۶؍ماہ میں تیسرا واقعہ، کے ڈی ایم سی اور آلودگی کنٹرول بورڈ پر غفلت برتنے کا الزام۔
EPAPER
Updated: October 26, 2026, 12:09 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivli
۶؍ماہ میں تیسرا واقعہ، کے ڈی ایم سی اور آلودگی کنٹرول بورڈ پر غفلت برتنے کا الزام۔
شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے اثرات اب صرف فضا تک محدود نہیں رہےبلکہ آبی ذخائر بھی اس کی زد میں آنے لگے ہیں۔ایم آئی ڈی سی علاقے میں واقع ملاپ نگر کے تالاب میں بار بار مچھلیوں کی موت کے واقعات نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے کئی سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔
اتوار کی صبح اس تالاب میں ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں مچھلیاں اور دیگر آبی جاندار مردہ پائے گئے۔ گزشتہ ۶؍ ماہ کے دوران پیش آنے والا یہ تیسرا واقعہ ہے جس سے مقامی باشندوں اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ مسلسل شکایات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اندازے کے مطابق تالاب میں پھولوں کا چڑھاوا، کچرا اور پلاسٹک پھینکے جانے کے باعث پانی میں آکسیجن کی مقدار کم ہوگئی جس کے نتیجے میں مچھلیوں کی موت واقع ہوئی ہے۔تالاب کے اطراف کچرے کے ڈھیر اور پلاسٹک کی تھیلیاں جمع ہونے سے صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے جبکہ پانی سے اٹھنے والی بدبو بھی آلودگی کی سنگینی کو ظاہر کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آئی جی ایم اسپتال اور میونسپل ہیلتھ سینٹروں میں ۳؍ ڈاکٹروں کی تقرری پر سوال!
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ماہر تعمیرات اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے سرگرم راجیو تائیشیٹے، ماحولیات کے کارکن وجے گھوڑیکر اور راجو نلاواڑے نے تالاب کا دورہ کرکے صورتِ حال کا جائزہ لیا۔تالاب کی خستہ حالت دیکھ کر انہوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں بار بار شکایات کئے جانے کے باوجود کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی)اور آلودگی کنٹرول بورڈ کی جانب سے مناسب توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اسی تالاب میں اس سے قبل بھی ۲؍ مرتبہ مچھلیوں کی موت کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ ان واقعات میں بھی پانی میں آکسیجن کی کمی اور آلودگی کو ممکنہ وجہ قرار دیا گیا تھا لیکن مؤثر اقدامات نہ کئے جانے کے باعث اب تیسری مرتبہ ایسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ڈومبیولی پہلے ہی فضائی آلودگی کے مسئلے سے دوچار ہے ایسے میں آبی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرے نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ملاپ نگر تالاب کی مسلسل بگڑتی ہوئی حالت نہ صرف آبی حیات بلکہ ماحولیات کیلئے بھی خطرے کی علامت ہے۔ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر بیدار ہو اور تالاب کی صفائی کیلئے ٹھوس لائحۂ عمل تیار کرے نیز پانی کی آلودگی کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ہی تالاب میں کچرا اور پلاسٹک پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے۔