Inquilab Logo

کاروبار اس طرح کریں کہ دوسروں کےلئے مثال قائم ہو

Updated: June 07, 2021, 12:42 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست کے کاروباریوں کیساتھ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی ویڈیو کانفرنس، کورونا سےاحتیاط کے ساتھ کاروبار کرنے کا حکم،کہا: اس طرح کام کریں کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے

Chief Minister Uddhav Thackeray interacted online with various businesses and organizations in the state.Picture:INN
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ریاست کے مختلف کاروباریوں اور تنظیموں کے ساتھ آن لائن بات چیت کی۔۔تصویر :آئی این این

مہاراشٹر میں پیر۷؍ جون سے ۵؍ لیول میں’ اَن لاک‘ کرنے کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے اور اس سے ایک روز قبل اتوار کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کاروباریوں  کے ساتھ آ ن لائن  میٹنگ لی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ کورونا سے تحفظ کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور لاپروائی نہ برتیں بلکہ  اس طرح کاروبار کریں جس سے سانپ بھی  مر جائے اورلاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ وزیر اعلیٰ نے کاروباریوں سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی کورونا جانچ کرانے  اور ان کی ٹیکہ کاری کی ہدایت دی ساتھ ہی بیرون ریاست سے آنے والے ملازمین پر خصوصی توجہ دینے کا حکم بھی دیا۔
 کاروباریوں سے میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے ریاست کے ڈویزنل کمشنروں، ضلع کلکٹروں، میونسپل کمشنروں اور پولیس افسران سے بھی میٹنگ لی اور انہیں تلقین کی کہ وہ  اپنی حدود میں کورونا کی صورتحال کے مطابق ان لاک کا فیصلہ  لیں۔ اس میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے ریاست میں فلموں اور سیریل  کے پروڈیوسروں کے ساتھ بھی میٹنگ لی اور انہیں بھی  اسی طر ح کی ہدایت دی۔
  کاروباریوں کے ساتھ میٹنگ میں وزیر صنعت سبھاش دیسائی ، سی آئی آئی کے عہدیدار اُدئےکوٹک ، سنجیو بجاج،  بی  تیاگ راجن ، ڈاکٹر نوشاد فوربس ، امیت کلیانی ، اشوک ہندوجا ، اے این سبرامنیم ،ڈ اکٹر انیش شاہ اور دیگر کاروباریوں کے علاوہ ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر سنجے اوک ، ڈاکٹر ششانک جوشی ، چیف سیکریٹری ستارام کنٹے ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آشیش کمار سنگھ ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری وکاس کھارگے اور دیگر موجود تھے۔
بیرون ریاست  ملازمین کی جانچ
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’کنسٹرکشن، کارخانوں اور دیگر کاروبار میں بیرون ریاستو ں سے آنے والے مزدواور ان کے رشتہ داروںکو کوارینٹائن کر کے ان کی کورونا جانچ کی جائے۔‘‘
برساتی بیماریوں سے پھیلنے سے بھی روکیں 
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’برسات شروع ہو رہی ہے جس میں وبائی بیماری پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس کے پیشِ نظر بھی اپنے کاروبار کی جگہ پر اس کا پورا خیال رکھیں وہاں برساتی بیماری  ڈینگو،ملیریا وغیرہ نہ پھیلے۔ تعمیراتی کام کرنے والی سائٹس پر پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے لہٰذا وہاں جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کریں اور دیگر احتیاط برتیں۔‘‘
فیلڈ سہولت اور عارضی قیام کا نظم کرے
  وزیر اعلیٰ نے کاروباریوں سے درخواست کی کہ وہ  اس طرح اپنا کاروبار کریں کہ اگر کورونا کی تیسری لہر  کے سبب لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑیں توان کا کاروبار متاثر نہ ہو۔ ادھوٹھاکرے نےکاروباریوں کو اپنے ملازمین  کیلئے صحت کی جانچ اور علاج کیلئے فیلڈ سہولت مہیا کرانے، عارضی قیام اور دیگر سہولتیں مہیا کرانےکیلئے بھی کہا۔
کاروباریوں نے کیا کہا؟
 آن لائن میٹنگ میں متعدد کاروباریوں نے بھی اپنی باتیں کہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں:
 ×دیہی علاقوں میں کورونا کی روک تھام کیلئے کاروباری تعاون کریں گے ۔
×مختلف کاروباری اور ملازمین (خصوصاً کنسٹرکشن لیبر) کی ٹیکہ کاری لازمی ہے۔کارخانہ اور دیگر جگہوں پر کام کرنے والوں کی جانچ کرنا اور انہیں کوارینٹائن کرنے کا انتظام کیا جائےگا۔
×کورونا کی تیسری لہر میں کاروبار بند نہ ہو اس کیلئے ہرممکن تعاون کیاجائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK