• Wed, 10 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

باربارلاڈلی بہن کی مخالفت مت کروورنہ گھر بیٹھنا پڑے گا:وزیراعلیٰ ایوان میں اپنےہی رکن اسمبلی پر برہم

Updated: December 10, 2025, 8:37 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اپنے ہی رکن اسمبلی پر برہم ہو گئے اور خبردار کیا کہ ’ بار بار لاڈلی بہن کی مخالفت مت کرو ورنہ گھر بیٹھنا پڑے گا

Devendra Fadnavis: No tolerance for ridicule over Ladli Behen scheme
دیویندر فرنویس:لاڈلی بہن اسکیم پر طنز برداشت نہیں

مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اپنے ہی رکن اسمبلی پر برہم ہو گئے اور خبردار کیا کہ ’ بار بار لاڈلی بہن کی مخالفت مت کرو ورنہ گھر بیٹھنا پڑے گا ۔ رکن اسمبلی کا قصور یہ تھا کہ  انہوں نے کہہ دیا تھا کہ ’’ شراب کے اڈوں کو بند کرانا ہی لاڈلی بہنوں کی اصل مدد ہوگی۔‘‘  فرنویس نے اسے ’لاڈلی بہن اسکیم ‘ کی مخالفت گردانتے ہوئے  یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکومت اس اسکیم کو بند نہیں ہونے دے گی۔
 قانون ساز اسمبلی میں وقفہ ٔ سوالات کے دوران غیر قانونی گٹکے کے خلاف جاری کارروائی پر بحث جاری تھی۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے اوسا حلقے (لاتور) سے رکن اسمبلی ابھیمنیو پوار نے کہا کہ غیر قانونی شراب کی نقل و حمل کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ یہ پوری ریاست میں ایک سنگین مسئلہ ہے۔  اس مسئلہ سے لاڈلی بہنیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وہ اس تعلق سے کئی بار آواز اٹھا چکے ہیں۔ یہ ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے۔پوار نے کہا  ’’ اسپیکر نے ۳؍ مرتبہ آپ ( وزیر اعلی) کےکیبن میں  بھی میٹنگیں منعقد کیںاور ریاستی حکومت کو اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لاڈلی  بہنوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان کا اصل دکھ غیر قانونی شراب کی فروخت ہے۔‘‘  نوجوان رکن اسمبلی نے اس  بات پر زور دیا کہ ’’ غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائی ہی لاڈلی بہنوں کی اصل مدد ہوگی۔‘‘   
  یاد رہے کہ ابھیمنیو پوار رکن اسمبلی بننے سے پہلے دیویندر فرنویس کے پی اے ہوا کرتے تھے۔  وہ جس موضوع پر سوال اٹھا رہے تھے وہ وزارت داخلہ کے  تحت آتا ہےجس کا چارج خود دیویندر فرنویس کے پاس ہے۔ یعنی بالواسطہ یہ طنز دیویندر فرنویس پر تھا۔ ان کے یوں بار بار ’لاڈلی بہن اسکیم‘ کو بطور طنز استعمال کرنے پر  وزیر اعلیٰ برہم ہو گئے۔ جب وہ جواب دینے کیلئے کھڑے ہوئے تو انہوں نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ ’’ صدر صاحب میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہر بات کو  لاڈلی بہن اسکیم  نہ جوڑیں، بار بار لاڈلی بہنوں کی مخالفت نہ کریں ورنہ گھر بیٹھنا پڑے گا۔‘‘  ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’ لاڈلی بہنوں کے پیسے جاری رہیں گے۔ یہ اسکیم بند نہیں ہوگی۔‘‘ شراب کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے یقین دلایاکہ’’ شراب کی غیر قانونی فروخت کے تعلق سے اگر اسپیکر کے دفتر میں میٹنگیں ہوئی ہوں گی اور انہوںنے کوئی حکم دیاہوگا تو اس کی ضرور جانچ کی جائے گی کہ اس پر عمل کیوں نہیں کیا گیا اور اس حکم کا عمل درآمدکیاجائے گا۔‘‘انہوں نے کہا’’ریاستی حکومت بھی غیر قانونی شراب کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور انتظامیہ کو مزید تیزی سے کارروائی کرنے کے احکامات دیئے جائیں گے۔‘‘یاد رہے کہ اس سے قبل کانگریس کی جیوتی گائیکواڑ نے بھی ایوان میںگفتگو کرتے ہوئے لاڈلی بہن اسکیم کا نام لیا تھا ۔اس کو دیویندر فرنویس نے لاڈلی بہن اسکیم پر طنز سمجھ لیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کوئی مسئلہ اگر حل نہ ہوا ہو، یا کوئی کام رکا ہوا ہو تو اس کا تعلق لاڈلی بہن اسکیم سے نہ جوڑا جائے۔ وہ مسئلہ بھی حل کیا جائے گا اور لاڈلی بہن اسکیم کو بھی جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK