Inquilab Logo

بارش کی پیش گوئی کیلئے ممبئی اور مضافات میں نصب ڈوپلر رڈار بند

Updated: September 25, 2023, 11:29 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ماضی میں بھی موسم باراں اور طوفان کے وقت یہ رڈار بند پڑے تھے۔ کئی مرتبہ بارش کی پیش گوئی غلط ثابت ہوچکی ہے۔ جھیلوں میں ۶۸ء۹۸؍ فیصد پانی ذخیرہ، گزشتہ ۲؍ برسوں کے مقابلے سطح آب میں معمولی کمی۔

Due to the shutdown of the Doppler radar, rainfall cannot be predicted correctly, causing problems to the citizens. Photo: INN
ڈوپلر رڈار کے بند ہونے سے بارش کی صحیح پیش گوئی نہیں کی جاسکتی جس سے شہریوں کو دشواری پیش آتی ہے۔ تصویر:آئی این این

ممبئی میں نصب کیا گیا ڈوپلر رڈار بند پڑا ہے جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات کیلئے بارش کے تعلق سے صحیح پیش گوئی کرنا مزید دشوار ہوگیا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ممبئی میں مضافات کے مقابلے زیادہ بارش ہوئی ہے اور جھیلوں پر بھی زیادہ بارش نہیں ہوئی جس کے سبب جھیلوں میں پانی کی سطح پچھلے چند دنوں سے ۹۸؍ فیصد سے کچھ زیادہ پر رکی ہوئی ہے۔ 
 واضح رہے کہ ڈوپلر رڈارہر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ میں بادلوں کی جانچ کرتا ہے اور بارش کے تعلق سے تفصیلات مہیا کرتا ہے۔ عام طور پر اس راڈار کی قوت ۲۵۰؍کلو میٹر کے رقبہ کی ہوتی ہے۔ البتہ قلابہ اور جوگیشوری کے ویلاوری میں نصب کئے گئے ڈوپلر رڈار فی الوقت کام نہیں کررہے اور اس سال بھی برسات کے تعلق سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کئی مرتبہ غلط ثابت ہوچکی ہے۔ 
جب سے مذکورہ دونوں ڈوپلر رڈار نصب کئے گئے ہیں تب سے کئی اہم مواقعوں پر یہ بند پائے گئے ہیں مثلاً ۲۰۲۱ء میں جب اوچکی طوفان ممبئی کو چھو کر گزرا تھا تب بھی یہ ڈوپلر راڈار بند پڑے تھے اور گزشتہ برس جون میں بھی یہ کام نہیں کر رہے تھے۔ یہی حال اس سال بھی ہے۔
جنوبی ممبئی میں معتدل مگر لگاتار بارش
محکمہ موسمیات کے ذریعہ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ممبئی میں مضافات سے زیادہ برسات ہوئی ہے۔ اتوار کو سانتاکروز میں صبح ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۶ء۱؍ ملی میٹر اور اتوار کی صبح سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ۱۰ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف قلابہ میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۲۱؍ ملی میٹر اور اتوار کی صبح سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ۲ء۶؍ ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ سنیچر کو قلابہ میں ۱۵ء۸؍ ایم ایم اور سانتا کروز میں ۵ء۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے مقابلے جمعہ کو سانتاکروز میں محض ایک ملی میٹر جبکہ قلابہ میں ۷۶ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
جھیلوں میں ۹۸ء۶۸؍ فیصد پانی
اس ماہ ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر بھی زیادہ بارش نہیں ہورہی جس کی وجہ سے ممبئی واسیوں کیلئے پورے سال کا پانی کا مسئلہ پوری طرح حل نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ جھیلوں میں پانی کی سطح اتنی پہنچ چکی ہے کہ اگر پانی کٹوتی کی نوبت آئی تو وہ مقدار زیادہ نہیں ہوگی۔
اتوار کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ ۹۸ء۶۸؍ فیصد تھا۔ اگرچہ ان جھیلوں میں ۲۱؍ ستمبر (جمعرات) کو ہی ۹۸ء۲۷؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا تھا لیکن ان ۴؍ دنوں کے دوران جھیلوں سے روزانہ پانی سپلائی ہورہا ہے اور کبھی کم کبھی زیادہ بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے پانی کی سطح ۹۸؍ فیصد پر ہی رکی ہوئی ہے۔ گزشتہ برس اسی تاریخ کو ان جھیلوں میں ۹۸ء۹۷؍ فیصد جبکہ ۲۰۲۱ء میں ۹۹ء۰۷؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔
 ممبئی کو سب سے زیادہ پانی بھاتسا اور مڈل ویترنا جھیلوں سے ملتا ہے اور اتوار کو بھاتسا جھیل میں ۹۸ء۲۰؍ فیصد اور مڈل ویترنا میں ۹۷ء۸۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا لیکن تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر ان دنوں جھیلوں کے چند گیٹ ۱۸؍ ستمبر سے کھول دیئے گئے ہیں ۔
 واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو جھیلوں میں دستیاب پانی کی بنیاد پر ممبئی میں سال بھر پانی سپلائی کے تعلق سے حکمت عملی طے کی جاتی ہے اور اسی وقت پانی کٹوتی کرنے یا نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا جاتا ہے۔
اتوار کو شہر و مضافات میں درخت گرنے کے ۲؍ واقعات، شارٹ سرکٹ کے ۶؍ حادثات اور مکان کا حصہ گرنے کا ایک حادثہ ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK