Inquilab Logo

خون کاعطیہ، زبان سے کہہ دینا بہت آسان ہے لیکن حقیقت میں عطیہ دینا بہت مشکل ہے : ادھو ٹھاکرے

Updated: October 09, 2021, 8:44 AM IST | Mumbai

نوراتری کے موقع پر تھانےکے ٹمبی ناکہ پر خون کے عطیہ کا ۸؍ روزہ کیمپ، وزیراعلی کے ہاتھوں آن لائن افتتاح، عوام سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ، ۸؍ سے ۱۴؍ اکتوبر تک لوگ خون دے سکیں گے

Minister of State Eknath Shinde donating blood.Picture:Inquilab
ریاستی وزیر ایکناتھ شندے خون دیتے ہوئے تصویر انقلاب

 نوراتری کے موقع  پر تھانے میں  خون کے عطیہ کاایک کیمپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ ٹمبی ناکہ پر چھترپتی شیواجی مہاراج میدان میں خون کے  عطیہ کا  ایک ہفتہ تک چلنے والا یہ کیمپ ۸؍ تا ۱۴؍ اکتوبر صبح ۸؍  بجے سے شام۵؍ بجے تک جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نےجمعہ کو اس کیمپ کاآن لائن افتتاح کیا۔  اس کیمپ کے انعقاد پر شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ  نے یقین دلایاکہ اس عطیہ سے یقینی طو ر پر بلا تفریق مریضوں کی جان بچائی جاسکے گی۔  یہ کیمپ شہری ترقیات اور تھانے کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے اور انہوںنے بھی کیمپ میں اپنے خون عطیہ  دیا۔
 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس طر ح کے کیمپ سے کورونا کے دوران ریاست میں خون کی کمی پر قابو پانے میں کارآمد ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر رکن پارلیمان شری کانت شندے ، تھانے کے میئر نریش مہسکے ، لوک ستاکے سینئر صحافی سندیپ آچاریہ اور دیگر کئی معززین موجود تھے۔  سابق شیوسینا لیڈر  آنند دیگھے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’ خون کے عطیہ کا لفظ کہنے میں بہت آسان ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کتنے لوگ واقعی خون کا عطیہ دے کر اپنا فرض ادا کرتے ہیں؟مَیں ان  تمام بھائیوں اور بہنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوںجنہوں نے ضرورت کے موقع پر  خون کا عطیہ دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ ٹمبی ناکہ کے نوراتری تہوار کو نہیں بھول سکتے  جہاںایکناتھ شندے آنند دیگھے کی شروع کردہ روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ 
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’لوگ اپنے طور پر خون عطیہ کرنے کے لئے آگے آتے دیکھے گئے ہیں۔ یہ نہیں دیکھا جاتا کہ خون کس کو دیا جاتا ہے ، بس یہ دیکھا جاتا ہے کہ اسے کسی کی جان بچانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک سماجی فرض کے طور پر خون کا عطیہ دینے پر شہریوںکی تعریف کی۔
 وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی سندیپ آچاریہ ، ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں ، محکمہ صحت کے افسران اور عملے کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ۲۰۱۰ء میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کو یاد کیا۔ اس وقت ۱۲؍گھنٹوں میں۲۵؍ ہزار سے زیادہ لوگوں نے خون کا عطیہ کیا تھا۔ یہ کہتے ہوئے کہ وہ آج اس روایت کو جاری دیکھ کر خوش ہیں ، وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر تمام خون عطیہ کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
خون کی کمی کو دورکرنے میں مدد کریں : ایک ناتھ شندے
 ریاست میں کووڈ کے بحران میں  خون کی قلت ہو رہی ہے اور اس پس منظر میں وزیر اعلیٰ نے خون کے عطیہ کی اپیل کی تھی۔ اسی کے مطابق  ٹیمبی ناکہ میں نوراتری تہوار کے موقع پر یہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ایک ناتھ شندے نے مزید کہا کہ اس سے خون کی کمی کو دور ہونے میں مدد ملے گی۔ یہ خون ہے جو بہت سے لوگوں کی زندگیاں بچاتا ہے اور تمام خون کے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے بہت کم ہے۔
 شندے نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ، تمام ڈاکٹروں ، نرسوں اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ کارکنوں کا خون کے عطیہ ہفتہ کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ خون کے عطیہ دہندگان کی شرکت کی وجہ سے یہ کیمپ کامیاب ہوگا۔اس بلڈ ڈونیشن ہفتہ میں ریاست کے مختلف بلڈ بینکوں نے حصہ لیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK