• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’۲۵؍ کیا ۱۲۵؍ کیس کردیں، میں نہیں ڈرتا ‘‘

Updated: January 25, 2024, 8:49 AM IST | Guwahati

ہیمنت بسوا شرما پر راہل گاندھی کی شدید تنقیدیں،کہا کہ آسام کے وزیر اعلیٰ کا ریموٹ امیت شاہ کے پاس ہے ، اس کے ساتھ ہی کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر داخلہ کو خط لکھا کہ راہل گاندھی کی سیکوریٹی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے

Jim Ghafir is attending Rahul Gandhi`s New Yatra in Assam. (Photo: PTI)
آسام میں جاری راہل گاندھی کی نیائے یاترا میں جم غفیر امڈ رہا ہے ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 کانگریس پارٹی کی نیائے یاترا کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں اور راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد  راہل گاندھی اور آسام کے وزیر اعلیٰ  ہیمنت بسوا شرما  کے درمیان شدید لفظی جھڑپیں ہو رہی ہیں۔  راہل نے بدھ کو بسوا شرما کو ایک مرتبہ پھر شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے بدھ کی صبح آسام کے بارپیٹا ضلع میں شہریوں سے ملاقات کے دوران  دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ شرما ملک کے سب سے بدعنوان  وزیر اعلیٰ ہیں اور ان کا ریموٹ کنٹرول مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے پاس ہے۔ اگر آسام کے وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ کے خلاف کچھ کہا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور اسی ڈر کی وجہ سے وہ میرے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں لیکن میں یہ بات بالکل واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مجھے اس طرح کی کارروائیوںسے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ میرے خلاف ۲۵؍ کیا ۱۲۵؍ کیس درج کروالیں میں نہیں ڈرتا ۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔ 
آسام کے وزیر اعلیٰ پر نشانہ 
  راہل نے مزید کہا کہ پتہ نہیں کہاں سے  ہیمنت بسوا شرما  کے دماغ میں آ گیا کہ وہ راہل گاندھی کو ڈرا سکتے ہیں لیکن وہ یہ بات جان لیں کہ  جتنے کیس لگانے ہیں لگا دیجئے، میں نہیں ڈرتا۔ ۲۵؍ کیس درج کئے ہیں ، ۱۲۵؍ اور درج کرلیں مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ میں سچ بولتا رہوں گا اور آر ایس ایس کی پالیسیوں کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔
’’آر ایس ایس اور بی جے پی لڑارہے ہیں‘‘
  دریں اثنا، راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اورآر ایس ایس کے لوگ مذہب، ذات اور زبان  کے نام پر ایک دوسرے کو لڑارہے ہیں۔ وہ نفرت پھیلاتے ہیں لیکن ہم محبت پھیلاتے ہیں۔ بی جے پی کے لوگ نفرت سے بھرے ہوئے ہیں جن میں مودی جی ، امیت شاہ اور آسام کے سی ایم بسوا شرما بھی شامل ہیں۔ یہ لوگ ملک میں صرف اور صرف نفرت پھیلانے کا کام کررہے ہیں۔
بسوا شرما کا علاج کرنے کا عزم
 راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ہیمنت بسوا شرما کے دل میں پوری دنیا کے  لئے نہ جانے کیوں نفرت ہے۔ وہ صبح اٹھتے ہیں اور ان کے دل سے نفرت نکلتی ہے۔ ان کے اقدامات سے بھی یہی واضح ہوتا ہےلیکن ہماری لڑائی ان سے نہیں ان کے دل میں موجود نفرت سے ہے اور نفرت کبھی نفرت کو ختم نہیں کر سکتی۔ ہم اسے محبت سے ختم کریں گے۔نفرت کو صرف محبت سے کاٹا جا سکتا ہے کیوں کہ نفرت کے پیچھے خوف چھپا ہوتا ہے۔ ہیمنت بسوا شرما بھی خوفزدہ ہیں کہ اگر وہ امیت شاہ کی بات نہیں سنیں گے تو ان کی کرسی چلی جائے گی مگر ہم انہیں محبت کا اصل مطلب سمجھائیں گے۔
 کانگریس صدر کا خط 
 آسام میں راہل کی سیکوریٹی کے معاملے میںکانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نےوزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے دو صفحات کے خط میں دعویٰ کیا کہ کئی مواقع پر آسام پولیس منصوبہ بند طریقے سے کھڑی رہی یا بی جے پی کارکنوں کو حفاظتی حصار توڑ کر راہل گاندھی تک پہنچنے کی اجازت دی گئی ۔کھرگے نے خط میں لکھاکہ ثبوت  موجود ہونے کے باوجود اب تک شرارتی عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت راہل گاندھی کی سیکوریٹی سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہیں زیڈ پلس سیکوریٹی ملنی چاہئے تھی لیکن وہ بھی کم کردی گئی ہے اور اب آسام میں انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔         
آسام کے وزیر اعلیٰ کاراہل کو جواب 
 راہل گاندھی کی جانب سے شدید تنقیدیں برداشت کرنے کے بعد آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے راہل گاندھی کو جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ایف آئی آر درج ہوئی ہیں  ان میں راہل گاندھی کو گرفتار کیا جائے گالیکن یہ گرفتاری فوری طور پر نہیں بلکہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ہوگی۔ انہوں نے اس کا جواز یہ پیش کیا کہ الیکشن سے پہلے گرفتاری ہوئی تو سبھی کو تنقیدوں کا موقع مل جائے گا اس لئے الیکشن کے بعد راہل گاندھی کو گرفتار کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK