• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کے ڈی ایم سی الیکشن کیلئےمحفوظ وارڈوںکی قرعہ اندازی

Updated: November 12, 2025, 12:18 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

مختلف پسماندہ طبقات ، قبائل ،خواتین اور اوپن زمرے کی خواتین کیلئے نشستوں کا تعین کیا گیا۔

A schoolgirl draws a lottery ticket. Photo: INN
ایک اسکولی طالبہ قرعہ اندازی کیلئے پرچی نکال رہی ہے۔ تصویر:آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن ( کے ڈی ایم سی) کے عام میونسپل انتخابات کیلئے ۱۲۲؍ ممبران کے انتخاب کیلئے وارڈ ریزرویشن کی قرعہ ا ندازی کی گئی ۔  اس موقع پر مختلف طبقات،درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقے، خواتین اور عام زمرے کی خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کا تعین کیا گیا۔ اس اعلان کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے ممکنہ امیدواروں کے ساتھ عام شہری بھی الجھن میں مبتلا نظر آئے۔
منگل کو آچاریہ اترے رنگ مندر میں میونسپل کمشنر ابھینو گوئل کی صدارت میں قرعہ اندازی کی گئی ۔پہلی مرتبہ کے ڈی ایم سی  انتخابات میں کثیررکنی وارڈ نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ مختلف طبقات کے درمیان قرعہ اندازی کے ذریعےریزرویشن کا تعین کیا گیا۔ اس تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ میونسپل الیکشن کے پرانے وارڈ وں کے نام منسوخ کر دیے گئے جس سے سابقہ کارپوریٹرز اور نئے امیدوار اپنے وارڈ کی زمرہ بندی کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں۔کے ڈی ایم سی میں اس بار ۱۲۲؍ نشستوں کیلئے انتخاب ہوگا۔ ان میں سے ۲۹؍ وارڈ۴؍ رکنی اور ۲؍ وارڈ ۳؍ رکنی ہوں گے، اس طرح کل ۳۱ ؍وارڈز ہوں گے۔ ان ۱۲۲؍ نشستوں میں سے ۱۲؍ نشستیں درج فہرست ذاتوں کے لیے، ۳؍ درج فہرست قبائل کے لیے، ۳۲؍ پسماندہ طبقات کے لیے اور باقی ۷۵؍ نشستیں عام زمرے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
کل نشستوں میں سے ۶۱؍ نشستیں خواتین کے لیے مخصوص رکھی گئی ہیں ۔جن میں ۶؍ درج فہرست ذات (خواتین)، ۲ ؍درج فہرست قبائل (خواتین)، ۱۶؍ پسماندہ طبقات (خواتین) اور ۳۷؍ عام زمرے (خواتین) کی نشستیں شامل ہیں۔یہ ریزرویشن تفصیلات اب ریاستی الیکشن کمیشن کو منظوری کیلئے بھیجی جائیں گی ۔ کمیشن کی منظوری کے بعد ۱۷ نومبر ۲۰۲۵ء کو اس ریزرویشن کی ڈرافٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ شہری ۱۷ نومبر سے ۲۴ نومبر ۲۰۲۵ء کے درمیان اس ڈرافٹ پر اپنے اعتراضات اور تجاویز میونسپل الیکشن دفتر، ہیڈکوارٹر میں جمع کرا سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK