نوجوانوں کی آنکھیں مزید کھول رہا ہے۔ ‘‘
سی جے پی کی ویب سائٹ کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن جمعہ کو اس پر شروع کئے گئے اُس آن لائن پٹیشن کےبعد کیاگیا جس میں نیٹ پیپر لیک کے خلاف مرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ابھیجیت دپکے کے ’ایکس‘ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کی ویب سائٹ پر ۱۰؍ لاکھ افراد نے ممبرشپ کا فارم بھرا تھا جبکہ ۶؍ لاکھ افراد دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کی پٹیشن پر دستخط کرچکے تھے۔ انہوں نے سنیچر کوبتایا کہ ٹیک ڈاؤن (بند کرنے) اور ہیکنگ کے متعدد واقعات کے بعد اب وہ پارٹی کے کسی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پارہے ہیں۔ دپکے نے جن کا تعلق اورنگ آباد سے ہے، اور جو حصول تعلیم کیلئے باسٹن میں ہیں، نے ایکس پر کئے گئے پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کا ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا گیا ہے۔ انہوں نےڈجیٹل کریک ڈاؤن کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے سنیچر کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے ’ایکس ‘پوسٹ کیا کہ ’’کاکروچ جنتا پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسٹاگرام پیج ہیک ہو گیا۔ میرا ذاتی انسٹاگرام بھی ہیک ہو گیا۔ ٹویٹر اکاؤنٹ ہندوستان میں بند کردیا گیا ہے۔ بیک اپ اکاؤنٹ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے وضاحت کی کہ’’ہمیں اپنے کسی بھی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ اس کے بعد کی جانے والے کسی بھی پوسٹ کاکروچ جنتا پارٹی کا سرکاری بیان نہ سمجھا جائے۔‘‘