ان مقامات کو نشہ کے عادی افراد سے پاک کرنے کیلئے بی ایم سی اور پولیس کی مشترکہ میٹنگ لی جائے گی: حکومت،رکن اسمبلی دلیپ پانڈے(ماما) نےیہ معاملہ اٹھایا۔
EPAPER
Updated: March 01, 2026, 1:49 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ان مقامات کو نشہ کے عادی افراد سے پاک کرنے کیلئے بی ایم سی اور پولیس کی مشترکہ میٹنگ لی جائے گی: حکومت،رکن اسمبلی دلیپ پانڈے(ماما) نےیہ معاملہ اٹھایا۔
ممبئی کے ودھان بھون میں جاری مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں سنیچر کو ممبئی کے گارڈنس، میدانوں اور کھلی جگہوںپر نشہ کرنے والوں کی آماجگاہ بننے کا معاملہ شدت کے ساتھ ایوان اسمبلی میں اٹھایا گیا۔ اراکین اسمبلی نے بتایاکہ نشہ کے عادی افراد کے قبضہ کی وجہ سے عام شہری،معمر، خواتین اور بچے ان عوامی مقامات پر جانے سے گھبراتے اور کتراتے ہیں۔ اراکین نے مطالبہ کیاکہ ان عوامی مقامات کو ان نشے کے عادی افراد سے پاک کیا جائے۔ اراکین نےیہ بھی کہا کہ متعدد گارڈن کے سیکوریٹی گارڈ خود بھی شراب پیتے ہیں، لہٰذا حکومت کو اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ضروری اقدام کرنے چاہئیں۔ حکومت کی جانب سے کابینی وزیر شمبھو راج دیسائی نے ایوان اسمبلی کو یقین دلایاکہ ’’نشہ کرنے والوں سے گارڈن، میدان اور اسی طرح دیگر کھلی جگہوں کو پاک کرنے کیلئے پولیس اہلکاروں کا گشت اور سرپرائز وزٹ بڑھائی جائے گی،اس کے ساتھ ہی پولیس اور بی ایم سی کے افسران کے ساتھ مشترکہ میٹنگ منعقد کر کےضروری اقدام کئے جائیں گے۔‘‘رکن اسمبلی دلیپ پانڈے(ماما) نے توجہ طلب نوٹس کے ذریعے یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کے اسمبلی حلقہ چاندیولی میں متعدد میدان اور گارڈن، اوپن جم اور دیگرکھلی جگہیں نشے کرنے کی اڈہ بن گئے ہیں۔ ان کے آس پاس بڑے پیمانے پر نشیلی اشیاء کی فروخت ہورہی ہے۔یہی حال ممبئی کے دیگر گارڈن، میدان اور کھلی جگہوں کا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رمضان المبارک میں ہاکرس کیخلاف کارروائی پر اعتراض
رکن اسمبلی منیشا چودھری نے الزام لگایا کہ ٹھیکیدار سیکوریٹی ایجنسی سے جو سیکوریٹی کو تعینات کیا جاتا ہے وہ بھی شراب پیتے ہیں اس لئے میرا مطالبہ ہے کہ سبکدوش فوجیوں ہی کو گارڈنوں اور میدانوں کی سیکوریٹی کی ذمہ داری دی جائے۔ اس کے علاوہ گارڈنس کی لائٹ اکثر بند رکھی جاتی ہے جس سے نشہ کرنے والوںکیلئے آسانی ہوتی ہے۔
اس دوران رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے بتایاکہ ’’مانخورد شیواجی نگر نشہ خوروں اور منشیات فروشوں کا اڈہ بن گیا ہے۔یہاں کے میدان،گارڈن اور خالی جگہوں پر نشہ کے عادی افراد کا قبضہ ہے۔‘‘