Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر کیلئے بی ایل اے کےانتخاب کی ہدایت

Updated: March 24, 2026, 12:01 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بوتھ لیول ایجنٹ رائے دہندگان کی نشاندہی میںبی ایل او کی مددکریں گے۔مدنپورہ اور اطراف کے علاقوں میں بی ایل اے کے تقرر کا آغاز۔

Representatives Of Various Political Parties In A Meeting Held At The Election Commission Office.Photo:INN
الیکشن کمیشن کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندے۔ تصویر:آئی این این
 ریاست میں یکم اپریل سے’ اسپیشل انٹینسیو ریویژن ( ایس آئی آر)‘ شروع ہونے والا  ہے ۔اس سے متعلق سرجے جے روڈ پر واقع رچرڈسن اینڈ کرڈاس کمپنی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکشن آفیسر نے بائیکلہ حلقہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے اپنے علاقوں میں بی ایل اے (بوتھ لیول ایجنٹ) مقرر کرنے کی درخواست کی جو ایس آئی آر کی کارروائی میں بی ایل او (بیٹ لیول آفیسر) کی مدد کریںگے۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوںکو مقامی افراد کو بی ایل اےکے طور پر مقرر کرنے کا اختیار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں ایس آئی آر مہم کا مقصد ووٹر لسٹ کو مزید درست اور شفاف بنانا ہے ۔
وارڈ نمبر ۲۱۱  کے کانگریس  کے کارپوریٹر وقار خان نے پیر سے مدنپورہ اور اطراف کے علاقوں میں بی ایل اے (بوتھ لیول ایجنٹ)کی تقرری کی کارروائی شروع کر دی ہے ۔ان کے دستاویزات جمع کرنےکی مہم کاآغاز کیا ہے۔
الیکشن آفیسر نے بائیکلہ کے سبھی کارپوریٹروں کو مدعو کیا تھا لیکن وقار خان کے علاوہ کسی اور کارپوریٹر نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔ ان کارپوریٹروں نے خود شریک ہونے کے بجائے اپنے نمائندوں کو میٹنگ میں بھیجا تھا ۔ میٹنگ میں کانگریس، شیو سینا (یو بی ٹی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے ۔ اس موقع پر الیکشن آفیسر نے بتایا کہ ’’۲۰۲۶ء کے الیکشن الیکٹورل کے مطابق بائیکلہ میں ۲؍لاکھ ۶۰؍ ہزار ووٹرس ہیں جن میںایک لاکھ ۱۰؍ ہزار ایسے ووٹرس ہیں جن کے نام ۲۰۰۲ء اور ۲۰۲۶ء دونوں فہرست میں موجود ہیں جبکہ ایک لاکھ ۵۰؍ہزار ایسے ووٹرس ہیں جن کے بارے میں ایس آئی آر مہم کے دوران جانچ کی جائے گی ۔ ان میں سے ان ووٹروں کے نام حذف کئے جاسکتے ہیں جن کی موت ہوچکی ہے یا جو یہاں سے منتقل ہوگئے ہیں ۔ ‘‘
 
 
الیکشن آفیسر نے میٹنگ کے شرکاء سے کہا کہ ’’بی ایل اے مقامی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں تاکہ وہ بی ایل او کے ساتھ مل کر بہتر طور پر کام کر سکیں اور یکم اپریل سے شروع ہونے والی ایس آئی آر مہم کے دوران عوام کی بھرپور رہنمائی اور مدد کر یں۔بی ایل اےحقیقی رائے دہندگان کے نام کو فہرست سے نہ ہٹائے جانے اور فرضی ووٹروںکے ناموںکو فہرست میں شامل نہ کرنے کی ذمہ داری نبھائےگا۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’جنہیں بی ایل اے کےطور پر منتخب کیا جائے گا ،انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے۳؍روزہ ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ انہیں اپریل  تا جون تک خدمات پیش کرنی ہیں ۔بی ایل اے کے علاوہ سبھی کارپوریٹروں کو بھی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ مہم کے دوران کسی طرح کی بدنظمی نہ ہو ۔‘‘
 
 
میونسپل کارپوریٹر وقار خان نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ایس آئی آر میں آنے والی تکنیکی دشواریوں سے متعلق سوالات کرنے پر الیکشن آفیسر نے کہاکہ ہمیں بھی پوری گائیڈ لائن نہیں ملی ہے ۔ جیسے ہی مکمل گائیڈ لائن آجائےگی ، سارے سوالا ت کے جواب دیئے جائیں گے ۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ پیر سے ہم نے بی ایل اے کا فارم پُـر کرنا شروع کردیا ہے ۔ پہلے دن حسینی باغ، محمد عمررجب روڈ اور بدلوپورہ کے۷؍ فارم جمع ہوئے ہیں ۔ہم ان کے نام، الیکشن اور آدھار کارڈ کازیروکس اور موبائل نمبر جمع کر رہے ہیں ۔وارڈ ۲۱۱؍ کی الیکٹورل لسٹ کے مطابق کم ازکم ۵۰؍ بی ایل اے کا تقرر کیا جائے گا۔ ۲۷؍ مارچ تک ان کی فہرست الیکشن آفس میں جمع کروانے کا منصوبہ ہے ۔ ‘‘   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK