Inquilab Logo

سعودی اور امریکہ میں اہم امور پر تبادلۂ خیال

Updated: July 17, 2022, 10:35 AM IST | Riyadh

امریکی صدر جوبا ئیڈن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات کی۔یمن ، یوکرین عراق اور شام کی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی زیر بحث رہے ۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر گفتگو ہوئی

Crown Prince Mohammed bin Salman and Joe Biden.
ولی عہد محمد بن سلمان اور جو بائیڈن۔

: امریکی صدر جوبائیڈن ، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے  ملے ۔ اس دوران  یمن ، یوکرین ، عراق اور شام کی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی زیر بحث ر ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی  کےقتل پر گفتگو ہوئی۔ امریکی صدر جمعہ کو اپنے پہلے مشرق وسطیٰ  دورے  میں  اسرائیل سے سعودی عرب پہنچے  ۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جدہ میں سعودی فرمانروا سلمان عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، عالمی اورعلاقائی امور پرتبادلہ خیال کیا۔  اس دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدرجوبائیڈن پرواضح کیا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تفتیش  اور مجرموں کو سزا دینے کے عمل کو شفاف طریقہ کار سے انجام دیا گیا۔  خاشقجی کی موت افسوسناک  ہے لیکن دنیا کے دیگرممالک میں بھی صحافیوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر سے امریکہ کے زیرانتظام ابوغریب جیل میں ہونے والی زیادتیوں اور عراق کی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ 
  ادھرسعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے امریکی صدر کے دورے کو کامیاب قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ سلمان  سے ملاقات کے بعد امریکی صدر اور ان کے مشیروں نے سعودی ولی محمد بن سلمان اور وزراء کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی جس نے مستقبل میں بہتر تعلقات کیلئے راہ ہموار کی۔ 
  ادھر امریکی صدر جو بائیڈن کی سعودی قیادت سے ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ایک مستحکم اور خوشحال مشرق وسطیٰ کے خواہشمند ہیں۔سعودی پریس ایجنسی( ایس پی اے) کی جانب سے سنیچر کو  جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کیلئے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ دونوں ممالک ایک مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں ۔
 بیان میں ایسے متعدد شعبوں کا ذکر کیا گیا ہے جن میں اتحادی ممالک آپس میں تعاون کر رہے ہیں۔ ان میں توانائی اور سیکوریٹی سے لے کر خلائی دنیا  تک کے معاملات شامل ہیں۔
 اعلامیے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ امریکہ سعودی عرب کے دفاع اور علاقائی تحفظ کیلئےپرعزم ہے ۔  وہ مملکت کی جانب سے اپنے عوام اور خطے کو بیرونی خطرات سے بچانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنانے میں مدد کر رہا ہے۔دونوں ممالک نے یوکرین کے عوام کو امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دنیا کو اناج اور گندم کی  برآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا، کیونکہ اس سے مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک شدید متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔  سوڈان، لیبیا، افغانستان پر بھی بات چیت ہوئی۔ سوڈان  میں مذاکرات  پر زور دیا گیا۔ اسی طرح لیبیا کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ افغانستان کے عوام کی مدد جاری رکھنے پر بھی اتفاق   کیا گیا۔  شام میں تشدد روکنے، جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور تمام ضرورتمند وں تک کسی تعطل کے بغیر انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے  پر بھی زور دیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK