Updated: December 25, 2025, 2:10 PM IST
|
Agency
| Rabat
الیاس عاشوری کےشاندار ڈبل گول کی بدولت تیونس کی یوگنڈا پر۱-۳؍ سے فتح ،تیونس گروپ ’سی ‘میں سر فہرست۔
تیونس کے کھلاڑی الیاس عاشوری۔ تصویر: آئی این این
تیونس نے افریقہ کپ آف نیشنز کے اپنے افتتاحی میچ میں الیاس عاشوری کےشاندار ڈبل گول کی بدولت یوگنڈا کو ۱-۳؍سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔ اے ایف پی کے مطابق بارش سے متاثرہ میچ مراکش کے دارالحکومت رباط کے اولمپکس سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔میچ کا آغاز تیونس کے لیے شاندار رہا، جب الیاس سخیری نے دسویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم تیونس کو یوگنڈا کے خلاف ۰-۱؍کی برتری دلائی۔
اس کے بعد ایف سی کوپن ہیگن کے ونگر الیاس عاشوری نے ہاف ٹائم سے قبل ایک خوبصورت گول کر کے مقابلہ۰-۲؍ کر دیا۔ الیاس عاشوری نے دوسرے ہاف میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کر کے مقابلہ۰-۳؍ کر دیا۔یوگنڈا کی جانب سے ڈینس اومیڈی نے اضافی وقت میں ایک گول کر کے خسارہ کچھ کم کیا، تاہم تیونس کی جیت پر کوئی اثر نہ پڑ سکا ۔ اس کامیابی کے ساتھ۳؍قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد تیونس گروپ’ سی‘ میں سر فہرست آ گیا ہے جہاں نائیجیریابھی تنزانیہ پر۱-۲؍ کی فتح کے بعد برابر پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے مگر گول ڈیفرنس میں پیچھے ہے۔ میچ کے بعد الیاس عاشوری نے کہا کہ میں میچ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں ۔ ہم ٹورنامنٹ کا آغاز بہترین انداز میں کرنا چاہتے تھے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔تیونس کا آئندہ میچ۲۷؍ دسمبر کو نائیجیریا کے خلاف ہے۔