Inquilab Logo

مریضوں میں پھلوں کی تقسیم اور صفائی ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی

Updated: September 30, 2023, 10:20 AM IST | Iqbal Ansari/ Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۱۲؍ربیع الاول کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سے متعدد تنظیموں نے رفاہی کاموں کو انجام دیا، مریضوں کی عیادت کی اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا۔

Fruits were distributed to the patients after going to the hospital and a blood donation camp was organized somewhere.Photo. INN
اسپتال جاکر مریضوں کو پھل تقسیم کئے گئے تو کہیں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ تصویر:آئی این این

۱۲؍ربیع الاول کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سے رفاہی کام کرتے ہوئے جے جے اسپتال میں مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے ۔ اس کا اہتمام پیر سید اسماعیل شاہ قادری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے کیا گیا ۔ اس سوسائٹی کی جانب سے ۱۸؍ برس سے یہ خدمت انجام دی جارہی ہے۔ اسی طرح مینارہ مسجد ٹرسٹ کی جانب سے صفائی ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
جے جے اسپتال میں مریضوں میں پھلوں کی تقسیم کے تعلق سے محمد ابراہیم طائی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ آقائے دو جہاں کی تشریف آوری کی مناسبت سے پھلوں کی تقسیم کا اہتمام اس لئے کیا گیا تاکہ مریضوں کو راحت ملے ان کی عیادت کے جائے اور ان کے لبوں پر مسکراہٹ لائی جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مبارک موقع پر اسی قسم کی راحت پہچانے والی سرگرمیاں انجام دینے کی ضرورت ہے نہ کہ اپنی گاڑھی کمائی کو خرافات اور غیر شرعی کاموں میں ضائع کرنے کی۔
مینارہ مسجد ٹرسٹ کی جانب سے صفائی ملازمین کی حوصلہ افزائی  کی گئی
سرکارمدینہ کی تشریف آوری کی مناسبت سے مینارہ مسجد ٹرسٹ کی جانب سے ٹرسٹ کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور اس میں بی ایم سی کے صفائی ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ مینارہ مسجد کے ٹرسٹی عبدالوہاب مرچنٹ ‌نے کہا کہ یہ وہ طبقہ ہے جس کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سرکار مدینہ کی یہی تعلیم ہے کہ کمزوروں اور مجبوروں کی معاونت اور ان کی خبرگیری کی جائے۔ اسی مقصد کے پیش نظر یہ اہتمام کیا گیا۔
عید میلا دالنبی کے موقع پر ممبرا میں خون کے عطیہ کا کیمپ 
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی یوتھ ونگ کی جانب سے عید میلاد النبی کی مناسبت سے جمعہ کو کوسہ (ممبرا) میں نورانی ہوٹل کے سامنے وست اپارٹمنٹ میں خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد کیا گیا۔ ’’جس نے ایک جان بچائی اس نے گویا تمام انسانوں کی جان بچائی‘‘  قرآنی آیت کے تحت منعقد ہ اس کیمپ میں خون عطیہ کرنے والوں کو  ایک سرٹیفکیٹ اور تاحیات ایک خون کی بوتل مفت دینے والا کارڈ بھی دیا گیا۔ اس تعلق سے کیمپ میں موجود یوتھ ونگ کے رکن حفاظت اللہ خان نے بتایا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر خون کے عطیے کا کیمپ منعقد کرنے کا یہ تیسرا سال ہے ۔ امسال ممبئی کے جے جے اورنائر اسپتال  کے ساتھ سنکلپ لیباریٹیر کے اسٹاف کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس ۵۰۲؍ خون کے یونٹ جمع کی گئی تھیں۔ مزید استفسار کرنے پر انہوںنے بتایاکہ جماعت اسلامی نے آلودہ خون تبدیل کرنے کی بیماری ’تھلیسیمیا‘ کے۲۱؍ مریضوں کو گود لیا ہے جنہیں ۲۱؍ دنوں کے وقفے سے خون تبدیل کرنے کی ضرورت پڑتی  ہے۔ جماعت کی جانب سے انہیں یہ خون مفت دیاجاتا ہے۔ ممبرا کوسہ کے مریضوں کو اگر خون کی ضرورت پیش آئے تو وہ ہم سے ۸۱۰۸۳۰۱۶۱۶؍  پر را بطہ کر سکتے ہیں۔اس سلسلے میں ممبرا کوسہ کے اسپتالوں میں ہمارے پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں ۔
حدیث مبارک کے ساتھ ہیومن چین 
رحمت اللعالمین کی یوم پیدائش کے موقع پر  ۱۲؍ ربیع الاول کو  ممبرا میں تقریباً ۳۰۰؍ حدیثوں کے پلے کارڈز لے کر انسانی زنجیر بنائی گئی تھی۔ این سی پی کی یوتھ لیڈر مرضیہ شانو پٹھان کی قیادت میں بنائی گئی اس زنجیر میں رومن انگریزی میں جو حدیتیں لکھی تھی ان میں صفائی نصف ایمان، جس نے دھوکہ دیا وہ ہم میں سے نہیں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK