Inquilab Logo Happiest Places to Work

عدالت کی مداخلت کے بعد ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم ، ہائی کورٹ نے گفتگو کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی

Updated: August 07, 2026, 7:38 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت و مداخلت کے بعد مہاراشٹر میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے اپنی غیر معینہ ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

Patients were worried about the strike
ہڑتال سے مریض پریشان ہو رہے تھے

بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت و مداخلت کے بعد مہاراشٹر میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے اپنی غیر معینہ ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ دوران سماعت مہاراشٹر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن و انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورٹ کو نہ صرف ہڑتال ختم کرنے بلکہ تمام اسپتالوں میں سروس کو بحال کرنے کا بھی یقین دلایا ہے ۔
 یاد رہے کہ ہومیو پیتھی اور ایلوپیتھک ڈاکٹروں کے درمیان مریضوں کو دوائیں تجویز کرنے اور دیگر اختیارات فراہم کرنے کے تعلق سے ہونے والے تنازع کے سبب ایلو پیتھی ڈاکٹروں غیر معینہ ہڑتال شروع کر دی تھی۔ اس  پر بامبے ہائی کورٹ نے سو موٹو کے تحت از خود اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے اس تنازع کے سبب مریضوں کو ہونے والے پریشانی پر افسوس و فکر مندی کا اظہار کیا تھا ۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کو ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ کورٹ نے ڈاکٹروں کی تنظیمو ںکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ بات چیت کے ذریعہ بھی حل کیا جاسکتا ہے اس کیلئے ہڑتال کرنے اور مریضوں کو نقصان پہنچانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
 واضح رہے کہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن اور مہاراشٹر ایسوسی ایشن فار ریزیڈینٹ ڈاکٹرس ( مارڈ) کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں کی تنظیموں نے ریاستی سطح پر اس وقت غیر معیانہ ہڑتال کی تھی جب مہاراشٹر حکومت نے ہومیوپیتھی ڈاکٹروں کو مہاراشٹر  مارڈ کے تحت  رجسٹریشن کی اجازت دینے کافیصلہ کیا۔وہیں عدالت کی مداخلت پر ریاستی وزیر اعلیٰ نے بھی کورٹ کو یقین دلایا کہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مریضوں کیلئے تکلیف کا باعث نہ بنیں اور طبی خدمات میں کسی بھی قسم کا خلل پیدا نہ کریں۔
  اس ضمن میں دیویندر فرنویس نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ اپنے حق اور مطالبات کیلئے ڈاکٹروں کا احتجاج کرنا ان کا آئینی حق ہے لیکن انہیں اس بات کا بھی خیال رکھنا ہوگا کہ ان کی ہڑتال سے مریضوں کو کوئی دقت پیش نہ آئے ۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سبھی ڈاکٹر چاہے وہ ایلوپیتھک ہوں یا ہومیو پیتھی سے وابستہ ہوں، حکومت کے لئے سب برابر کا درجہ رکھتے ہیں ۔   یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے بیچلر آف ہومیوپیتھک میڈیسین اینڈ سرجری کے سند یافتہ ڈاکٹروں کو مہاراشٹر میڈیکل کونسل میں رجسٹرڈ کرنے کے فیصلہ پر اعتراض کرتے ہوئے ایلوپیتھک ڈاکٹروں نے ہڑتال کی تھی ۔ان کا یہ الزام تھاکہ جدید طریقہ علاج اور ہومیوپیتھک کا کوئی موازانہ نہیں ہوسکتا ۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس سے نہ صرف مریضوں کی صحت متاثر ہوگی بلکہ مریضوں کی حفاظت کا بھی خطرہ لاحق ہوگا ۔ ایلوپیتھک ڈاکٹروں کے بقول مریضوں کیلئےادویات تجویز کرنے کیلئے وسیع طبی تربیت، عملی تجربہ اور کلینکل مہارت ضروری ہے جو ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کو کئی برسوں کی تعلیم و تربیت کےبعد حاصل ہوتی ہے۔یہ ہڑتال لگاتار ۳؍ دن جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK