Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میری اتنی ستائش کسی اور معاملے پر نہیں ہوئی‘‘

Updated: May 18, 2025, 11:11 AM IST | Washington

ڈونالڈ ٹرمپ نے پھر اس بات کو دہرایا کہ انہوں نے ہند۔ پاک کے درمیان جنگ بندی کروائی ہے، دنیا بھرمیں  پذیرائی کا دعویٰ۔

Donald Trump, patting himself on the back for the Indo-Pak ceasefire. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ، ہند۔ پاک جنگ بندی پر اپنی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین جنگ بندی کروائی ہے۔ ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ خارجہ پالیسی کے میدان میں ان کی زندگی میں سب سے زیادہ جس اقدام پر ان کی ستائش کی گئی وہ یہی ہند۔ پاک کشیدگی کے دوران جنگ بندی کروانا ہے۔ انہوں نےایک روز قبلامریکہ کے’ فاکس نیوز‘ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اس نہج پر پہنچ چکی تھی کہ ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی۔ 
یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نریندر مودی کے دوست کہلاتے ہیں لیکن انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے باوجود باہمی تجارت بہت کم ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی پاکستان سے بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔ ہم پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ 
امریکی صدر کا کہنا تھاکہ’’ ہندوستان کے معاملے میں تو میں پُر اعتماد تھا تاہم پاکستان سے بھی تجارت پر بات کی ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکہ سے تجارت کرے۔ ‘‘امریکی صدر نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کوئی چھوٹی موٹی نہیں، بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں ایک دوسرے سے سخت ناراض تھے، ادلے کا بدلہ ہو رہا تھا، دونوں ملک زیادہ سے زیادہ قوت سے حملہ آور ہو رہے تھے اور بات نیوکلیئر ہتھیاروں تک پہنچ سکتی تھی۔ امریکی صدر نے کہا کہ نیوکلیئر جنگ کا تصور ہی انتہائی خطرناک اور بدنما ہے؛ یہ وہ بدنما ترین چیز ہے جو کبھی رونما ہو سکتی ہے، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اس کے بہت قریب تھے کیونکہ ایک دوسرے سے نفرت عروج پر تھی تاہم اب دونوں فریق خوش ہیں۔ سفارتکاری کے بارے میں ٹرمپ نے بتایا کہ درحقیقت انہوں نے اپنے اہلکاروں سے کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کو ٹیلی فون کریں، تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کریں، فریقین سے کہا کہ ہم تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن قائم کرنے کیلئے استعمال کر رہا ہوں، میں وعدوں پر عمل کرنے والا شخص ہوں ۔ 
انہوں نے ٹیریف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سب سے زیادہ ٹیریف لگانے والا ملک ہے، اس کی وجہ سے کاروبار کرنا تھوڑا مشکل ہو گیا تھا لیکن اب ہندوستان بھی امریکہ کے ساتھ ٹیریف سو فی صد کم کرنے پر تیار ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک دوسرے پر حملے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا لیکن امریکہ کی ثالثی کے بعد یہ سلسلہ رک گیا۔ ڈونالڈ ٹرمپ بار بار یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے یہ جنگ رکوائی ہے جبکہ حکومت ہند کا موقف ہے کہ اس نے دہشت گردی سے باز آنے کی شرط پر پاکستان سے لڑائی روک دی ہے۔ اس کے بعد سے دنیا بھر میں اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ یہ جنگ ڈونالڈ ٹرمپ نے رکوائی ہے یا دونوں ممالک کی باہمی گفتگو کے بعد تھمی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK