Inquilab Logo

دو ٹانکی آتشزدگی: لکڑا بازار میں شب ۲؍ بجے پوکلین پہنچنے سےبےچینی مخالفت کے بعد کارروائی روک دی گئی

Updated: January 29, 2024, 10:55 AM IST | Shahab Ansari | Do Tanki

یہاں محمدی اولڈ ٹمبر مارکیٹ میں بھیانک آگ لگی تھی جس میں کروڑوں کا نقصان ہوا۔ یہاں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک پوکلین مشین لائی گئی تھی اور ان گالوں کو منہدم کرنے کی کوشش کی گئی جو آگ میں تباہ تو ہوئے تھے لیکن زمین بوس نہیں ہوئے تھے۔

The laborers are busy removing the debris in the Mohammadi Old Timber Market. Photo: Inquilab
محمدی اولڈ ٹمبر مارکیٹ میں مزدورملبہ ہٹا نے کے کام میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ تصویر:انقلاب

 یہاں محمدی اولڈ ٹمبر مارکیٹ میں بھیانک آگ لگی تھی جس میں کروڑوں کا نقصان ہوا۔ یہاں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک پوکلین مشین لائی گئی تھی اور ان گالوں کو منہدم کرنے کی کوشش کی گئی جو آگ میں تباہ تو ہوئے تھے لیکن زمین بوس نہیں ہوئے تھے۔ البتہ یہاں موجود مزدوروں کی اطلاع پر کچھ تاجر یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے اس کارروائی کی مخالفت کرکے پوکلین مشین واپس لے جانے پر مجبور کردیا۔ 
 ’محمدی اولڈ ٹمبر مارکیٹ‘ نمبر ایک کی کمیٹی کے خزانچی عادل حسین پترا والا نے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً ۲؍ بجے کسی نے پو کلین بھیج کر آتشزدگی میں گرنے سے بچ جانے والے ڈھانچوں کو منہدم کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت یہاں ملازمت کرنے والے چند مزدور موجود تھے جنہوں نے اپنے مالکان کو اس کی اطلاع دی۔ اس پر وہ خود اور قرب و جوار میں رہنے والے چند تاجر فوری طور پر وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’پوکلین کے ساتھ موجود لوگوں نے ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کی تھی کہ وہ بی ایم سی کی طرف سے آئے ہیں۔ تاہم اتنی رات کو بی ایم سی کی طرف سے اس طرح کی کارروائی پر ہمیں یقین نہیں ہوا جس کی وجہ سے یہاں آئے ہوئے تاجروں نے مخالفت کرکے اس مشین کو بغیر کسی کارروائی کے واپس لےجانے پر مجبور کردیا۔ ‘‘
 اس سلسلے میں رکن اسمبلی امین پٹیل نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ بی ایم سی کا کنٹریکٹر شب کو وہاں پوکلین لے کر پہنچ گیا تھا لیکن وہاں کے تاجر رات کے وقت اس طرح کی کارروائی سے مطمئن نہیں تھے اس لئے انہوں نے اسے واپس بھیج دیا۔ 
 امین پٹیل نے یہ بھی بتایا کہ سنیچر کی شام ان کی یہاں کے تاجروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی جس میں یہ طے پایا ہے کہ مارکیٹ نمبر ایک اور ۲؍ کی جو الگ الگ اسوسی ایشن ہے، وہ بی ایم سی افسران کے تال میل سے مارکیٹ میں دوبارہ شیڈ کی تعمیر کیلئے کام کریں گی۔ جب یہاں سے ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہوجائے گا تب اسوسی ایشن کی جانب سے منتخب شدہ آرکیٹکٹ جگہ کا معائنہ کرکے بی ایم سی کو رپورٹ پیش کرے گا کہ کوئی پکی دیوار منہدم کئے بغیر بھی کام ہوسکتا ہے یا سارا کام نئے سرے سے کرنا ہوگا۔ 
 واضح رہے کہ مارکیٹ میں اکثر و بیشتر گالے پترے وغیرہ سے بنے ہوئے شیڈ تھے جس کی وجہ سے یہاں کسی بھی گالے کا انشورنس نہیں ہے۔ 
 اطلاع کے مطابق یہاں دکانوں میں دستاویز کے ساتھ کئی تاجروں کے پاس رکھی نقد رقم بھی جل گئی۔ اس دوران اتوار کو مارکیٹ میں لگی آگ مکمل طور پر بجھ چکی تھی اور یہاں موجودفائربریگیڈ کی تمام گاڑیاں بھی ہٹا دی گئیں۔ دوٹانکی سے گرانٹ روڈ کی طرف جانے والی سڑک کو آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا لیکن شکلا جی اسٹریٹ سے آنے والی گاڑیوں کیلئے راستہ نہیں کھولا گیا تھا۔ صرف موٹرسائیکل گزرنے کیلئے معمولی سے جگہ چھوڑی گئی تھی۔ 
 اتوار کو مارکیٹ کے قرب و جوار میں واقع کچھ حصوں پر دکانوں اور مکانوں کی بجلی سپلائی بحال کردی گئی تھی اور بی ایم سی نے بقیہ دکانوں اور گھروں کی بجلی بحال کرنے کیلئے نوٹس جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ مارکیٹ نمبر ایک میں زیادہ ترگالے اور دکانیں لوہے کی اشیاء کی ہیں جبکہ مارکیٹ نمبر ۲؍ میں ایسی دکانیں کم ہیں تاہم آتشزدگی کے دوران دو ایک دکانوں سے پیتل کا سامان چرانے کی کوشش کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے تاجر جلد از جلد ملبہ وغیرہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بازار کو جلد دوبارہ شروع کیا جاسکے۔ اطلاع کے مطابق یہاں سے نکلنے والے بھنگار کو فروخت کرکے اس رقم کو بازار کی ازسر نو تعمیر میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK