Updated: December 26, 2025, 12:28 PM IST
|
Agency
| Madgaon
اے ایف سی چمپئن لیگ۔۲؍ کے گروپ’ ڈی‘ کے آخری معرکے میں فٹ بال کے مداحوں کو ایک ایسا مقابلہ دیکھنے کو ملا جو جذبات اور سنسنی کی انتہا کو چھو گیا۔
گوا ایف سی اور استقلال کے درمیان میچ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
اے ایف سی چمپئن لیگ۔۲؍ کے گروپ’ ڈی‘ کے آخری معرکے میں فٹ بال کے مداحوں کو ایک ایسا مقابلہ دیکھنے کو ملا جو جذبات اور سنسنی کی انتہا کو چھو گیا۔ پنڈت جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں تاجکستان کے کلب استقلال نے دوسرے ہاف میں برق رفتاری پیش کرتے ہوئے گھریلو ٹیم ایف سی گوا سے دوایک سے فتح چھین لی۔کھیل کے آٹھویں منٹ میں ڈیزان ڈرازک نے گیند کو حریف کے جال میں ڈال کر اسٹیڈیم میں خوشیوں کا طوفان برپا کر دیا۔ایک صفرکی اس برتری نے مقامی شائقین کے حوصلے بلند کر دئیے اور پہلے ہاف کے اختتام تک گوا نے اپنی برتری کو برقرار رکھا حالانکہ استقلال کے امیر بیک اور سیاوش کے حملوں نے گوا کے دفاع کو مسلسل جھنجھوڑے رکھا۔
دوسرے ہاف کا آغاز ہوتے ہی کہانی نے پلٹا کھایا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں ایف سی گوا کے ہرش پاترے کا ایک کمزور بیک پاس ٹیم کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ استقلال کے کومولافے نے چیتے جیسی پھرتی دکھائی اور گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔ ابھی گوا کی ٹیم سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ ۳؍ منٹ بعد پول مورینو کی ہینڈ بال نے استقلال کو پنالٹی کا سنہرا موقع فراہم کر دیا۔
کھیل کے ۵۶؍ ویں منٹ میں امیر بیک جورابویو نے پنالٹی اسپاٹ سے گیند کو انتہائی مہارت سے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو دوایک کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ میچ کے آخری لمحات میں ایف سی گوا نے اسکور برابر کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، حملوں کی بوچھاڑ کی مگر استقلال کی دفاعی دیوار آہنی ثابت ہوئی اور گوا کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں۔