Updated: December 25, 2025, 10:03 PM IST
| Lisbon
کرسٹیانو رونالڈو ۹۵۵؍ گولز کے ساتھ ایک ہزار کے تاریخی سنگِ میل کے قریب ہیں، مگر ان کے کوچ رابرٹو مارٹینز کے مطابق وہ ریکارڈز کے بجائے روزمرہ کی بہترین کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء رونالڈو کا اگلا بڑا امتحان ہوگا، جہاں ان کی قیادت اور تجربہ پرتگال کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو اپنے کوچ رابرٹو مارٹینز کے ساتھ خوشگوار موڈ میں۔ تصویر: آئی این این
فٹبال کے عالمی آئیکون کرسٹیانو رونالڈو اپنے شاندار کریئر میں ایک ہزار گولز کے تاریخی سنگِ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس وقت ان کے مجموعی گولز کی تعداد ۹۵۵؍ ہے، یعنی چار اعداد کی دنیا میں داخل ہونے کیلئے انہیں مزید ۴۵؍ گول درکار ہیں۔ ۴۰؍ برس کی عمر کے باوجود، رونالڈو کلب اور قومی ٹیم، دونوں کیلئے، اسکورنگ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رونالڈو کے کریئر کا اگلا بڑا ہدف فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء ہے، جہاں وہ پرتگال کو اپنے پہلے عالمی کپ ٹائٹل کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔ تاہم، پرتگالی ٹیم کے کوچ رابرٹو مارٹینز کے مطابق، رونالڈو ذاتی سنگِ میلوں کے بجائے موجودہ لمحے پر توجہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ڈریم ۱۱؍ کی اسپانسر شپ سے الگ ہونے کے بعدبی سی سی آئی کی مالی پوزیشن مستحکم
گول ڈاٹ کام سے گفتگو میں مارٹینز نے کہا کہ ’’وہ اپنے کریئر کے ایک بہترین مرحلے میں ہیں، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ لمحۂ موجود میں جیتے ہیں۔ وہ طویل المدتی اہداف، جیسے ایک ہزار گیمز یا مخصوص میچز، پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ ان کا راز یہ ہے کہ وہ ہر دن اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اعداد و شمار تو اس دن خود سامنے آ جائیں گے جس دن وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کریں گے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ ان کا کوئی براہِ راست مقصد ہے۔‘‘ مارٹینز نے پرتگالی قومی ٹیم کیلئے رونالڈو کی اہمیت کا بھی بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ بہترین بننے کی ان کی خواہش ٹیم پر مثبت اور ’’متعدی‘‘ اثر ڈالتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رونالڈو کی سعودی عرب میں پرتعیش ولاز کے مالک بننے کے بعد تصاویر وائرل
یاد رہے کہ اس سال کے آغاز میں ریپبلک آف آئرلینڈ کے خلاف ۱۔۲؍ کی شکست کے بعد رونالڈو کی ٹیم میں شمولیت پر سوالات اٹھے تھے۔ تاہم، اگلے میچ میںجس میں رونالڈو شریک نہیں تھے،پرتگال نے آرمینیا کو ۹۔۱؍ سے شکست دی، جس کے بعد بحث مزید تیز ہو گئی۔ اس پر وضاحت کرتے ہوئے مارٹینز نے کہا کہ ’’ہم تین ستونوں کا مسلسل جائزہ لیتے ہیں: ٹیلنٹ، تجربہ، اور وہ رویہ جو رونالڈو قومی ٹیم میں لاتے ہیں۔ وہ خود سے بلند ترین معیار کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہی رویہ انہیں فہرست میں برقرار رکھتا ہے۔ بہترین بننے کی بھوک متعدی ہوتی ہے۔ ۳۰؍ میچوں میں ۲۵؍ گول، ایک اسٹرائیکر کے طور پر، ان کی کارکردگی خود بولتی ہے، اور قومی ٹیم کو فائدہ پہنچاتی ہے۔‘‘