Inquilab Logo

ٹی بی کی دوا کی قلت بر قرار،میڈیکل اسٹور پر بھی دستیاب نہیں، مریض پریشان

Updated: September 14, 2023, 10:14 AM IST | saadat khan | Mumbai

ٹی بی آفیسر نے وضاحت کی کہ مرکز سے دوائیں مطلوبہ تعداد میں نہیں آرہی ہیں،دوسری ریاستوں سے دوائیں منگوائی جارہی ہیں،دوائیں جلدازجلد پہنچا ئی جائیں گی

Medicines are also not available in the TB hospital in Sion
سائن میں واقع ٹی بی اسپتال میں بھی دوائیں نہیں مل رہی ہیں

ٹی بی کی دوائوں کی قلت کا معاملہ ہنوز برقرار ہونےسےمتعدد مریض وقت پر دوانہ ملنے سے پریشان ہیں۔دوا کا ناغہ ہونے سے کچھ مریض مخمصے میں ہیں ۔ ٹی بی کلینک اور ڈاٹ سینٹروں کے علاوہ اب تو نجی میڈیکل اسٹورپربھی ٹی بی کی کچھ دوائیں دستیاب نہیں ہیںجس سے مریض علاج ترک کرنے پر مجبور ہیں ۔ محکمہ ٹی بی کی طرف سےڈاٹ سینٹروں کو باہر سے دوا خریدنے کیلئے دی جانے والی رقم کے ناکافی ہونے کی بھی شکایتیں سامنے آرہی ہیں ۔
 مدنپورہ کے افتخار انصاری نےبتایا کہ ’’میری ۱۴؍ سالہ بیٹی ایم آرڈی ٹی بی میں مبتلا ہے۔اس کا علاج جے جےاسپتال سے جاری ہے۔اُسے روزانہ تقریباً ۷؍ دوائیںکھانی ہوتی ہیں لیکن سائیکلوسیرین ، لائنزولڈ اور کلوفازیمائن نامی دوائیں اسپتال میں دستیاب نہیں ہیں ۔ جس سےعلاج جاری رکھنے میں دشواری ہو رہی ہے ۔ ایک توبازار میں یہ دوائیں کافی مہنگی ہیں دوسرے اب میڈیکل اسٹورپربھی یہ دوائیں نہیں مل رہی ہیںجس سے مشکل بڑھ گئی ہے۔یہ تو اچھا ہے کہ ان دوائوں کا ایک پتا بیلنس میں موجود ہے ۔ اس لئے ابھی میری بیٹی کا ناغہ تو نہیں ہوا ہے لیکن آئندہ ۲؍ دنوں میں اگر دوا نہیں ملی تو پریشانی ہوگی ۔ ‘‘ انہوں نےیہ بتایا کہ ’’ ای وارڈ کے ڈاٹ سینٹر جا کر ہم نےدوا کےبارے میں معلومات حاصل کی ہے۔ یہاں کے ذمہ داران کاکہنا ہے کہ فی الحال دوا نہیں ہے لیکن جلد ہی دوا کا انتظام کیا جائےگا۔دواآتے ہی اطلاع دی جائے گی ۔ ‘‘
 بھیونڈی ،شانتی نگر کے سید راشد نے بتایا کہ ’’ میری بہو ایم ڈی آر ٹی بی میں مبتلا ہے ۔ اس کا علاج گائتری نگر ڈاٹ سینٹربھیونڈی سےجاری ہے۔ سائیکلوسیرین، لائنزولڈاورکلوفازیمائن ٹیبلٹ کےنہ ملنے سے گزشتہ ۲؍ دنوںسے اس کی دوا کاناغہ ہورہاہے۔سائیکلوسیرین کا ۶؍ ٹیبلٹ کا ایک پتا ۴۶۰؍ روپے کاملتا ہے ۔ روزانہ ۲؍گولی کھانی ہےلیکن گزشتہ ۲؍ دنوں سے دوانہ ہونے سے وہ دوانہیں کھا رہی ہے ۔ایک تو دوا بہت مہنگی ، دوسرے بازار میں مل نہیں رہی ہے۔ جس سے بڑی پریشانی ہورہی ہے۔ ۲؍ دن پہلے پورے بھیونڈی کےمیڈیکل اسٹور میںدوا نہ ملنے کی صورت میں ، میں تھانے گیا،وہاں بھی بڑی مشکل سے ایک میڈیکل اسٹور پر سائیکلوسیرین کا ایک پتا ملاتھا ۔ اب تھانےمیں بھی یہ دوا نہیں مل رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے دوا کاناغہ ہورہا ہے ۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ دوا ناغہ ہونے کی اطلاع ڈاٹ سینٹرکے انچارج کوبھی دے دی ہے۔جب ان سے پوچھا گیاکہ دوا کا ناغہ ہونے پر کیا کرنا ہوگا۔اس سوال پرانہوںنے بتایا کہ ۴۔۲؍ دنوں کے ناغےسے کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔ لیکن سمجھ میں نہیں آرہا ہےکہ اگر مزید کچھ دنوں تک دوا نہیں ملی تواس مسئلہ کوکیسے حل کیا جائے گا ؟‘‘
  میڈیکل سوشل ورکر شعیب ہاشمی نے اس تعلق سے بتایاکہ ’’مجھے روزانہ دوا کی کمی سےمتعلق متعدد فون آرہے ہیں۔ایم ڈی آر ٹی بی کے مریض کچھ زیادہ ہی پریشان ہیںکیونکہ انہیں متواتر ۱۸؍مہینے تک دوا کاکورس پورا کرنا ہوتاہے۔ دوا کا ناغہ ہونے پر کورس ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سےایم ڈی آر ٹی بی کے مریض تذبذب میں مبتلا ہیں۔ دوسرے ایم ڈی آر ٹی بی کی دوائیں بڑی مہنگی ہیں۔ غریب مریضوں کیلئے ان دوائوںکا بازار سے خریدنامحال ہے۔ساتھ ہی بازارمیں بھی ان دوائوںکی قلت سے کئی مریض دواکاناغہ کرنے پرمجبورہیں۔ ‘‘
       مضافاتی ممبئی کے ایک ڈاٹ سینٹر کے ذمہ دار نے بتایا کہ ’’ ٹی بی کی دوائوں کی قلت سے دن بدن معاملہ خراب ہورہاہے۔غریب مریض جو بازار سے دوا نہیں خرید سکتے وہ علاج ادھوراچھوڑنےپرمجبورہیں۔حالانکہ متعلقہ محکمہ نے ہمیں ایک دوا بازار سے خریدنے کیلئے فنڈ مختص کیا ہے لیکن یہ فنڈ ناکافی ہے۔جس کی وجہ سے مطلوبہ تعدا د میں دوا نہیں خرید پا رہے ہیںجس سے مریضوں کو دوا نہیں مل رہی ہے۔ علاوہ ازیں اب بازار میں بھی دوائوںکی قلت ہے ۔ جن فارماکمپنیوں سے ہم دوا خریدتے ہیں،انہوںنے بھی معذرت چاہی ہے اور کہا ہے کہ اگر ابھی دواکا آرڈر دیں گے تو ۲؍مہینے بعد دوا ملے گی ۔ اس طرح کے متعدد مسائل ہیں۔جن سے ٹی بی کےمریضوںکےعلاج میں دشواری ہورہی ہے۔‘‘
   سٹی ٹی بی آفیسرورشاپوری سے استفسار کرنے پر انہوںنےبتایا کہ ’’ ٹی بی کی کچھ دوائوں کی کمی ضرور ہے کیونکہ مرکز سے دوائیں مطلوبہ تعداد میں نہیں آرہی ہیں ۔ اس کےباوجود جن ریاستوں میں دوائوں کامعقول اسٹاک ہےوہاں سے دوائیں منگوائی جارہی ہیں۔ابھی گجرات سے سائیکلو سیرین کا نیااسٹاک آیا ہے۔جسے جلد ہی سینٹروںپرروانہ کیا جائےگا۔ لائنزولڈ کی ۶۵؍ ہزار ٹیبلٹ سینٹروںپر پہنچا دی گئی ہیں ۔جمعہ کو مزید ایک لاکھ ٹیبلٹ کے آنے کی توقع ہے ۔ سائیکلوسیرین کانیا اسٹاک بھی جلد آجائےگا۔کلوفازیمائن کی ایک ٹیبلٹ کی قیمت ۳۔۶؍ روپے کےدرمیا ن ہے ۔ جسے باہر سے خریدنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ جس کیلئے ہر سینٹرکو ۵؍ ہزار روپے کافنڈ دیاگیا ہے۔جس سےسینٹروںکو کلوفازیمائن دوا باہر سے خریدنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس لئے ناکافی فنڈ دیئے جانے سے متعلق جو شکایت کی جار ہی ہے وہ غلط ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK